۴۲۔ سورۃ الشورى
تفسیر صغیر, حصہ 2
آسمانوں کی کنجیاں بھی اس کے ہاتھ میں ہیں اور زمین کی بھی وہ جس کے لئے چاہتا ہے رزق میں فراخی دے دیتا ہے اور (جس کے لئے چاہتا ہے رزق میں) تنگی کر دیتا ہے وہ ہر ایک امر کو خوب اچھی طرح جانتا ہے۔
اس (اللہ) نے تجھ کو (اصولی طور پر) وہی دین دیا ہے جس کی تاکید اس نے نوح کو کی تھی اور جو ہم نے اب تجھ پر (قرآن کے ذریعہ سے) اتارا ہے اور جس کی تاکید ہم نے ابراہیم اور موسیٰ اور عیسیٰ کو کی تھی اور وہ یہ تھا کہ (اللہ کی) اطاعت کو دنیا میں قائم کرو، اور اس (دین) کے بارہ میں اختلاف کبھی نہ کیا کرو۔ مشرکوں پر وہ (تعلیم بڑی) گراں گذرتی ہے جس کی طرف تو ان کو بلاتا ہے حالانکہ اللہ کی نظر میں جو پسندیدہ ہوتا ہے وہ اسے اس (دین) کے لئے چن لیتا ہے اور یہ تعلیم اسی کو ملتی ہے جو خدا کی طرف ہمیشہ جھکا رہتا ہے۔
اور کفار نے دین کے معاملہ میں اختلاف نہیں کیا مگر اس کے بعد کہ ان کے پاس ایک کامل علم (یعنی قرآن) آگیا اور یہ اختلاف انہوں نے (کسی عقلی دلیل کی وجہ سے نہیں کیا بلکہ) باہمی بغض و حسد کی وجہ سے کیا ہے اور اگر تیرے رب کی طرف سے ایک مدت مقررہ تک کے لئے ایک بات کا فیصلہ[1] نہ ہو چکا ہوتا تو ان کفار کی تباہی کبھی کی ہو چکی ہوتی اور وہ لوگ جن کو ان (پہلے لوگوں) کے بعد کتاب کا وارث کیا گیا ہے وہ اس کتاب کی وجہ سے ایک ایسے شک میں مبتلا ہیں جو ان کے دلوں میں قلق پیدا کر رہا ہے۔
[1] مطلب یہ ہے کہ مختلف کفار کے متعلق کئی پیشگوئیاں قرآن مجید اور احادیث میں بیان ہیں اگر ان کو ابھی تباہ کر دیا جائے تو اپنے اپنے وقت پر ان پیشگوئیوں کے پورا ہونے کا کوئی امکان باقی نہیں رہتا۔ پس یہ دیر قرآن اور حدیث کے سچا کرنے کے لئے ہے نہ کہ ان لوگوں کے کسی حق کی وجہ سے۔
پس تو (اسی دین کی طرف) لوگوں کو پکار۔ اور تو (اسی طرح دین پر) استقلال سے قائم رہ جس طرح تجھے کہا گیا ہے اور ان کی خواہشوں کی پیروی نہ کر اور کہہ دے کہ اللہ نے اپنی کتاب سے جو کچھ اتارا ہے میں اس پر ایمان لاتا ہوں اور مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں تمہارے درمیان عدل سے فیصلہ کروں۔ اللہ ہمارا بھی رب ہے اور تمہارا بھی رب (ہے) ہمارے اعمال ہمارے ساتھ ہیں اور تمہارے اعمال تمہارے ساتھ (ہیں) تمہارے اور ہمارے درمیان کوئی جھگڑا نہیں۔ اللہ ہمیں (ایک دن) جمع کر دے گا اور اسی کی طرف ہم سب کو لوٹ کر جانا ہے۔
