۴۵۔ سورۃ الجاثية

تفسیر صغیر, حصہ 3

اور وہ کہتے ہیں کہ یہی ورلی زندگی ہمارے لئے مقدر ہے اسی زندگی کو گذارتے ہوئے ہم مریں گے اور اسی کا لطف اٹھاتے ہوئے ہم زندہ رہیں گے اور زمانہ ہی ہمیں (اپنے اثر سے) ہلاک کرتا ہے لیکن ان کو اس بات کا کوئی حقیقی علم نہیں وہ صرف ڈھکونسلے مار رہے ہیں۔

اور جب انہیں ہماری کھلی کھلی آیات سنائی جاتی ہیں تو ان کا اس کے سوا کوئی جواب نہیں ہوتا کہ وہ کہہ دیتے ہیں کہ اگر تم سچے ہو تو ہمارے باپ دادوں کو بھی (زندہ کرکے) لے آؤ۔

تو کہہ دے کہ اللہ ہی تم کو زندہ کرتا ہے۔ پھر وہی تم کو مارے گا۔ پھر وہی تم کو قیامت کے دن تک جمع کرتا جائے[1] گا (اور) اس میں کوئی شبہ نہیں لیکن اکثر لوگ اس کا علم نہیں رکھتے۔

[1] اس کا مطلب یہ ہے کہ موت و حیات اللہ تعالیٰ ہی کے اختیار میں ہے اور وہی مارنے کے بعد روحوں کو قیامت تک زندہ رکھتا چلا جائے گا۔ لیکن چونکہ یہ باتیں نظروں سے اوجھل ہوتی ہیں اکثر لوگ اس کو جانتے نہیں۔

اور آسمانوں اور زمین کی بادشاہت خدا ہی کی ہے اور جس وقت موعودہ گھڑی آئے گی اس دن جھوٹ بولنے والے بڑے خسارہ میں ہوں گے۔

اور تو ہر ایک امت کو دیکھے گا کہ وہ زمین پر گھٹنوں کے بل گری ہوئی ہوگی۔ ہر ایک قوم کو اپنی شریعت[2] کی طرف بلایا جائے گا۔ اس دن تم کو تمہارے اعمال کے مطابق جزا دی جائے گی۔

[2] یعنی ہر قوم کا پہلا فیصلہ اس کی شریعت کے مطابق ہوگا کیونکہ وہ دوسری شریعت کو تو جھوٹا سمجھتی تھی مگر کیا اپنی شریعت پر اس کا عمل تھا؟ موجودہ زمانہ میں دیکھو تو اس اصل کو مدنظر رکھ کر نہ مسلمان نجات پاتے ہیں، نہ عیسائی، نہ کوئی اور قوم۔ کیونکہ دوسری شریعتوں کو چھوڑ کر وہ اپنی شریعت پر بھی عمل نہیں کرتے۔

(اور ہم کہیں گے دیکھو) یہ ہماری کتاب[3] ہے جو تمہارے خلاف سچی سچی شہادت دے رہی ہے۔ جو کچھ تم عمل کرتے تھے ہم اس کو لکھتے جاتے تھے۔

[3] یعنی انسان کا اعمال نامہ۔

پس جو لوگ مومن تھے اور جنہوں نے نیک عمل کیے تھے انہیں ان کا رب اپنی رحمت کے (سایہ کے) نیچے رکھے گا اور یہی کھلی کھلی کامیابی ہے۔

اور وہ لوگ جو کافر ہو گئے تھے (ان سے کہا جائے گا کہ) کیا میری آیتیں تم کو پڑھ کر نہ سنائی جاتی تھیں، مگر (باوجود اس کے) تم تکبر کرتے تھے۔ اور تم مجرم قوم میں شامل ہو گئے تھے۔

اور جب ان سے یہ کہا جاتا ہے کہ اللہ کا وعدہ تو سچا ہے اور (دنیا کی) آخری تباہی ضرور آنے والی ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں تو اس پر[1] وہ کہہ دیتے ہیں کہ ہم نہیں جانتے قیامت کیا چیز ہے؟ ہمیں تو اس کے متعلق صرف گمان سا ہے اور ہمیں اس پر یقین کوئی نہیں۔

[1] دیکھئے سورۃ الحج آیت۲۹ نوٹ نمبر۲۔

اور اس وقت ان پر ان کے اعمال کی خرابیاں ظاہر ہو جائیں گے اور جن باتوں پر وہ ہنسا کرتے تھے (یعنی ان کا انکار کیا کرتے تھے) وہ ان کا احاطہ کر لیں گی (اور سچ مچ ان کی آنکھوں کے آگے آجائیں گی)۔

اور ان سے کہا جائے گا کہ آج ہم نے تم کو اسی طرح بے مدد چھوڑ دیا ہے جس طرح کہ تم نے اس دن کی ملاقات کے خیال کو چھوڑ دیا تھا اور تمہارا ٹھکانا آگ ہوگا اور کوئی تمہاری مدد کرنے والا نہیں ہوگا۔

یہ اس لئے ہوگا کہ تم نے اللہ کے نشانوں کو ہنسی کا موجب بنا لیا تھا اور دنیا کی زندگی نے تم کو دھوکا دے دیا تھا۔ پس آج نہ تو وہ اس عذاب سے نکالے جائیں گے اور نہ ان کی طرف سے خدا کو راضی کرنے کی کوشش قبول کی جائے گی۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی