۴۶۔ سورۃ الأحقاف

تفسیر صغیر, حصہ 2

حالانکہ اس سے پہلے موسیٰ کی کتاب گذر چکی ہے جو راہنمائی کرنے والی بھی تھی اور رحمت بھی تھی۔ اور یہ (قرآن) ایک ایسی کتاب ہے جو اپنے سے پہلی کتابوں کی تصدیق [1]کرتی ہے اور عربی زبان میں ہے تا کہ جنہوں نے ظلم کیا ہے ان کو ڈرائے اور جو لوگ خدائی حکم کے مطابق کام کرتے ہیں ان کو بشارت[2] دے۔

[1] یسعیاہ باب۲۱ آیت۱۳ تا ۱۷ میں عرب میں ایک نبی کے مبعوث ہونے کی خبر دی گئی ہے اور اس میں بتایا گیا ہے کہ اسے اپنے وطن سے ہجرت کرنی پڑے گی اور اپنے مخالفوں سے جنگ بھی کرنی پڑے گی جس میں وہ کامیاب ہوگا اور اس کے دشمن ذلیل ہوں گے۔

[2] یعنی ظالموں کے لئے راستہ کھل جائے گا کہ وہ اپنے ظلموں سے کسی قدر ہٹ جائیں اور محسنوں کو نیکی کرنے کی اور زیادہ رغبت پیدا ہوگی۔

(یعنی) وہ لوگ جو یہ کہتے ہیں کہ اللہ ہی ہمارا رب ہے پھر وہ اس دعویٰ پر مضبوطی سے قائم ہو جاتے ہیں سو ایسے لوگوں کو نہ تو کسی آئندہ بات کا ڈر ہوگا اور نہ پچھلے زمانہ کی کسی کوتاہی کا غم ہوگا۔

یہ لوگ جنت میں جانے والے ہیں وہ اس میں اپنے گذشتہ اعمال کے بدلہ کے طور پر رہتے چلے جائیں گے۔

اور ہم نے انسان کو اپنے والدین سے احسان کی تعلیم دی تھی کیونکہ اس کی ماں نے اس کو تکلیف کے ساتھ پیٹ میں اٹھایا تھا اور پھر تکلیف کے ساتھ اس کو جنا تھا اور اس کے اٹھانے اور اس کے دودھ چھڑانے پر تیس[1] مہینے لگے تھے۔ پھر جب یہ انسان اپنی کامل جوانی یعنی چالیس سال کو پہنچ گیا تو اس نے کہا۔ اے میرے رب! مجھے اس بات کی توفیق دے کہ میں تیری اس نعمت کا شکریہ ادا کروں جو تو نے مجھ پر اور میرے ماں باپ پر کی ہے اور (اس بات کی بھی توفیق دے) کہ میں ایسے اچھے اعمال کروں جن کو تو پسند کرے اور میری اولاد میں بھی نیکی کی بنیاد قائم کر۔ میں تیری طرف جھکتا ہوں اور میں تیرے فرمانبردار بندوں میں سے ہوں۔

[1] دیکھئے نوٹ سورۃ لقمان آیت۱۵۔

(جو لوگ ایسا کریں گے) وہی لوگ ایسے ہونگے جن کے اچھے اعمال ہم قبول کریں گے اور ان کی بدیوں سے ہم درگذر کریں گے۔ یہ لوگ جنت میں جائیں گے۔ یہ ایک سچا وعدہ ہے۔ جو شروع (پیدائش آدم) سے مومنوں سے کیا جا رہا ہے۔

