۴۳۔ سورۃ الزخرف
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
حمید و مجید (خدا کی طرف سے یہ سورۃ نازل ہوئی ہے)۔
ہم اس کتاب کی قسم کھاتے ہیں (یعنی اسے بطور شہادت کے پیش کرتے ہیں) جو اپنے مضمون کو کھول کر بیان کرنے والی ہے۔
ہم نے اس کتاب کو قرآن بنایا ہے (اور قرآن بھی) ایسا جو عربی[1] ہے تا کہ تم سمجھو۔
[1] یہاں قُرْاٰنًا عَرَبِیًّا کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔ شاید بعض لوگوں کے نزدیک اس کا سمجھنا مشکل ہو، ان کے لئے یہ واضح کیا جاتا ہے کہ قرآن کا لفظ اس لئے استعمال کیا گیا ہے کہ یہ کتاب کثرت سے پڑھی جائے گی یعنی اس کا پڑھنا سہل ہوگا اور عَرَبِیًّا سے یہ بتایا ہے کہ اس کے مفہوم کا سمجھنا بھی آسان ہوگا۔ کیونکہ یہ ہر بات دلیل کے ساتھ بیان کرے گی۔
اور وہ (یعنی قرآن) اُمُّ الکِتاب [2]میں ہے اور ہمارے نزدیک بڑی شان والا (اور) بڑی حکمتوں والا ہے۔
[2] اس جگہ ایک استعارہ استعمال کیا گیا ہے کہ تمام شریعتیں کسی اصل کے نیچے ہوتی ہیں اور وہ اصل کتاب کے لئے بطور ماں کے ہوتا ہے جس طرح ایک عورت انسانوں کے لئے ماں ہوتی ہے چنانچہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یہ قرآن اُمُّ الْکِتَابِ میں ہے یعنی جو اصولی کتاب دنیا میں نازل کرنی خداتعالیٰ کے مدنظر تھی اس میں یہ قرآن شامل تھا۔ گویا ازل سے خداتعالیٰ کے یہ مدنظر تھا کہ دنیا کی کامل ہدایت کے لئے وہ قرآن کریم بھجوائے گا۔
کیا ہم تمہارے سامنے ذکر (یعنی کتاب) کا بیان کرنا صرف اس لئے چھوڑ دیں کہ تم حد سے بڑھی ہوئی قوم ہو۔
اور ہم نے پہلی قوموں میں بہت سے نبی بھیجے ہیں۔
اور ان کے پاس کوئی نبی نہ آتا تھا کہ وہ اس سے ہنسی نہ کرتے ہوں (پھر بھی ہم نے ان کی طرف وحی نازل کی)۔
اور ہم نے ان سے زیادہ طاقتور لوگوں کو (انکار کی وجہ سے) ہلاک کر دیا تھا (پھر ان کو ہلاک کرنے میں کیا دِقت ہے) اور ان لوگوں کے سامنے پہلے لوگوں کے حالات گذر ہی چکے ہیں۔
اور اگر تو اُن سے پوچھے کہ آسمانوں اور زمین کو کس نے پیدا کیا ہے تو وہ کہیں گے غالب (اور) بہت علم رکھنے والی ہستی نے ان کو پیدا کیا ہے۔
اس (ہستی) نے جس نے زمین کو تمہارے لئے بچھونا بنایا اور اس میں تمہارے لئے راستے بنائے ہیں تا کہ تم ہدایت پاؤ۔
اور اسی نے بادل سے ایک اندازہ کے مطابق پانی اتارا ہے پھر اس کے ذریعہ سے ایک مردہ زمین کو زندہ کر دیا ہے اسی طرح تم بھی (زندہ کرکے) نکالے جاؤ گے۔