۴۶۔ سورۃ الأحقاف
تفسیر صغیر, حصہ 3
پس جب اس کی قوم نے اس عذاب کو ایک بادل کی صورت میں اپنی وادیوں کی طرف بڑھتے ہوئے دیکھا تو انہوں نے کہا یہ ایک بادل ہے جو ہم پر بارش برسائے گا (ہم نے کہا) نہیں، یہ وہ (عذاب) ہے جس کو تم جلدی مانگتے تھے (یہ) ایک ہوا ہے، جس میں دردناک عذاب پوشیدہ ہے۔
یہ ہوا اپنے رب کے حکم سے ہر چیز کو تباہ کرتی جائے گی۔ پس نتیجہ یہ ہوا کہ ان پر صبح ایسے وقت میں آئی کہ صرف ان کے گھر ہی نظر آتے تھے (سب قوم ریت میں دب گئی) اسی طرح ہم مجرم قوم کو جزا دیا کرتے ہیں۔
اور ہم نے ان کو وہ طاقت بخشی تھی۔ جو طاقت تم کو نہیں بخشی اور ہم نے ان کو تمہاری طرح کان اور آنکھیں اور دل بھی دئے تھے (مگر انہوں نے بھی تمہاری طرح ان چیزوں سے کام نہ لیا) سو ان کے کانوں اور آنکھوں اور دلوں نے ان کو کوئی نفع نہ دیا کیونکہ وہ اللہ کی آیتوں کے انکار پر اصرار کرتے تھے اور جس عذاب سے وہ ٹھٹھا کرتے تھے، اسی نے ان کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔
اور ہم ان بستیوں کو بھی ہلاک کر چکے ہیں جو تمہارے اردگرد ہیں۔ اور ہم نے نشانات کو کھول کھول کر بیان کر دیا ہے تا کہ (ان آیات کے مخاطب) اپنی ضد سے باز آئیں۔
پھر کیوں نہ ان لوگوں نے جن کو انہوں نے اللہ کے سوا اس لئے معبود بنا رکھا تھا کہ وہ ان کو خدا کے قریب کر دیں ان کی مدد کی، بلکہ وہ موقع پر ان (کی آنکھوں) سے غائب ہو گئے اور یہ ان کے جھوٹ اور افترا کا نتیجہ ہے۔
اور جب ہم جنّوں میں سے کچھ لوگوں کو تیری طرف پھیر[1] کر لے آئے جو قرآن سننے کی خواہش رکھتے تھے۔ پس جب وہ (مجلس قرآن خوانی میں) حاضر ہوئے تو انہوں نے ایک دوسرے سے کہا چپ ہو جاؤ۔ پھر جب قرآن کی تلاوت ختم ہو گئی تو وہ اپنی قوم کی طرف واپس چلے گئے اور ان میں جاکر اسلام کی اشاعت شروع کر دی۔
[1] اس آیت میں جِنّ کا لفظ استعارۃً ایک یہودی وفد کے لئے بولا گیا ہے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی خبر سن کر پوشیدہ طور پر آپ سے ملنے آیا تھا اور نصیبین واقعہ عراق کا رہنے والا تھا۔ وہ لوگ چونکہ دور سے آئے تھے۔ چُھپ کر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ملے تا کہ ان کی قوم اور عرب کے لوگ دشمن نہ ہو جائیں (فتح البیان جلد۸ ص۳۵۵)
(اور) اپنی قوم سے کہا، اے ہماری قوم! ہم نے ایک ایسی کتاب کو سنا ہے جو موسیٰ کے بعد اتاری گئی ہے اور جو کتابیں اس سے پہلے اتری ہیں ان کی تصدیق کرتی ہے اور سچ کی طرف اور سیدھے راستہ کی طرف راہنمائی کرتی ہے۔
اے ہماری قوم! اللہ کی طرف سے نئی کتاب کے لانے والے شخص کی پکار کو قبول کرو اور اس پر ایمان لے آؤ، نتیجہ یہ ہوگا کہ اللہ تمہارے گناہوں کو معاف کر دے گا اور تم کو آنے والے دردناک عذاب سے پناہ دے گا۔
اور جو اللہ کی طرف بلانے والے کی بات کو قبول نہیں کرتا وہ اسے دنیا میں ہرا نہیں سکتا اور خدا کے سوا اس کو پناہ دینے والے وجود کہیں نہیں، ایسے لوگ کھلی گمراہی میں مبتلا ہوتے ہیں۔
کیا وہ نہیں دیکھتے کہ وہ خدا جس نے آسمانوں اور زمینوں کو پیدا کیا ہے اور ان کی پیدائش سے تھکا نہیں وہ اس پر بھی قادر ہے کہ مردوں کو زندہ کرے وہ اپنے ہر ارادہ کو پورا کرنے پر قادر ہے۔
اور جس دن کافروں کو آگ کے سامنے پیش کیا جائے گا اور کہا جائے گا کیا یہ حق نہیں؟ وہ کہیں گے ہاں ہاں! ہمیں اپنے رب کی قسم! (یہ بالکل سچ ہے) تب (اللہ) فرمائے گا، اچھا تم اپنے کفر کی وجہ سے عذاب کو چکھو۔
پس (اے نبی)! تو بھی (اسی طرح) صبر کر جس طرح پختہ ارادے والے رسول (تجھ سے پہلے) صبر کر چکے ہیں اور ان کے لئے یہ دعا نہ کر کہ ان پر جلدی عذاب آجائے جس دن وہ اپنے موعود عذاب کو دیکھیں گے ان کی حالت ایسی ہوگی کہ گویا وہ اس دنیا میں بہت تھوڑا سا وقت رہے ہیں یہ بات (ان کفار کے لئے) محض ایک نصیحت کے طور پر کہی گئی ہے۔ اور فاسق قوم کے سوا کسی کو ہلاک نہیں کیا جا سکتا۔