۴۴۔ سورۃ الدخان
تفسیر صغیر, حصہ 2
(لوگ اس کو دیکھ کر کہنے لگیں گے) اے ہمارے رب! ہم سے یہ عذاب ٹلا دے ہم ایمان لے آتے ہیں۔
اس دن ایمان لانے کی توفیق ان کو کہاں سے ملے گی حالانکہ ان کے پاس ایک حقیقت کو کھول کر بیان کرنے والا رسول آچکا ہے (جس کو انہوں نے نہیں مانا)۔
اور اس سے پیٹھ پھیر کر چلے گئے اور کہنے لگے، یہ کسی کا سکھایا ہوا پاگل ہے۔
ہم عذاب کو تھوڑی دیر کے لئے ہٹا دیں گے مگر تم پھر وہی (کرتوتیں) کرنے لگ جاؤ گے۔
جس دن ہم بڑی گرفت میں تم کو لے آئیں گے (تم پر کھل جائے گا کہ) ہم انتقام لینے پر قادر ہیں۔
اور ہم نے ان سے پہلے فرعون کی قوم کی بھی آزمائش کی تھی اور ان کے پاس ایک معزز رسول آیا تھا۔
(اور اس رسول نے ان سے کہا تھا کہ) خدا کے بندے میرے سپرد کر دو، میں تمہاری طرف ایک امانت دار رسول بنا کر بھیجا گیا ہوں۔
اور اس حکم کے ساتھ بھیجا گیا ہوں کہ خدا کے معاملہ میں زیادتی سے کام مت لو (اور میرے لائے ہوئے دلائل پر غور کرو) میں تمہاری طرف یقیناً ایک کھلی کھلی دلیل لانے والا ہوں۔
اور میں اپنے رب اور تمہارے رب کی پناہ مانگتا ہوں کہ کہیں تم جلد بازی میں مجھے سنگسار نہ کر دو۔
اور اگر تم مجھ پر ایمان نہیں لاتے، تو (کم سے کم یہ تو کرو کہ) مجھ کو بالکل اکیلا چھوڑ دو۔
اس پر موسیٰ نے اپنے رب کو پکارا اور کہا کہ یہ قوم تو مجرم ہے (مجھ پر ایمان لاتی ہوئی نظر نہیں آتی)۔
تب (خدا نے) کہا، تو میرے بندوں کو راتوں رات (اس ملک سے) نکال کر لے جا اور یہ خیال رکھ کہ قوم فرعون تمہارا پیچھا کرے گی۔