۴۳۔ سورۃ الزخرف
تفسیر صغیر, حصہ 7
اور یہ وہ جنت ہوگی جس کا تم کو تمہارے اعمال کے سبب سے وارث بنایا جائے گا۔
تمہارے لئے اس میں کثرت سے پھل موجود ہونگے جن میں سے تم حسب ضرورت کھاؤ گے۔
مجرم یقیناً جہنم کے عذاب میں مدتوں مبتلا رہیں گے۔
ان کے عذاب میں وقفہ نہیں ڈالا جائے گا اور وہ اس میں مایوس ہو جائیں گے۔
اور ہم نے ان پر ظلم نہیں کیا لیکن وہ خود اپنی جانوں پر ظلم کر رہے تھے۔
اور وہ پکاریں گے کہ اے مالک (یعنی افسر دوزخ) تیرے رب کو چاہیئے کہ ہمیں موت دے دے۔ وہ کہے گا۔ تم دیر تک اس میں رہو گے۔
(خداتعالیٰ کہتا ہے) ہم تمہارے پاس حق لے کر آئے تھے، لیکن تم میں سے اکثر حق سے نفرت کرتے تھے۔
کیا ان لوگوں نے[1] (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر) حملہ کرنے کا کوئی فیصلہ کر لیا ہے (اگر ایسا ہے) تو ہم نے بھی ان کی تباہی کا فیصلہ کر لیا ہے۔
[1] کتنا بڑا نشان ہے زُخْرُف مکّی سورۃ ہے۔ اس میں ایک تو یہ خبر دی ہے کہ کفار مکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف خطرناک منصوبہ کریں گے اور دوسری خبر یہ دی ہے کہ وہ ناکام رہیں گے اور ہم ان کو تباہ کر دیں گے اور یہ دونوں پیشگوئیاں پوری ہوگئیں۔ منکرین قرآن کے لئے اب انکار کی کیا گنجائش ہے۔
کیا وہ یہ گمان کرتے ہیں کہ ہم ان کی پوشیدہ باتوں اور پوشیدہ مشوروں کو نہیں سنتے یہ بات نہیں بلکہ ہمارے رسول[2] ان کے پہلو میں بیٹھے لکھ رہے ہیں۔
[2] عام مفسرین تو اس سے فرشتے مراد لیتے ہیں۔ لیکن چونکہ قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ یَوْمَ تَشْھَدُ عَلَیْھِمْ اَلْسِنَتُھُمْ وَاَیْدِیْھِمْ وَاَرْجُلُھُمْ بِمَاکَانُوْا یَعْمَلُوْنَ (نور: ۲۵) جس سے معلوم ہوتا ہے کہ فرشتے ہی نہیں انسان کا اپنا بدلنا بھی ہر فعل کے لئے کوئی نشان رکھتا ہے اور وہ نشان قیامت کے دن اس کے جرم کو ظاہر کر دے گا۔ اس لئے اس جگہ رُسُل سے مراد انسان کے اپنے اعضا بھی ہو سکتے ہیں۔ تازہ ڈاکٹری تحقیقات سے بھی معلوم ہوتا ہے کہ انسانی نطفہ میں ہر کیڑا اپنے بزرگوں کے بعض اخلاق کے نشان اپنے اوپر رکھتا ہے اور جب بھی وہ نشان غالب آجاتا ہے اس سے پیدا ہونے والا بچہ انہی اخلاق کو ظاہر کرتا ہے گویا نہ صرف ایک انسان کے اعمال محفوظ رہتے ہیں بلکہ کئی پشتوں تک کے اعمال محفوظ رہتے ہیں اور نطفہ در نطفہ وہ نشانات چلے جاتے ہیں۔
تو کہہ دے کہ اگر رحمن (خدا) کا کوئی بیٹا ہوتا تو میں [3]اس کی سب سے پہلے عبادت کرتا۔
[3] کیونکہ مَیں خداتعالیٰ سے پیار کرنے والا ہوں، اور اس کا فرمانبردار ہوں۔ مگر نہ آسمانی دلیل اس کے حق میں ہے نہ عقلی۔ اس لئے میں مجبوراً بیٹے کے خیال کی تردید کرتا ہوں۔
آسمانوں اور زمین کا رب اور عرش کا رب ان سب (صفات شرکیہ) سے پاک ہے جو مشرک بیان کرتے ہیں۔
پس (اے پیغمبر)! تو ان کو چھوڑ دے کہ گند اچھالتے رہیں اور اس وقت تک کھیلتے رہیں کہ وہ اپنے اس عذاب کے وقت کو پالیں جس کا ان سے وعدہ کیا گیا تھا۔