۴۳۔ سورۃ الزخرف

تفسیر صغیر, حصہ 8

اور وہ (خدا) ہی آسمانوں اور زمین میں واحد معبود ہے اور وہ بڑی حکمتوں والا اور بہت جاننے والا ہے۔

اور بڑی برکتیں بخشنے والی وہ ہستی ہے جو آسمانوں اور زمین اور جو کچھ ان کے درمیان ہے، ان سب کی بادشاہت کی مالک ہے اور قیامت کا علم صرف اس کو حاصل ہے اور اسی کی طرف تم کو لوٹایا جائے گا۔

اور جن کو یہ لوگ خدا کے سوا پکارتے ہیں وہ شفاعت کے مالک نہیں مگر وہی شفاعت کا حق رکھتا ہے جو سچ کی گواہی[1] دے اور وہ (کفار اس حقیقت کو) خوب سمجھ سکتے ہیں۔

[1] یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔ اس آیت نے حل کر دیا کہ شفاعت صرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی سنی جائے گی کیونکہ دشمنوں نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ہی صادق اور امین کا نام دیا تھا اور بنی اسرائیل کے بعض نبیوں نے بھی آپ کو صادق کا خطاب دیا تھا (دیکھئے یسعیاہ باب۹)

اور اگر تو ان سے پوچھے کہ ان کو کس نے پیدا کیا ہے؟ تو وہ ضرور کہیں گے اللہ نے۔ پھر وہ کس طرف کو پھسلا کر لے جائے جا رہے ہیں۔

اور ہم کو اس (رسول) کے اس قول کی قسم![2] جب اس نے کہا تھا اے میرے رب! یہ قوم تو ایسی ہے کہ کسی سچائی پر ایمان نہیں لاتی۔

[2] یعنی ہم اس قول کو شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں۔

سو (ہم نے اس کو جواب دیا تھا کہ) ان سے درگذر کر اور صرف اتنی دعا کر دیا کر کہ تم پر خدا کی سلامتی نازل ہو، تو اس کا یہ نتیجہ نکلے گا کہ وہ (حق کو) جاننے لگ جائیں گے۔

آج 10 میں سے 10 باقی