۴۷۔ سورۃ محمد

تفسیر صغیر, حصہ 2

اللہ مومنوں اور ایمان کے مطابق عمل کرنے والوں کو ایسے باغات میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہ رہی ہوں گی اور جنہوں نے کفر کیا ہے وہ کچھ دنیوی فائدہ اٹھائیں گے اور اس طرح کھائیں پئیں گے جس طرح چارپائے کھاتے پیتے ہیں۔ اور دوزخ ان کا ٹھکانا ہوگا۔

اور بہت سے بستیاں ایسی تھیں جو تیری اس بستی سے جس نے تجھ کو نکال دیا زیادہ طاقتور تھیں (پھر بھی) ہم نے (ان کی طاقت کے باوجود) ان کو ہلاک کر دیا اور کوئی ان کا مددگار نہ بن سکا۔

کیا وہ جو اپنے رب کی طرف سے ایک (مضبوط) دلیل پر قائم ہوتا ہے ان کی طرح ہو سکتا ہے جن کے برے اعمال انہیں خوبصورت کرکے دکھائے گئے ہوں اور جو اپنی خواہشوں کے پیچھے چلتے ہوں۔

متقیوں سے جن جنتوں کا وعدہ کیا گیا ہے ان میں ایسے پانی کی نہریں ہونگی جس میں سڑنے کا مادہ نہیں ہوگا اور ایسی نہریں ہونگی جن میں ایسا دودھ چلتا ہوگا جس کا مزا کبھی نہیں بدلے گا (یعنی وہ بھی نہیں سڑے گا) اور ایسی شراب کی نہریں ہونگی جو پینے والوں کو مزے دار لگیں گی اور پاک و صاف شہد کی نہریں بھی ہونگی اور ان کو ان جنتوں میں ہر قسم کے پھل بھی ملیں گے اور اپنے رب کی طرف سے مغفرت بھی ملے گی (کیا یہ جنتی) ان لوگوں کی طرح ہو سکتے ہیں جو کہ دیر تک آگ میں رہنے کے مستحق قرار دیئے گئے ہیں اور جن کو ایسا گرم پانی پلایا جائے گا جو ان کی انتڑیوں کو کاٹ دے گا۔

اور ان میں سے بعض ایسے ہیں جو بظاہر تیری طرف کان رکھتے ہیں مگر جب[1] وہ تیرے پاس سے اٹھ کر چلے جاتے ہیں تو ان لوگوں سے جن کو علم دیا گیا ہے کہتے ہیں۔ اس (رسول) نے ابھی کیا کہا تھا۔ وہ لوگ ایسے ہیں جن کے دلوں پر اللہ نے مہر کر دی اور وہ اپنی خواہشات کے پیچھے چل پڑے ہیں۔

[1] قرآن مجید میں حَتّٰی کا لفظ ہے جو ابتدائیہ بھی ہوتا ہے اور اس کے معنے واؤ کے بھی ہوتے ہیں۔ اسی کے مطابق ہم نے ’’مگر‘‘ کا ترجمہ کیا ہے (اقرب)

اور وہ لوگ جو کہ ہدایت پاتے ہیں، اللہ ان کو ہدایت میں زیادہ کرتا جاتا ہے اور ان کو ان کے مناسب حال تقویٰ بخشتا ہے۔

پس وہ صرف آخری فیصلہ کی گھڑی کا انتظار کر رہے ہیں کہ وہ ان کے پاس اچانک آجائے۔ سو اس کی علامتیں تو ظاہر ہو چکی ہیں اور جب اس کی اصل حقیقت ان کے پاس آپہنچے گی تو (بتائیں کہ) اس وقت ان کو کیا چیز نفع دے گی؟

اور جان لے کہ اللہ کے سوائے کوئی معبود نہیں اور تیرے حق میں جو (تیری منکر قوم نے) گناہ [1]کیے ہیں ان کے لئے خدا سے معافی مانگتا رہ اور مومن مردوں اور مومن عورتوں کے بارے میں بھی معافی مانگتا رہ کہ اللہ ان کی کوتاہیوں کو معاف کر دے اور اللہ تمہارے ادھر ادھر پھرنے اور کسی جگہ ٹھہرنے کو خوب جانتا ہے۔

[1] دیکھئے نوٹ سورۃ فتح آیت۳۔ نیز دیکھئے تفسیر کبیر جلد دہم صفحہ ۴۸۳ تا ۴۹۵ تفسیر سورۃ نصر۔

اور مومن کہتے ہیں کہ کیوں (اس پر) کوئی ایسی [2]سورۃ نازل نہیں ہوئی (جس میں جنگ کا حکم ہو) پس جب کوئی ایسی پختہ (احکام والی) سورۃ نازل ہوتی ہے اور اس میں لڑائی کا ذکر ہوتا تو تو ان لوگوں کو جن کے دلوں میں بیماری ہے دیکھتا ہے کہ وہ تیری طرف ایسے آدمی کی طرح دیکھتے ہیں جس پر موت[3] کی غشی طاری ہو۔ پس ان کے لئے (خدا کی طرف سے) ہلاکت مقدر ہے۔

[2] یعنی مومنوں کو عمل شریعت کا اس قدر شوق ہوتا ہے کہ وہ تو انتظار کرتے رہتے ہیں کہ خدا کا کوئی حکم نازل ہو اور ہم اس پر عمل کریں۔ مگر منافق کی حالت یہ ہوتی ہے کہ جب کوئی قربانی والا حکم نازل ہو تو اس پر موت اپنے آنے سے پہلے وارد ہو جاتی ہے۔

[3] یعنی ایسی غشی جو موت کے قریب آتی ہے جس وقت آنکھیں بالکل پھٹی کی پھٹی رہ جاتی ہیں۔

(ان کا اصل طریق یہ ہونا چاہیئے تھا کہ وہ کہتے کہ ہمیں کسی جلد بازی کی ضرورت نہیں) ہمارا کام تو اطاعت کرنا اور (لوگوں کو) نیک باتیں سنانا ہے پھر جب بات پختہ ہو جاتی (یعنی لڑائی چھڑ جاتی) تو اگر وہ اللہ کے حضور سچے بنتے (یعنی جو اطاعت کا وعدہ کیا تھا اسے پورا کر دیتے) تو یہ ان کے لئے بہتر ہوتا۔

پس کیا یہ امر قریب[1] نہیں کہ اگر تم پیٹھ پھیر لو تو (پھر بھی) زمین میں فساد کرنے کا موجب ہو جاؤ۔ اور رشتوں کو کاٹ دو۔

[1] یعنی کیا تم لوگ دیکھتے نہیں کہ اسلامی جنگیں فساد پیدا نہیں کرتیں۔ بلکہ اگر یہ جنگیں نہ کی جائیں، اور مظلوموں کی حفاظت نہ کی جائے تو فساد پیدا ہوتا ہے۔ پس مومن ایسی اعلیٰ حکمت والی جنگوں سے گھبرا ہی نہیں سکتا۔

یہی وہ لوگ ہیں جن پر اللہ نے لعنت کی ہے اور ان کو بہرہ کر دیا ہے، اور ان کی آنکھوں کی بینائی ضائع کر دی ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی