۴۸۔ سورۃ الفتح

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

ہم نے تم کو ایک کھلی کھلی فتح بخشی ہے۔

جس کا نتیجہ [1]یہ ہوگا کہ اللہ تیرے متعلق کیے گئے وہ گناہ بھی جو پہلے گذر چکے ہیں ڈھانک دے گا اور جو اب تک ہوئے نہیں (لیکن آئندہ ہونے کا امکان ہے) ان کو بھی ڈھانک دے گا اور تجھ پر اپنی نعمت پوری کرے گا اور تجھے سیدھا راستہ دکھائے گا۔

[1] یہ سورۃ صلح حدیبیہ کے متعلق ہے اور اس میں کہا گیا ہے کہ فتح مکہ سے پہلے ایک اور فتح آنے والی ہے یعنی حدیبیہ کی صلح۔ جس میں عرب کے بہت سے قبیلے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے معاہدہ کریں گے۔ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو چاہیے اس وقت عفو سے کام لیں اور جو خطائیں عرب پہلے کر چکے ہیں ان کے لئے بھی مغفرت چاہیں اور ان کے لئے بھی جو صلح حدیبیہ اور فتح مکہ کے زمانہ کے درمیان ہونے والی ہیں۔ ورنہ یہ مرادنہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی گناہ کیا تھا۔ چنانچہ ہر شخص سمجھ سکتا ہے کہ جہاں بھی ذَنْب کا ذکر آتا ہے فتح کے موقعہ پر آتا ہے۔ پس ذَنْبسے مراد آپ کا کیا ہوا گناہ نہیں۔ بلکہ آپ کے متعلق کیا ہوا عرب قبائل یا کفار کا گناہ ہے۔

اور اللہ تیری شان دار مدد کرے گا۔

وہ (خدا) ہی ہے جس نے مومنوں کے دلوں پر سکینت اتاری تا کہ جو ایمان ان کو پہلے نصیب تھا اس کے ساتھ اور ایمان بھی ان کو حاصل ہو جائے، اور اللہ کے آسمانوں میں بھی لشکر ہیں اور زمین بھی اور اللہ بڑے علم والا اور بڑی حکمت والا ہے۔

(مومنوں کا ایمان بڑھانا) اس لئے ہوگا تا کہ وہ (اللہ) مومن مردوں اور مومن عورتوں کو ایسی جنتوں میں داخل کرے جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی وہ ان میں ہمیشہ رہتے چلے جائیں گے اور تا کہ وہ (اللہ) ان کے گناہ[1] مٹا دے اور اللہ کے نزدیک یہی بڑی کامیابی ہے۔

[1] یعنی ایمان کی زیادتی کے نتیجہ میں ایک تو اُخروی انعام بڑھ جائے گا۔ دوسرے وہ گناہوں سے پاک ہو جائیں گے۔

اور تا کہ منافق مردوں اور منافق عورتوں اور مشرک مردوں اور مشرک عورتوں کو جو اللہ پر بدگمانی کرنے والے ہیں عذاب[2] دے۔ مصیبت کا چکر انہی پر آئے گا اور اللہ نے ان پر غضب نازل کیا ہے اور اپنی درگاہ سے ان کو دور کر دیا ہے اور ان کے لئے اس نے جہنم تیار کر رکھی ہے، جو بہت برا ٹھکانا ہے۔

[2] یعنی مومنوں کے ایمان کی زیادتی منافق مردوں اور منافق عورتوں کے عذاب کا موجب ہو جائے گی۔ یعنی وہ تو یہ امید رکھتے تھے کہ ان حالات میں مومن متزلزل ہو جائیں گے۔ لیکن نتیجہ اُلٹا نکلا کہ وہ ایمان میں اور بھی بڑھ گئے پس منافقوں اور مشرکوں کے ہاتھ میں سوائے کڑھنے اور جلنے کے عذاب کے کچھ بھی نہ آیا۔ اسی طرح ان لوگوں کے ہاتھ بھی کچھ نہ آیا۔ جو اللہ تعالیٰ پر بدگمانی کرتے تھے۔ اور سمجھتے تھے کہ ان کی تدبیریں اسلام کو نقصان پہنچائیں گی۔