اور وہ لوگ جو اللہ کے بارہ میں بحثیں کرتے ہیں جبکہ (لوگوں کی ایک بڑی تعداد) اس کی آواز کو قبول کر چکی ہے ان کی دلیل ان کے رب کے حضور توڑی جانے والی ہے ان پر غضب نازل ہوگا اور ان کے لئے سخت عذاب (مقدر) ہے۔
اللہ وہی ہے جس نے حق کے ساتھ اس کامل کتاب (قرآن) اور میزان[2] کو اتارا ہے اور تم کو کس (بات) نے بتایا ہے کہ مقررہ وقت قریب آگیا ہے۔
[2] قرآن کریم کا ایک نام مِیْزَان رکھا گیا ہے۔ کیونکہ اس میں جو بات کہی جاتی ہے دلیل کے ساتھ کہی جاتی ہے اور دلیل سب انسانوں کے درمیان قدرِ مشترک ہے اور جب تک کوئی اسے جھوٹا نہ ثابت کر دے اُسے ردنہیں کر سکتا۔ پس قرآن کریم چونکہ ہر بات با دلیل کہتا ہے اس لئے وہ میزان ہے یعنی جو بات اس کے ترازو میں پوری اُترے وہی سچی ہے باقی سب باتیں غلط ہیں کیونکہ وہ عقل کے ترازو میں پوری نہیں اترتیں۔
جو لوگ اس پر ایمان نہیں لاتے وہ اس کے جلد لانے کے خواہاں[1] ہیں اور مومن تو اس سے ڈرتے رہتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ وہ واقع ہو کر رہنے والی ہے۔ سنو! جو لوگ قیامت میں شبہ کرتے ہیں، وہ ایک لاعلاج گمراہی میں مبتلا ہیں۔
[1] یعنی چونکہ وہ مانتے ہی نہیں کہ ہم پر عذاب آنا ہے اس لئے وہ کہتے رہتے ہیں کہ جلدی عذاب لاؤ کیونکہ جب ان کے نزدیک عذاب نے آنا ہی نہیں تو وہ جلدی آئے یا دیر سے آئے ان کے نزدیک ایک سی بات ہے۔
اللہ اپنے بندوں کے پوشیدہ رازوں کو جانتا ہے جس کو چاہتا ہے رزق وافر دیتا ہے اور جس کے متعلق چاہتا ہے رزق میں کمی کر دیتا ہے۔ وہ بڑی طاقت والا (اور) غالب ہے۔
جو کوئی آخرت کی کھیتی چاہتا ہے ہم اس کی (آخرت کی) کھیتی کو اس کے لئے بڑھاتے چلے جاتے ہیں اور جو کوئی اس دنیا کی کھیتی چاہتا ہے ہم اس (کو اسی دنیا کی کھیتی) میں سے اس کا حصہ دے دیتے ہیں (یعنی دنیوی متاع اسے مل جاتا ہے) اور آخرت میں اس کا کوئی حصہ نہیں ہوتا۔
کیا ان کے لئے کوئی ایسے شریک ہیں جنہوں نے ان کے لئے ایسی دینی تعلیم تجویز کی ہے جس کا اللہ نے حکم نہیں دیا اور اگر (اللہ تعالیٰ کی طرف سے) آخری[2] فیصلہ نہ ہو چکا ہوتا تو ان کے درمیان فیصلہ کر دیا [3]جاتا اور ظالموں کو یقیناً دردناک عذاب پہنچے گا۔
[2] دیکھو سورۃ الشوریٰ آیت۱۵۔
[3] یعنی ان پر تباہی آجاتی۔ مگر چونکہ خداتعالیٰ کا قطعی فیصلہ قرآن کریم میں موجود ہے کہ جب تک حجت تمام نہ ہو کسی قوم کو تباہ نہیں کیا جاتا۔ اس لئے ان کو ڈھیل مل رہی ہے۔
