۴۲۔ سورۃ الشورى

تفسیر صغیر, حصہ 4

اور جو کچھ بھی تم کو دیا گیا ہے وہ ورلی زندگی کا سامان ہے اور جو اللہ کے پاس ہے وہ مومنوں اور اپنے رب پر توکل کرنے والوں کے لئے زیادہ اچھا اور زیادہ باقی رہنے والا ہے۔

اور (ان کے لئے) جو بڑے گناہوں اور بدکاری سے بچتے ہیں اور جب ان کو غصہ آتا ہے تو معاف کر دیتے ہیں۔

اور جو اپنے رب کی آواز کو قبول کر لیتے ہیں اور نمازیں باجماعت ادا کرتے ہیں اور ان کا طریق یہ ہے کہ اپنے ہر معاملہ کو باہمی مشورہ سے طے کرتے ہیں اور جو کچھ ہم نے ان کو دیا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں۔

اور جب ان پر کوئی ظلم ہوتا ہے تو وہ بدلہ تو لے لیتے ہیں (مگر یہ یاد رکھتے ہیں)۔

کہ بدی کا بدلہ اتنی ہی بدی ہوتی ہے اور جو معاف کرے اور اصلاح کو مدنظر رکھے تو اس کو بدلہ دینا اللہ کے ذمے ہوتا ہے وہ (اللہ) ظالموں کو پسند نہیں کرتا۔

اور جو لوگ اپنی ذات پر ظلم کیے جانے کے بعد مناسب بدلہ لیتے ہیں۔ ان پر کسی قسم کا اعتراض نہیں ہو سکتا۔

اعتراض صرف ان لوگوں پر ہوتا ہے جو لوگوں پر ظلم (اور حملہ) میں ابتدا کرتے ہیں اور زمین میں بغیر کسی حق کے زیادتی کرنے لگ جاتے ہیں ایسے لوگوں کو دردناک عذاب ملے گا۔

اور جس نے صبر کیا اور معاف کیا تو (اس کا) یہ (کام) بڑی ہمت والے کاموں میں سے ہے۔

اور جس کو اللہ گمراہ قرار دے تو اس (اللہ) کو چھوڑ کر اس کا کوئی مددگار نہیں ہو سکتا اور تو ظالموں کو دیکھے گا کہ جب وہ عذاب آتا دیکھیں گے تو کہیں گے کہ کیا اس عذاب کو لوٹانے کی کوئی تدبیر بھی ہے!

اور تو ان کو دیکھے گا کہ وہ اس عذاب کے سامنے پیش کیے جائیں گے اور ذلت کی وجہ سے سر جھکائے ہوئے نیچی نگاہوں سے دیکھ رہے ہوں گے اور مومن کہیں گے کہ اصل گھاٹا پانے والے وہی ہیں جنہوں نے اپنی جانوں اور اہل و عیال کو قیامت کے دن گھاٹے میں ڈالا۔ کان کھول کر سن لو! ظالم لوگ ایک قائم رہنے والے عذاب میں ہوں گے۔

اور ان کو پناہ دینے والے کوئی نہیں ہوں گے جو ان کی اللہ کے مقابلہ میں مدد کر سکیں اور جس کو اللہ گمراہ سمجھتا[1] ہے اس کو راستہ پر لانے کی کوئی تدبیر نہیں۔

[1] اَضَلَّ کے ایک معنے گمراہ کرنے کے ہوتے ہیں اور دوسرے گمراہ قرار دینے کے (دیکھئے مفردات امام راغب)

تم اپنے رب کی آواز کا (اس پر لبیک کہتے ہوئے) جواب دو۔ پیشتر اس کے کہ وہ وقت آجائے جس کو اللہ کے مقابلہ میں لوٹانے والا کوئی نہیں۔ اس دن تمہارے لئے کوئی پناہ کی جگہ نہیں ہوگی اور تمہارے لئے انکار[2] کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔

[2] اس جگہ لفظ نَکِیْر ہے جس کے معنے انکار کے ہیں (مفردات)

·

آج 10 میں سے 10 باقی