۴۵۔ سورۃ الجاثية
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
حمید (اور) مجید (خدا اس سورۃ کو اتارنے والا ہے)۔
غالب اور حکمت والے اللہ کی طرف سے اس کتاب کو اتارا گیا ہے۔
آسمانوں اور زمین میں مومنوں کے لئے بڑے نشانات ہیں۔
اور اسی طرح تمہاری پیدائش میں اور اس میں جو وہ (اللہ) جانداروں میں سے (زمین میں) پھیلاتا ہے یقین کرنے والی قوم کے لئے نشانات ہیں۔
اور رات اور دن کے آگے پیچھے آنے جانے میں بھی اور جو اللہ نے رزق کا موجب (یعنی پانی) بادل سے اتارا ہے پھر اس سے زمین کو اس کے مرنے کے بعد زندہ کیا ہے (اس میں بھی) اور ہواؤں کے ادھر ادھر چلانے میں بھی عقل والی قوم کے لئے بہت سے نشانات ہیں۔
یہ سب اللہ کے نشان ہیں جن کو ہم تیرے سامنے پوری سچائی کے ساتھ بیان کرتے ہیں پھر (بتاؤ تو) اللہ اور اس کے نشانوں کے بعد وہ کس چیز پر ایمان لائیں گے۔
ہر جھوٹے اور گنہگار کے لئے عذاب مقدر ہے۔
جو ان آیات کو جو اس کے سامنے بیان کی جاتی ہیں سنتا ہے۔ پھر تکبر کے ساتھ اپنی ہر بات پر اصرار کرتا رہتا ہے گویا کہ اس نے خدا کے نشان سنے ہی نہیں۔ پس ایسے شخص کو دردناک عذاب کی خبر دے۔
اور جب وہ شخص ہماری آیتوں میں سے کسی کی خبر پاتا ہے تو اس سے تمسخر کرنے لگ جاتا ہے۔ ایسے لوگوں کو رسوا کرنے والا عذاب پہنچے گا۔
ان کے آگے جہنم ہے، اور ان کے اعمال ان کو کچھ بھی نفع نہیں دیں گے اور نہ وہ معبود (نفع دیں گے) جن کو انہوں نے اللہ کے سوا اختیار کر رکھا ہے اور ان کو بہت بڑا عذاب پہنچے گا۔
یہ (سچی) ہدایت ہے اور جنہوں نے اپنے رب کی آیتوں کا کفر کیا ہے ان کو بتوں کی پرستش کی وجہ سے دردناک عذاب پہنچے گا۔