۴۵۔ سورۃ الجاثية
تفسیر صغیر, حصہ 2
اللہ وہی ہے جس نے سمندر کو تمہاری خدمت پر لگایا ہوا ہے تا کہ اس کے حکم سے اس میں کشتیاں چلیں اور تا کہ تم (ان کے ذریعہ سے) اس کے فضل کو تلاش کرو اور تا کہ تم شکر کرو۔
اور جو کچھ آسمانوں میں ہے اور زمین میں ہے سب کا سب اس نے تمہاری خدمت پر لگایا ہوا ہے اس میں فکر کرنے والی قوم کے لئے بڑے نشان ہیں۔
تو مومنوں سے کہہ دے کہ جو لوگ اللہ کی سزا سے نہیں ڈرتے ان کو معاف کر دیں، اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ خدا (خود) ایسی قوم کو ان کے اعمال کی جزا دے گا۔
جو کوئی ایمان کے مطابق عمل کرتا ہے اس کا فائدہ اسی کی جان کو پہنچتا ہے اور جو کوئی برے کام کرتا ہے اس کا نقصان[1] (بھی) اسی کی جان کو پہنچتا ہے پھر تم اپنے رب کی طرف لوٹا کر لے جائے جاؤ گے۔
[1] یہاں عَلٰی کا صلہ ہے جس کے معنے کسی مخالف چیز کے ہوتے ہیں۔ اس لئے ہم نے اس کا ترجمہ نقصان کیا ہے۔
اور ہم نے بنی اسرائیل کو کتاب اور حکومت اور نبوت بخشی تھی اور پاکیزہ چیزوں میں سے رزق عطا فرمایا تھا اور اپنے زمانہ کے لوگوں پر ان کو فضیلت بخشی تھی۔
اور ہم نے ان کو کھلی کھلی شریعت عطا کی تھی اور بنی اسرائیل نے اسی وقت اس کے بارہ میں اختلاف کیا جب ان کے پاس کامل علم (قرآن) آگیا (یہ اختلاف) ان کی باہمی سرکشی کی وجہ سے تھا، تیرا رب ان کے درمیان قیامت کے دن ان کی اختلافی باتوں کے متعلق فیصلہ کرے گا۔
اور ہم نے تجھ کو شریعت کے ایک طریقے[2] پر مقرر کیا ہے پس تو اس کے پیچھے چل اور ان لوگوں کی خواہشوں کے پیچھے مت چل جو علم نہیں رکھتے۔
[2] شریعت کے مختلف طریقے ہیں۔ مثلاً توراۃ بدلہ لینے پر زور دیتی ہے اور انجیل معاف کرنے اور نرمی کرنے پر زور دیتی ہے۔ اسلام ان کے درمیان درمیان اصلاح پر زور دیتا ہے اور سختی کے موقعہ پر سختی اور نرمی کے موقعہ پر نرمی کی تعلیم دیتا ہے پس اس کی تعلیم مسیحی اور موسوی تعلیم کے طریقہ سے مختلف ہے۔
وہ اللہ کے مقابلہ میں تجھے کچھ فائدہ نہیں پہنچا سکتے۔ اور ظالم آپس میں ایک دوسرے کو پناہ دینے والے ہیں اور اللہ متقیوں کو پناہ دینے والا ہے۔
یہ (تعلیمات) لوگوں کے لئے عقلی دلیلیں ہیں اور یقین[3] رکھنے والی قوم کے لئے ہدایت اور رحمت کا موجب ہیں۔
[3] یعنی اگر تاریخ انسانی پر غور کریں تو معلوم ہوگا کہ ظالم ہمیشہ ظالموں کی مدد کرتے آئے ہیں۔ اور اللہ تعالیٰ ہمیشہ ہی متقیوں کی مدد کرتا آیا ہے۔ اور ان کو پناہ دیتا آیا ہے۔
کیا جن لوگوں نے بدیاں کی ہیں وہ خیال کرتے ہیں کہ ہم ان کو مومنوں اور ایمان کے مطابق عمل کرنے والوں کا سا درجہ دیں گے یہاں تک کہ ان دونوں کی زندگی اور موت[1] برابر ہو جائے گی۔ وہ بہت برا فیصلہ کرتے ہیں۔
[1] یعنی زندگی میں بھی اور موت میں بھی ان سے ایک سا معاملہ کیا جائے گا۔
اور اللہ نے آسمانوں اور زمین کو ایک ابدی قانون کے مطابق پیدا کیا ہے اور اس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ ہر شخص کو اس کے عمل کے مطابق جزا ملے گی۔ اور ان میں سے کسی پر بھی ظلم نہیں کیا جائے گا۔
کیا تو نے اس شخص کی حالت پر بھی غور کیا ہے جس نے اپنی خواہش نفسانی کو اپنا معبود بنا لیا ہے اور اللہ نے اس کو (اپنے) علم کامل کی بنا پر گمراہ قرار دیا ہے، اور اس کے کانوں اور اس کے دل پر مہر لگا دی ہے اور اس کی آنکھوں پر پردہ ڈال دیا ہے۔ سو اب اللہ کے (اس فعل کے) بعد اس کو کون ہدایت دے سکے گا؟ کیا تم نصیحت نہیں حاصل کرتے؟