۴۳۔ سورۃ الزخرف

تفسیر صغیر, حصہ 2

اور اسی نے تمہارے لئے ہر قسم کے جوڑے پیدا کیے ہیں اور اسی طرح چوپائے پیدا کیے ہیں اور کشتیاں بنائی ہیں جن پر تم سوار ہوتے ہو۔

جب تم اچھی طرح ان پر بیٹھ جاؤ، تو پھر اپنے رب کی نعمت کو یاد کرو اور یہ کہو کہ پاک ہے وہ خدا جس نے ہم کو ان پر قبضہ بخشا ہے حالانکہ ہم اپنے زور سے ان کو اپنے تابع فرمان نہیں بنا سکتے تھے۔

اور ہم یقیناً ایک دن اپنے رب کی طرف لوٹ کر جانے والے ہیں۔

(مگر حال یہ ہے کہ) انہوں نے اس (خدا) کے لئے اس کے بندوں میں سے ایک حصہ (یعنی بیٹیاں) تجویز کر رکھا ہے انسان یقیناً کھلا کھلا ناشکر گذار ہے۔

(ان سے پوچھو تو سہی کہ) کیا اس نے اپنی مخلوق میں سے اپنے لئے تو بیٹیاں بنا لیں اور تم کو بیٹوں سے فضیلت دی؟

اور جب ان میں سے کسی کو اس چیز کی خبر دی جاتی ہے جس کو وہ رحمن (خدا) کی طرف منسوب کرتا ہے تو اس کا منہ کالا ہو جاتا ہے اور وہ غصہ سے بھر جاتا ہے۔

کیا وہ جو زیورات میں پلتی ہے اور جھگڑے میں اپنا مافی الضمیر ٹھیک طرح ادا نہیں کر سکتی (وہ خدا کے حصہ میں آتی ہے اور غالب رہنے والا مرد انسان کے حصہ میں)۔

اور انہوں نے ملائکہ کو جو رحمن (خدا) کے بندے ہیں عورتیں قرار دے دیا ہے کیا وہ ان کی پیدائش کے وقت موجود تھے؟ اگر یہ بات ہے تو ضرور ان کی شہادت لکھی جائے گی اور ان سے (قیامت کے دن) اس بارہ میں سوال کیا جائے گا۔

اور وہ کہتے ہیں اگر رحمن (خدا) چاہتا تو ہم اس کے سوا دوسرے معبودوں کی پرستش نہ کرتے۔ یہ بات وہ محض ڈھکونسلے سے کہتے ہیں اس کا انہیں حقیقی علم ہرگز حاصل نہیں۔

کیا ہم نے ان کو اس (قرآن) سے پہلے کوئی ایسی کتاب دی ہے (جس میں یہ بات لکھی ہے) کہ وہ اس کے ذریعہ سے دلیل پکڑ رہے ہیں۔

ایسا نہیں، بلکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ لوگ اس بات پر مصر ہیں کہ ہم نے اپنے باپ دادوں کو ایک طریقہ پر پایا تھا اور ہم انہی کے نقش قدم پر چلتے جائیں گے۔

اور (اے رسول)! تجھ سے پہلے ہم نے کسی بستی میں بھی رسول نہیں بھیجا کہ انہی کی طرح اس کے مالداروں نے یہ نہ کہہ دیا ہو کہ ہم نے اپنے باپ دادوں کو ایک طریقہ پر پایا تھا، اور ہم انہی کے نقش قدم پر چلیں گے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی