۴۲۔ سورۃ الشورى

تفسیر صغیر, حصہ 5

پھر بھی اگر وہ اعراض کریں تو (کرتے رہیں) ہم نے تجھے ان پر نگران بنا کر نہیں بھیجا۔ تجھ پر صرف بات کا پہنچا دینا فرض ہے اور جب کبھی ہم انسان کو اپنی طرف سے رحمت پہنچاتے ہیں تو وہ اس پر خوش ہو جاتا ہے اور اگر اس کے کسی عمل کی وجہ سے (ہماری طرف سے) اس کو کوئی تکلیف پہنچے تو انسان ناشکر گذار بن جاتا ہے (اور پہلے تمام فضلوں کا انکار کر دیتا ہے)

اللہ ہی کے لئے زمین و آسمان کی بادشاہت ہے جو کچھ چاہتا ہے پیدا کرتا ہے، جس کو چاہتا ہے لڑکیاں دیتا ہے، جس کو چاہتا ہے، لڑکے دیتا ہے۔

یا لڑکوں اور لڑکیوں کو ملا جلا دیتا ہے (یعنی لڑکیاں بھی پیدا ہوتی ہیں اور لڑکے بھی) اور جس کو چاہتا ہے بانجھ بنا دیتا ہے وہ بڑے علم والا (اور) قدرت والا ہے۔

اور کسی آدمی کی یہ حیثیت نہیں کہ اللہ اس سے وحی[1] کے سوا یا پردے کے پیچھے بولنے کے سوا کسی اور صورت سے کلام کرے یا (اس کی طرف فرشتوں میں سے) رسول (بناکر) بھیجے جو اس کے حکم سے جو کچھ وہ کہے بات پہنچا دیں۔ وہ بڑی شان والا (اور) حکمتوں کا واقف ہے۔

[1] وحی کے اصل معنے ایسے اشارہ کے ہوتے ہیں جو جلدی سے کیا جائے اور دوسروں کو اس کا علم نہ ہو سکے۔ خداتعالیٰ کے کلام کو اس لئے وحی کہتے ہیں کہ اس کا نزول جلدی جلدی ہوتا ہے اور ملہم کے علاوہ اور کسی کو علم نہیں ہوتا، سوائے اس کے کہ اللہ تعالیٰ کسی اور کو بھی خود اس میں شامل کرے۔
اس آیت میں اللہ تعالیٰ نے بندہ سے کلام کرنے کے تین طریق بیان فرمائے ہیں (۱) پہلا طریق یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کا کلام بندہ پر بغیر کسی واسطہ کے نازل ہو۔ (۲) دوسرا طریق وحی کایہ ہے کہ خداتعالیٰ کی طرف سے الفاظ نازل نہ ہوں بلکہ مضمون کو تعبیر طلب امثال میں یا بے تعبیر طلب نظارہ میں دکھایا جائے اسی کو اس آیت میں مِنْ وَّرَآیِٔ حِجَاب کے الفاظ سے ادا کیا گیا ہے۔ یعنی اصل مقصد پردہ کے پیچھے ہوتا ہے۔ (۳) تیسرا طریق یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنا کلام فرشتہ پر نازل کرے اور فرشتہ بندے تک پہنچا دے۔ (تفصیل کے لئے دیکھئے تفسیر کبیر جلدنہم صفحہ ۴۱۸ تا ۴۵۴ تفسیر سورۂ زلزال)

اور اسی طرح ہم نے تیری طرف اپنے حکم سے کلام نازل کیا ہے تو نہیں جانتا تھا کہ کتاب کیا چیز ہے اور نہ یہ جانتا تھا کہ ایمان کیا چیز ہے لیکن ہم نے اس (تیری وحی) کو نور بنا دیا ہے اس کے ذریعہ سے اپنے بندوں میں سے جس کو چاہتے ہیں ہم ہدایت دے دیتے ہیں اور تو یقیناً لوگوں کو سیدھے راستہ کی طرف لا رہا ہے۔

اللہ کے راستہ کی طرف جو اس کا بھی مالک ہے جو آسمانوں میں ہے اور اس کا بھی جو زمین میں ہے۔ سنو! سب باتیں خدا ہی کی طرف جاتی ہیں (یعنی تمام باتوں کی ابتدا اور انجام خدا ہی کے ہاتھ میں ہیں۔)

آج 10 میں سے 10 باقی