تو ظالموں کو دیکھتا ہے کہ وہ اپنے عمل کی وجہ سے ڈر رہے ہیں حالانکہ وہ (موعود عذاب) ان پر ضرور نازل ہونے والا ہے اور وہ لوگ جو ایمان لائے اور ایمان کے مطابق عمل کیا، وہ گھنے باغوں میں ہوں گے (اور) اُن کے رب کے پاس ان کے لئے وہ سب کچھ موجود ہوگا (جس کی ان کو خواہش ہوگی) یہی بڑا فضل ہے۔
یہی وہ چیز ہے جس کی اللہ اپنے مومن بندوں کو بشارت دیتا ہے، ایسے مومن بندوں کو جو ایمان کے مطابق عمل بھی کرتے ہیں۔ تو کہہ دے میں اپنی خدمت کے بدلہ میں تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا، سوائے اس محبت کے جو اپنے قریب ترین رشتہ داروں سے کی جاتی ہے[1] اور جو شخص کوئی نیکی کا کام کرتا ہے ہم اس کی نیکی کو اس کے لئے اور زیادہ حسین[2] بنا دیتے ہیں اللہ بہت بخشنے والا (اور) قدر دان ہے۔
[1] شیعہ لوگ اس کے معنے یہ کرتے ہیں کہ میں اور کوئی اجر نہیں مانگتا صرف میرے رشتہ داروں سے محبت کرو۔ حالانکہ یہ بھی تو اجر ہے۔ اس آیت کے اصل معنے وہی ہیں، جو ہم نے کیے ہیں۔ اَلْمَوَدَّۃُ فِی الْقُرْبٰیٰ، چاہتا ہوں۔ یعنی بحیثیتِ رسول اس کا مطالبہ کرتا ہوں، کہ جو قریب ترین رشتہ دار سے محبت کی جاتی ہے وہ مجھ سے کرو۔ چنانچہ ایک دوسری جگہ اس مضمون کو واضح کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ خدا اور رسول سے رشتہ داروں سے بھی زیادہ محبت ہونی چاہیے چنانچہ فرمایاقُلۡ اِنۡ کَانَ اٰبَآؤُکُمۡ وَ اَبۡنَآؤُکُمۡ وَ اِخۡوَانُکُمۡ وَ اَزۡوَاجُکُمۡ وَ عَشِیۡرَتُکُمۡ وَ اَمۡوَالُ ۣ اقۡتَرَفۡتُمُوۡہَا وَ تِجَارَۃٌ تَخۡشَوۡنَ کَسَادَہَا وَ مَسٰکِنُ تَرۡضَوۡنَہَاۤ اَحَبَّ اِلَیۡکُمۡ مِّنَ اللّٰہِ وَ رَسُوۡلِہٖ وَ جِہَادٍ فِیۡ سَبِیۡلِہٖ فَتَرَبَّصُوۡا حَتّٰی یَاۡتِیَ اللّٰہُ بِاَمۡرِہٖ (سورۃ توبہ آیت۲۴) یعنی اگر تمہیں خداتعالیٰ اور اس کے رسول کے مقابل پر اپنے والدین، بیٹوں، بھائیوں، بیویوں اور رشتہ داروں سے زیادہ محبت ہے اور اسی طرح خدا اور رسول کے مقابلہ میں اپنے اموال اور تجارتیں اور جائیدادیں زیادہ پسند ہیں تو پھر اللہ کے فیصلہ کا انتظار کرو۔ جو یہ بتا دے گا کہ تم غلط طریق اختیار کیے ہوئے تھے۔ پس اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ ہر مومن کو رشتہ داروں سے بڑھ کر خداتعالیٰ اور اس کے رسول سے محبت کرنی چاہیے۔ یعنی اس کی بات کے مقابلہ میں کسی رشتہ دار کی بات نہیں ماننی چاہیے۔
[2] یعنی وہ نیکیوں پر اس طرح ٹوٹ ٹوٹ کر پڑتا ہے جیسے کسی حسین چیز پر عاشق گرتا ہے۔