اور آسمانوں اور زمین کے لشکر اللہ ہی کے ہیں۔ اور اللہ بڑا غالب (اور) حکمت والا ہے۔

ہم نے تجھے (اپنی صفات کے لئے) گواہ اور (مومنوں کے لئے) بشارت دینے والا اور (کافروں کے لئے) ہوشیار کرنے والا بنا کر بھیجا ہے۔

تا کہ تم اس کے ذریعہ سے اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ اور اس کی مدد کرو اور اس کی عزت کرو۔ اور صبح و شام اس کی تسبیح کرو[3]۔

[3] عربی کا ایک قاعدہ انتشارِ ضمائر کا بھی ہے جس کے معنے یہ ہوتے ہیں کہ ایک ہی فقرہ میں کئی پہلے گذرے ہوئے وجودوں کی طرف ایک ضمیر پھیری جاتی ہے اور اس ضمیر کے معنے کرتے وقت کبھی وہ ایک وجود کی طرف پھرتی ہے اور کبھی دوسرے کی طرف۔ چنانچہ اس آیت میں تُعَزِّرُوْہُ میں ہٗ کی ضمیر رسول کی طرف پھرتی ہے اور تُوَقِّرُوْہُ میں ہٗ کی ضمیر خداتعالیٰ اور رسول دونوں کی طرف پھرتی ہے اور تُسَبِّحُوْہُ میں خداتعالیٰ کی طرف پھرتی ہے گویا ضمیر تو ایک ہی ہے لیکن اس کے مرجع مختلف ہیں کبھی خداتعالیٰ ہے اور کبھی رسول۔

وہ لوگ جو تیری بیعت کرتے ہیں وہ صرف اللہ کی بیعت کرتے ہیں۔ اللہ کا ہاتھ ان کے ہاتھ پر ہے۔ پس جو کوئی اس عہد کو توڑے گا تو اس کے توڑنے کا وبال اس کی جان پر پڑے گا۔ اور جو کوئی اس عہد کو جو اس نے خدا سے کیا تھا پورا کرے گا اللہ اس کو اس کا بہت بڑا اجر دے گا۔

اعراب[1] میں سے جو پیچھے چھوڑ دئیے گئے تھے ضرور کہیں گے کہ ہمارے مال اور ہمارے اہل و عیال نے ہم کو مشغول رکھا (اس لئے ہم اس سفر [2]پر نہیں گئے) پس تو ہمارے لئے استغفار کر۔ وہ اپنی زبانوں سے وہ بات کہتے ہیں جو ان کے دلوں میں نہیں۔ تو کہہ دے اگر اللہ تم کو کوئی نقصان پہنچانا چاہے یا تم کوکوئی نفع دینا چاہے تو کون وجود ہے جو اس کے خلاف تمہارے لئے کچھ بھی کر سکتا ہے؟ ایسا ہرگز نہیں بلکہ اللہ تمہارے اعمال سے خبردار ہے۔

[1] اعراب سے مراد وہ عرب ہیں جو جنگل میں رہتے تھے۔ ان آیات میں ان لوگوں میں سے جو منافق تھے، یعنی عامر، اسد اور غطفان کے قبائل میں سے، ان کا ذکر ہے۔

[2] یعنی جنگِ تبوک میں۔ مفسرین اسے فتح مکہ پر لگاتے ہیں۔ ہم نے تبوک پر لگایا ہے جو بعد میں ہوئی ہے۔ چونکہ اس سورۃ میں سَیَقُوْلُ لَکَ الْمُخَلَّفُوْنَ کے الفاظ ہیں جو آئندہ پر دلالت کرتے ہیں اس لئے ہمارا استدلال زیادہ صحیح ہے۔ کیونکہ سورۃ توبہ سے معلوم ہوتا ہے کہ پیچھے رہنے والے لوگ تبوک کے واقعہ سے تعلق رکھتے تھے۔

آج 10 میں سے 10 باقی