۴۴۔ سورۃ الدخان
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
(یہ) حمید و مجید (خدا کی طرف سے اتاری ہوئی سورۃ ہے)
ہم (اس سچائی کے ثبوت کے لئے اس کھول کر) بیان کرنے والی کتاب کی قسم کھاتے ہیں (یعنی اس کو شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں)۔
ہم نے اس (کتاب) کو ایک برکت والی رات میں نازل کیا ہے کیونکہ ہم گمراہوں کو ہمیشہ سے ہوشیار کرتے آئے ہیں۔
اس رات[1] میں ہر حکمت[2] والا امر بیان کیا جاتا ہے۔
[1] یعنی وہ رات جس میں نبی آتا ہے اور خدائی تعلیم دنیا کو سناتا ہے بڑی مبارک ہوتی ہے اس وقت نظام عالم میں بڑا گندنظر آتا ہے لیکن حقیقۃً خداتعالیٰ کا منشا اس وقت سچی تعلیم بھیجنے کا ہوتا ہے اور اس وجہ سے وہ ظاہر میں بُری نظر آنے والی رات درحقیقت سب سے اچھا زمانہ ہوتی ہے اور یہ کوئی ایسی بات نہیں جو نئی ہو بلکہ آدمؑ کے زمانہ سے برابر یہ دور چلے آتے ہیں اور قرآن کریم کی یہ آیت دلالت کرتی ہے کہ قیامت تک چلتے چلے جائیں گے۔
[2] اس حصہ آیت میں اس مضمون کو واضح کر دیا گیا ہے جو ہم نے اوپر بیان کیا ہے۔ یعنی یہ رات ایسی ہے جس میں انبیاء دنیا کو الٰہی تعلیم دیتے ہیں اور قرآن کریم میں خداتعالیٰ کی باتوں کا نام ’’امرِ حکیم‘‘ رکھا گیا ہے کیونکہ خداتعالیٰ کا اپنا نام حَکِیْم ہے پس اس کی طرف سے جو بات آتی ہے وہ حکمتوں سے پُر ہوتی ہے۔
ہر وہ[3] امر جس کا ہم نے اپنے حضور سے حکم دیا ہے ہم ایسے موقع پر ہمیشہ ہی رسول بھیجا کرتے ہیں۔
[3] اس میں یہ بتایا گیا ہے کہ یہ تعلیم قطعی طور پر ہماری طرف سے ہوتی ہے اور ہم ہی اس کے اتارنے والے ہوتے ہیں خواہ لوگ اس کا کتنا ہی انکار کریں۔
یہ تیرے رب کی طرف سے رحمت کے طور [1]پر ہوتا ہے۔ وہ بہت دعائیں سننے والا (اور) دلوں کے حالات جاننے والا ہے۔
[1] یعنی اس تعلیم کا اتارنا انسانوں کے کسی استحقاق کی وجہ سے نہیں ہوتا بلکہ محض خداتعالیٰ کے فضل سے ہوتا ہے۔ وہ اپنے بندوں کی دعاؤں کو جو زمانہ کے بگاڑ کی وجہ سے آسمان کی طرف بھیجی جاتی ہیں خوب سنتا ہے اور ان تباہیوں کی بنیادوں کو جو انسان اپنی بدعملیوں سے رکھ رہا ہوتا ہے خوب دیکھتا ہے۔
(یعنی) اس رب کی طرف سے جو آسمانوں اور زمین جو کچھ ان کے درمیان ہے ان کا رب ہے بشرطیکہ تمہاری نیت یقین کرنے کی ہو۔
اس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ زندہ بھی کرتا ہے اور مارتا بھی ہے وہ تمہارا بھی رب ہے اور تمہارے پہلے باپ دادوں کا بھی رب تھا۔
لیکن وہ شک میں مبتلا ہیں (اور) کھیل رہے ہیں۔
پس تو اس دن کا انتظار کر جس دن آسمان پر ایک کھلا کھلا دھوآں[2] ظاہر ہوگا۔
[2] یہ الفاظ بتاتے ہیں کہ اس آیت میں ایٹم بم اور ہائیڈروجن بم کا ذکر ہے جن کے پھینکنے پر تمام جَوّ میں دھوآں پھیل جاتا ہے اور ان بموں کو اِس وقت سائنس دان قیامت کا پیش خیمہ بھی بتا رہے ہیں۔
جو سب لوگوں پر چھا جائے گا، یہ دردناک عذاب ہوگا۔