۴۷۔ سورۃ محمد
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا اور اللہ کے راستے سے روکا، اللہ نے ان کے اعمال کو تباہ کر دیا۔
اور جو ایمان لائے اور انہوں نے ایمان کے مطابق عمل کیے اور جو محمد (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم) پر نازل ہوا، اس پر ایمان لائے اور وہی ان کے رب کی طرف سے حق ہے۔ اللہ ان کی بدیوں کو ڈھانپ دے گا اور ان کے حالات کو درست کر دے گا۔
یہ اس لئے کیا گیا کہ جنہوں نے کفر کیا تھا انہوں نے جھوٹ کی پیروی کی تھی۔ اور جو ایمان لائے تھے وہ اپنے رب کی طرف سے آنے والے حق کے پیچھے چلے تھے اللہ اسی طرح لوگوں کے سامنے ان کا (اصل) حال بیان کرتا ہے۔
پس (چاہیئے کہ) جب تم کافروں سے میدان جنگ میں ملو، تو گردنیں[1] کاٹو۔ یہاں تک کہ جب تم ان کا خون بہالو، تو خوب زور سے مشکیں کسو۔ پھر اس کے بعد یا تو احسان کرکے (ان کو چھوڑ دو) یا تاوان جنگ لے کر (چھوڑ دو) یہاں تک کہ لڑائی اپنے ہتھیار رکھ دے (یعنی ختم ہو جائے) یہ سب کچھ حالات کے ماتحت ہوا ہے۔ اور اگر اللہ چاہتا تو خود ہی ان سے بدلہ لے لیتا۔ لیکن اس نے چاہا کہ تم میں سے بعض کو بعض کے ذریعہ سے آزمائے جو لوگ اللہ کے راستہ میں مارے گئے۔ اللہ ان کے اعمال کو کبھی ضائع نہیں کرے گا۔
[1] بعض لوگ ان آیات پر اعتراض کرتے ہیں۔ حالانکہ آج بھی دنیا میں جنگیں ہو رہی ہیں اور ہر جنگ میں بالمقابل سپاہی دشمن کی گردن ہی کاٹتا ہے۔ اگر کہو کہ پھر ذکر کیوں کیا۔ تو اس کا جواب یہ ہے کہ اسلام نے نرمی کی اس قدر تعلیم دی ہے کہ خوف تھا کہ اگر یہ آیت نازل نہ ہوتی، تو مسلمان جنگ میں دشمن کو قتل کرنا ناجائز سمجھتے۔
وہ ان کو ضرور کامیابی کی طرف لے جائے گا اور ان کی حالت کو درست کرے گا۔
اور ان کو ان جنتوں میں داخل کرے گا جو اس نے ان کو پہلے سے بتا چھوڑی ہیں۔
اے مومنو! اگر تم اللہ کی مدد[1] کرو گے تو وہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہارے قدموں کو مضبوط کرے گا۔
[1] مراد یہ ہے کہ اللہ کے دین کی۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنی ذات میں کسی مدد کا محتاج نہیں۔ چنانچہ وہ خود فرماتا ہے کہ مَیں غنیؔ اور صمدؔ ہوں۔
اور جنہوں نے کفر کیا ہے ان پر افسوس ہے اور خدا ان کے اعمال کو ضائع کر دے گا۔
کیونکہ انہوں نے اللہ کے اتارے ہوئے (کلام) کو ناپسند کیا ہے سو خدا نے بھی ان کے اعمال کو ضائع کر دیا۔
کیا وہ زمین میں نہیں پھرے کہ دیکھتے کہ جو ان سے پہلے گذر چکے ہیں ان کا انجام کیا ہوا۔ اللہ نے ان پر عذاب نازل کیا تھا اور (آج کل کے) کافروں کا بھی انہی جیسا حال ہوگا۔
یہ (اس لئے ہوگا) کہ اللہ مومنوں کا مددگار ہے۔ اور کافروں کا کوئی مددگار نہیں۔