۴۱۔ سورۃ فصلت
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور اگر شیطان (یعنی حق سے دور ہستی) تجھے تکلیف پہنچائے تو (فوراً اس کا بدلہ لینے کے لئے تیار نہ ہو جایا کر بلکہ) اللہ سے پناہ مانگا کر (کہ وہ تجھے اس ادنیٰ درجہ کے خلق سے بچائے) اللہ یقیناً بہت سننے والا (اور) بہت جاننے والا ہے۔
اور اس کے نشانوں میں سے رات بھی ہے اور دن بھی اور سورج بھی ہے اور چاند بھی۔ نہ سورج کو سجدہ کرو نہ چاند کو۔ بلکہ صرف اللہ کو جس نے ان دونوں کو پیدا کیا ہے، سجدہ کرو اگر تم پکے موحد ہو۔
پھر اگر یہ لوگ تکبر کریں، تو یاد رکھ کہ وہ لوگ جو تیرے رب کے مقرب ہیں وہ رات اور دن اسی کی تسبیح کرتے ہیں اور وہ کبھی نہیں تھکتے۔
اور اس کے نشانوں میں سے (ایک نشان) یہ بھی ہے کہ تو زمین کو (بعض وقتوں میں) ویران دیکھتا ہے پھر جب ہم اس پر پانی اتارتے ہیں تو وہ ایک نئی زندگی پا لیتی ہے اور (سبزی کو) خوب بڑھاتی[1] ہے۔ وہ (خدا) جس نے اس (زمین) کو زندہ کیا ہے وہ یقیناً مردوں کو بھی زندہ کرے گا۔ وہ ہر ایک چیز پر قادر ہے۔
[1] قرآن کریم میں اور دوسری زبانوں میں کبھی کبھی تَقْلِیْبِ نسبت بھی استعمال کی جاتی ہے۔ مثلاً کہتے ہیں پرنالہ چلتا ہے، حالانکہ پرنالہ کبھی نہیں چلتا بلکہ پانی چلتا ہے اسی طرح کہتے ہیں سورج زمین کے گرد چکر کھا رہا ہے حالانکہ ادنیٰ غور سے بھی معلوم ہو سکتا ہے کہ سورج زمین کے گرد چکر نہیں کھا رہا بلکہ زمین سورج کے گرد چکر کھا رہی ہے یا اسی طرح تیز گاڑی میں بیٹھے ہوئے سڑک پر درخت ہوں تو انسان سمجھتا ہے کہ درخت بھاگے جا رہے ہیں، حالانکہ درخت نہیں بھاگ رہے ہوتے بلکہ گاڑی بھاگ رہی ہوتی ہے۔ اسی طرح یہاں بھی تقلیبِ نسبت سے کام لیا گیا ہے یعنی اِھْتَزَّتْ وَ رَبَتْ کہا گیا ہے۔ حالانکہ نہ تو زمین ُپھوٹنے لگتی ہے اور نہ اُگنے لگتی ہے۔ بلکہ پھوٹتی بھی اندر سے سبزی ہے اور اُگتی بھی سبزی ہے۔ پس تَقْلِیْبِ نسبت کے طور پر جیسے کہتے ہیں ’’پرنالہ چلتا ہے‘‘ کہہ دیا گیا ہے کہ زمین جوش میں آجاتی ہے اور اُگنے لگتی ہے۔
وہ لوگ جو ہماری آیات میں سے پیچ در پیچ غلط باتیں نکالتے رہتے ہیں وہ ہم سے مخفی نہیں۔ کیا وہ شخص جو دوزخ میں ڈالا جائے زیادہ اچھا ہے یا وہ جو قیامت کے دن امن کے ساتھ (ہمارے پاس) آئے۔ (اے لوگو) جو کچھ چاہو[2] کرو۔ اللہ تمہارے اعمال کو اچھی طرح دیکھ رہا ہے۔
[2] اِعْمَلُوْا مَاشِئْتُمْ کے معنے یہ ہیں کہ انسان اپنے اعمال میں مجبور نہیں۔ یہ مطلب نہیں کہ جو مرضی آئے کرے اس پر کوئی گرفت نہیں ہوگی۔ کیونکہ خداتعالیٰ نے نیکی بھی ظاہر کر دی ہے اور بدی بھی ظاہر کر دی ہے۔ اب باوجودنیکی کے جاننے کے اگر کوئی شخص بدی کرتا ہے تو وہ خود ذمہ دار ہے اور ہم اس کے متعلق یہی کہیں گے کہ وہ اپنی مرضی سے بدی کو اختیار کر رہا ہے یہ نہیں کہیں گے کہ اس پر جبر ہو رہا ہے۔
وہ لوگ جو کہ اس ذکر (یعنی قرآن) کا جب وہ ان کے پاس آیا انکار کرتے ہیں حالانکہ وہ ایک بڑی عزت والی کتاب ہے (وہ اپنی تباہی کا سامان اپنے ہاتھوں کر رہے ہیں)۔
باطل نہ اس کے آگے سے[1] آسکتا ہے نہ اس کے پیچھے سے، بڑی حکمتوں والے اور بڑی تعریفوں والے خدا کی طرف سے وہ اترا ہے۔
[1] یعنی یہ ایسی کتاب ہے کہ نہ اس کے سامنے باطل ٹھہر سکتا ہے اور نہ اس کی تعلیم کے جاری کرنے کے نتیجہ میں باطل کو کوئی مدد مل سکتی ہے۔ یہ اس لئے ہے کہ اس قرآن کو بڑی حکمت والے اور بڑی تعریفوں والے خدا کی طرف سے اتار گیا ہے۔
تجھ سے صرف وہی باتیں کہی جاتی ہیں۔ جو تجھ سے پہلے رسولوں سے کہی گئی تھیں۔ تیرا رب بڑی بخشش والا ہے اور اس کا عذاب بھی دردناک ہوتا ہے۔
اگر ہم اس قرآن کو اعجمی بناتے (یعنی عربی زبان کے سوا کسی اور زبان میں اتارتے) تو وہ (مکے والے) کہہ سکتے تھے کہ اس کی آیتیں کھول کر کیوں نہیں بیان کی گئیں۔ کیا اعجمی زبان اور عربی نبی کوئی بھی مشابہت رکھتے ہیں؟ تو کہہ دے وہ مومنوں کے لئے ہدایت اور شفا[2] رکھتا ہے (یعنی عربی میں اتارا گیا ہے اور مکہ کے لوگ اسے سمجھ سکتے ہیں) اور جو ایمان ہی نہیں لاتے ان کے کانوں میں تو بہرا پن ہے اور وہ (یعنی اس کی حقیقت) ان پر مخفی ہے وہ لوگ ایسے ہی ہیں جیسے کسی کو دور کی جگہ[3] سے پکارا جائے۔
[2] مطلب یہ ہے کہ جو نبی ساری دنیا کی طرف آنا تھا اس نے بہرحال ایک ہی ملک میں آنا تھا اور ایک ہی قوم کو اس نے ابتدائً مخاطب کرنا تھا۔ باقی قوموں نے اس قوم سے سیکھ کر اس کو دنیا میں پھیلانا تھا۔ پس بتایا ہے کہ قرآن کریم ہم نے عربی زبان میں اتارا ہے پس مکہ والوں میں سے جو لوگ ایمان لے آئیں گے ان کو اس سے ہدایت اور شفا ملے گی اور دوسرے لوگ ان سے سیکھ لیں گے۔
[3] جب کوئی شخص دور ہو اور اندھا بھی ہو تو اس کو ہدایت دینا مشکل ہوتا ہے دور ہونے کی وجہ سے وہ آواز نہیں سن سکتا اور اندھا ہونے کی وجہ سے وہ اشارے نہیں سمجھ سکتا۔
اور ہم نے موسیٰ کو بھی ایک اعلیٰ کتاب دی تھی اور اس کے بارہ میں بھی اختلاف کیا گیا تھا اور اگر ایک بات تیرے رب کی طرف سے پہلے گذر نہ چکی ہوتی تو ان لوگوں کا کبھی کا فیصلہ ہو چکا ہوتا۔ وہ اس (قرآن) کے بارے میں ایک ایسے شک میں پڑے ہوئے ہیں جو ان کے امن کو کاٹ دیتا ہے (یعنی انتہائی شکوک میں مبتلا رہتے ہیں اور اس پر غور نہیں کرتے)۔
جو شخص ایمان کے مطابق عمل کرے تو اس کا فائدہ اس کی اپنی جان کو پہنچتا ہے اور جو بداعمالی کرے اُس کا عذاب بھی اسی پر نازل ہوتا ہے اور تیرا رب اپنے بندوں پر کوئی ظلم نہیں[1] کرتا۔
[1] آیت میں ظَلَّام کا لفظ ہے جس کے معنے ہیں کہ تیرا رب اپنے بندوں پر بڑا ظلم کرنے والا نہیں ہے، اس کے یہ معنے نہیں ہیں کہ تھوڑا سا ظلم کر لیتا ہے۔ بلکہ یہ عربی زبان کا محاورہ ہے کہ جب مبالغہ پر نفی آئے تو اس کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ نہ بہت، نہ تھوڑا۔ جیسے قَلِیْل کا لفظ استعمال کرتے ہیں اور اس کے معنے نہ تھوڑا، نہ بہت کے ہوتے ہیں۔
قیامت کا علم اسی کی طرف لوٹایا جاتا ہے (یعنی قیامت کا کامل علم اسی کو حاصل ہے) اور گابھوں میں سے (بھی) کوئی پھل نہیں نکلتے اور عورتیں بھی اپنے پیٹ میں کچھ نہیں اٹھاتیں اور نہ جنتی ہیں مگر وہ اللہ کو معلوم ہوتا ہے جس دن وہ لوگوں کو پکارے گا اور کہے گا کہاں ہیں میرے شریک؟ وہ کہیں گے ہم نے تجھے کھول کر کہہ دیا ہے، کہ ہم میں سے کوئی اس بات کا گواہ نہیں۔