۴۲۔ سورۃ الشورى
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(یہ سورۃ) حمید[1] (و) مجید۔
[1] حٰمٓ عٓسٓقٓ مقطّعات میں سے ہیں اور حَا، حَمِیْدکا قائم مقام ہے مِیْم، مَجِیْد کا عٓسٓقٓ سے خداتعالیٰ کی عَلِیْم، سَمِیْع اور قَدِیْر کی صفات مراد ہیں تفصیل کے لئے دیکھو سورۃ بقرہ نوٹ آیت۲۔
علیم، سمیع (اور) قدیر (خدا نے اُتاری ہے)۔
اسی طرح اللہ تجھ پر بھی وحی کرتا ہے اور اُن پر بھی (وحی کر چکا ہے) جو (لوگ) تجھ سے پہلے گذر چکے ہیں وہ غالب بھی ہے (اور) حکمت والا بھی ہے۔
آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے سب اسی کا ہے۔ اور وہ بلند شان ہے۔ اور اس کی حکومت[2] ہر طبقہ کی مخلوق پر پھیلی ہوئی ہے۔
[2] یہ عَظِیْم کے تفسیری معنے ہیں۔
قریب ہے کہ آسمان اپنے اوپر (غالب ذات [3]کے حکم کی وجہ) سے پھٹ کر گر جائیں باوجود اس کے کہ ملائکہ اپنے رب کی حمد بھی کررہے ہیں اور تسبیح[4] بھی کر رہے ہیں اور جو لوگ زمین میں ہیں ان کے لئے استغفار بھی کر رہے ہیں (پھر بھی خدا اپنے عذاب کو روکے گا نہیں تا کہ اس کی غفاری اور رحیمیت ظاہر ہو) سنو اللہ بہت بخشنے والا [5](اور) بے انتہا رحم کرنے والا ہے۔
[3] فَوْق کے معنے اوپر کے ہیں اور مِنْ کے معنے سبب اور غایت کے بھی ہوتے ہیں۔ آسمان پر فَوْق خداتعالیٰ ہے پس ہم نے اس آیت کا یہ ترجمہ کیا ہے کہ آسمان اپنے اوپر غالب ہستی کے حکم سے پھٹ کر گر جائیں۔
[4] اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ گو ملائکہ انسانوں کی مغفرت کے لئے دعائیں کر رہے ہیں اور خداتعالیٰ کی حمد اور تسبیح بھی کر رہے ہیں لیکن پھر بھی انسان اتنا گندہ ہو گیا ہے کہ آسمانوں کا رب اس کو تباہ کرنا چاہتا ہے اور اس کے حکم تباہی کے مقابلہ میں فرشتوں کا آسمان کے کناروں پر دعائیں کرنا کوئی حقیقت نہیں رکھتا۔
[5] اس حصہ آیت سے اس طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ باوجود فرشتوں کے استغفار کرنے کے خداتعالیٰ کا نظامِ دنیوی کو توڑ دینا اور انسان کو ہلاک کر دینا خداتعالیٰ کی غَفَّارِی اور رَحِیْمِیّت کے خلاف نہیں کیونکہ جو انسان دنیا میں ہلاک کیے جائیں گے وہ اپنی بدیوں کی وجہ سے ہلاک کیے جائیں گے اور ان کے متعلق سورۃ الفرقان میں خداتعالیٰ پہلے ہی کہہ چکا ہے کہ قُلْ مَایَعْبَؤُا بِکُمْ رَبِّیْ لَوْ لَادُعَآؤُکُمْ (ع۶) تو کہہ دے کہ اگر تم خداتعالیٰ کے حضور عاجزانہ طور پر نہ گرو تو اللہ تعالیٰ کو تمہارے جیسے ذلیل لوگوں کے ہلاک کرنے کی پروا ہی کیا ہو سکتی ہے۔ پس اس دنیا کے گنہگاروں کی تباہی سورۃ الفرقان کی آیت کے عین مطابق ہے۔ اور اس آیت میں جو اَلْغَفُوْرُ الرَّحِیْمُ کہا گیا ہے اس کے بھی خلاف نہیں کیونکہ جب تک اس دنیا کے لوگ مریں گے نہیں وہ اگلے جہان کے انعام کس طرح پا سکیں گے اور خداتعالیٰ کی رَحِیْمِیّت کا نظارہ کس طرح دیکھیں گے۔ پس اَ لَا کہہ کر یہ بتایا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی غفّاریّت اور رَحِیْمِیّت کامل طور پر اگلے جہان میں ہی ظاہر ہوگی اگر اس دنیا کے لوگوں پر عذاب نہ آئے اور ایک عمدہ طریق پر مومنوں کو بھی موت نہ آئے تو خداتعالیٰ کی غَفَّارِی اور رَحِیْمِیّت کس طرح ثابت ہوگی۔ پس خداتعالیٰ کی غَفَّارِی اور رَحِیْمِیّت کے لئے ضروری ہے کہ کفار عذاب سے مریں اور مومن نیک کام کرتے ہوئے مریں تاکہ کفار جہنم میں جاکر اپنا بدلہ پالیں اور مومن جنت میں جاکر اپنا انعام حاصل کر لیں۔
وہ لوگ جو اللہ کے سوا کسی کو اپنا پناہ دینے والا بناتے ہیں اللہ نے ان کے خلاف پڑنے والے سب اعمال کو محفوظ کر چھوڑا ہے اور تو ان پر نگران نہیں (خدا ہی نگران ہے)۔
اور اسی طرح (یعنی اپنے نگران ہونے کے ثبوت میں) ہم نے قرآن کو عربی زبان میں تیری طرف اتارا ہے تا کہ تو ملک کے مرکز کے لوگوں کو اور اس کے اردگرد کے رہنے والوں کو ہوشیار کرے اور تا کہ تو اس وقت سے ہوشیار کرے جب تمام لوگ جمع کیے جائیں گے جس کے آنے میں کوئی شبہ نہیں اس دن ایک گروہ تو جنت میں جائے گا اور ایک گروہ دوزخ میں جائے گا۔
اور اگر اللہ اپنی مرضی سے کام لیتا (یعنی جبر کرتا) تو ان سب کو ایک جماعت بنا دیتا لیکن وہ جس کو چاہتا ہے اپنی رحمت میں داخل کرتا ہے اور ظالموں کا نہ کوئی پناہ دہندہ ہوتا ہے نہ مددگار۔
کیا انہوں نے اللہ کے سوا کسی دوسرے کو پناہ دینے والا تجویز کیا ہے؟ پس (یاد رہے کہ) اللہ ہی پناہ دینے والا ہے اور وہی مردے زندہ کرتا ہے اور وہ اپنے ہر ارادہ کو پورا کرنے پر قادر ہے۔
اور جس کسی (امر) میں تم اختلاف کرو اس کا آخری فیصلہ اللہ ہی کے قبضہ میں ہے یہ ہے تمہارا اللہ جو میرا بھی رب ہے۔ میں نے اسی پر توکل کیا ہے اور اُسی کی طرف میں جھکتا ہوں۔
وہ آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنے والا ہے اس نے تمہاری ہی جنس سے تمہارے ساتھی بنائے ہیں اور چارپایوں کے بھی جوڑے بنائے ہیں اور اس طرح وہ تم کو زمین میں بڑھاتا[1] ہے اس جیسی کوئی چیز نہیں اور وہ بہت سننے والا (اور) دیکھنے والا ہے۔
[1] یعنی نسل کو بڑھا بڑھا کر زمین کو آباد کرتا جاتا ہے۔