اور (ایک) ایسا شخص (بھی ہوتا ہے) جو اپنے والدین سے کہتا ہے تم پر افسوس! کیا تم مجھے یہ خبر پختہ طور پر دیتے ہو کہ مجھے زندہ کرکے زمین سے نکالا جائے گا، اور صدی پر صدی پہلے گذر چکی ہے (لیکن ان میں سے کوئی شخص زندہ ہو کر نہیں آیا) اور (اس کے) دونوں (ماں باپ) اللہ سے فریاد کرتے ہوئے کہتے ہیں۔ اے بچے! تجھ پر افسوس! خدا پر ایمان لا، اللہ کا وعدہ ضرور پورا ہو کر رہے گا اس پر وہ انہیں جواب دیتا ہے یہ تو صرف پہلوں کی کہانیاں ہیں۔

ایسے ہی لوگ ہیں جن پر ان امتوں میں سے جو ان سے پہلے گذر چکی ہیں خواہ جنّوں[2] میں سے تھیں یا انسانوں میں سے عذاب کی پیشگوئی پوری ہوگئی۔ وہ لوگ گھاٹا پانے والے تھے۔

[2] دیکھئے نوٹ سورۃ سبا آیت۱۵۔

اور ان سب کو ان کے اعمال کے مطابق درجات ملیں گے اور یہ اس لئے ہوگا کہ اللہ ان کو ان کے اعمال کا پورا بدلہ دے اور ان پر ظلم نہ کیا جائے۔

اور جس دن کافروں کو دوزخ کے سامنے پیش کیا جائے گا (اور کہا جائے گا) تم دنیا کی زندگی میں اپنے سب انعامات ختم کر چکے ہو اور دنیا کی زندگی سے جتنا فائدہ اٹھانا تھا اٹھا چکے ہو۔ پس آج تم کو زمین میں بغیر حق کے تکبر کرنے اور نافرمانی کرنے کی وجہ سے رسوائی کا عذاب دیا جائے گا۔

اور (اے نبی)! عاد کے بھائی (ہود) کو بھی یاد کر جب اس نے اپنی قوم کو احقاف [1]میں ڈرایا تھا اور اس (ہود) سے پہلے بھی کئی نبی گذر چکے تھے اور اس کے بعد بھی ظاہر ہوئے اور ان میں سے ہر ایک یہ تعلیم دیتا تھا کہ اللہ کے سوا کسی کی پرستش نہ کرو۔ میں تم پر ایک بڑے[2] دن کے عذاب کے آنے سے ڈرتا ہوں۔

[1] اَحْقَاف، حِقْفٌ کی جمع ہے جس کے معنے ریت کے اونچے ٹیلے کے ہوتے ہیں۔ یہ نام اس قوم کے انجام کی وجہ سے رکھا گیا ہے۔ ورنہ پہلے تو وہ سر سبز زمین میں رہتے تھے۔ مگر جیسا کہ قرآن کریم میں بیان کیا گیا ہے، ان پر ایک سخت آندھی آئی جو سات رات دن تک چلتی رہی اور وہ تباہ ہو گئے (سورۃ الحآقۃ: ۷،۸) اور اس آندھی کی وجہ سے ان کے ملک میں کثرت سے ریت کے ٹیلے پیدا ہو گئے جن کے نیچے وہ قوم دَب گئی۔

[2] عذاب کی چھوٹی گھڑی بھی لمبی معلوم ہوتی ہے۔ اس لئے قرآن کریم میں عذاب کے دن کو اکثر یوم عظیم کہا جاتا ہے کیونکہ عذاب کا دن ختم ہوتا نظر نہیں آتا۔

ان لوگوں نے کہا کیا تو ہمارے پاس اس لئے آیا ہے کہ ہمیں اپنے معبودوں سے ہٹا دے اگر اسی طرح ہے تو اپنے سچا ہونے کی صورت میں جس چیز کا تو ہم سے وعدہ کرتا ہے اسے ہمارے پاس لے آ۔

(ہود نے) کہا کہ حقیقی علم تو اللہ کے پاس ہے اور میں تو صرف وہ تعلیم تم تک پہنچاتا ہوں جس کے پہنچانے کی ذمہ داری خدا نے مجھ پر ڈالی ہے لیکن میں دیکھتا ہوں کہ تم ایک جاہل قوم ہو۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی