۴۶۔ سورۃ الأحقاف

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

حمید و مجید (خدا اس سورۃ کو نازل کرنے والا ہے)۔

اللہ (یعنی) غالب اور حکمت والی ہستی کی طرف سے اس کتاب (مجید) کو اتارا گیا ہے۔

(اور وہ کہتا ہے کہ) ہم نے آسمانوں اور زمین کو اور جو کچھ ان کے درمیان ہے بلاوجہ پیدا نہیں کیا اور نہ بغیر کوئی مدت مقرر کرنے کے پیدا کیا ہے اور وہ لوگ جنہوں نے انکار کیا ہے وہ اس بات سے اعراض کر رہے ہیں جس سے وہ ڈرائے گئے ہیں۔

تو (ان سے) کہہ دے کہ مجھے بتاؤ تو سہی کہ جن کو تم خدا کے سوا پکارتے ہو، انہوں نے زمین کی کون کون سی چیز پیدا کی ہے؟ یا ان کا آسمان کی پیدائش میں کوئی دخل ہے۔ اگر تم اس دعویٰ میں سچے ہو، تو اس سے پہلے کی کسی کتاب کی دلیل پیش کرو۔ یا اگر (کوئی کتاب نہیں اور) تم سچے ہو، تو کوئی علمی دلیل ہی پیش کرو۔

اور اس سے زیادہ گمراہ کون ہو سکتا ہے جو اللہ کے سوا ان (ہستیوں) کو پکارتا ہے جو قیامت تک اس کی کوئی دعا قبول نہیں کر سکتیں، بلکہ وہ (ہستیاں) ان کی دعاؤں سے بالکل بے علم ہیں۔

اور جب لوگوں کو دوبارہ زندہ کرکے اٹھایا جائے گا وہ (جھوٹے بنائے ہوئے معبود[1]) ان کے دشمن ہوں گے اور ان کی عبادت کا انکار کریں گے۔

[1] اس سے مراد وہ معبود ہیں جن کا ذکر پہلی آیت میں ان الفاظ میں آچکا ہے کہ جو شخص اللہ کے سوا ان ہستیوں کو پکارتا ہے جو اسے قیامت تک جواب نہیں دے سکتیں بلکہ وہ ہستیاں اس کی دعاؤں سے بالکل غافل ہیں، وہ اپنے پکارنے سے کیا فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

اور جب ان کو ہماری کھلی کھلی آیات سنائی جاتی ہیں تو کفار حق کی بات سن کر کہتے ہیں۔ کہ یہ تو ایک کھلا کھلا جادو ہے (پھر ہم اسے کیونکر مانیں)۔

کیا وہ یہ کہتے ہیں کہ یہ (قرآن) اس نے اپنے پاس سے بنا لیا ہے تو ان سے کہدے کہ اگر میں نے اس کو اپنے پاس سے بنا لیا ہے تو (میں خدا کی سزا کا مستحق ہوں اور) تم مجھے خدا کے عذاب کے کسی حصہ سے بھی بچا نہیں سکتے وہ ان باتوں کو خوب جانتا ہے جو تم بے مطلب کرتے رہتے ہو، وہ تمہارے اور میرے درمیان گواہ کے طور پر کافی ہے اور وہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

تو ان سے کہہ دے کہ میں دنیا میں پہلا رسول تو نہیں آیا (مجھ سے پہلے اور کئی رسول گذر چکے ہیں) اور میں نہیں جانتا کہ میرے ساتھ خدا کیا معاملہ کرے گا۔ اور نہ یہ جانتا ہوں کہ تمہارے ساتھ کیا معاملہ کرے گا میں تو صرف اس وحی کی اتباع کرتا ہوں جو مجھ پر نازل ہوئی ہے اور میں تو صرف ایک کھلا کھلا ڈرانے والا ہوں۔

تو کہدے، مجھے بتاؤ تو سہی کہ اگر میری وحی خدا کی طرف سے ہوئی اور تم نے اس کا انکار کر دیا، باوجود اس کے کہ بنی اسرائیل میں سے ایک گواہ (یعنی موسیٰ) گواہی دے چکا ہے کہ اس کی مانند ایک شخص ظاہر[2] ہوگا (تو کیا یہ عجیب بات نہیں ہوگی کہ وہ جو پہلے گذرا تھا) وہ تو ایمان لے آیا اور تم (جن کے زمانہ میں وہ آیا ہے) تکبر سے کام لے رہے ہو اللہ ظلم کرنے والوں کو کبھی راہ ہدایت نہیں دکھاتا۔

[2] اس میں استثنا باب۱۸ آیت۱۸ کی اس پیشگوئی کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ ’’خداوند تیرا خدا تیرے لئے تیرے ہی درمیان سے تیرے ہی بھائیوں میں سے تیری مانند ایک نبی برپا کرے گا۔‘‘

اور کفار مومنوں سے کہتے ہیں کہ اگر قرآن کوئی اچھی تعلیم ہوتا تو یہ (مومن) ہم سے پہلے اس پر ایمان نہ لاتے اور چونکہ ان (کفار) پر اس کی صداقت نہیں کھلی وہ (نامرادی اور غصہ سے یہی بات) کہیں گے کہ یہ تو ایک پرانا جھوٹ ہے (جو پہلے لوگ بھی خدا کے متعلق بولتے آئے ہیں)۔

آج 10 میں سے 10 باقی