۴۸۔ سورۃ الفتح
تفسیر صغیر, حصہ 2
حقیقت یہ ہے کہ تم نے گمان کیا تھا کہ رسول اور مومن کبھی بھی اپنے اہل و عیال کی طرف سلامت لوٹ کر نہیں آئیں گے اور یہ امر تمہاری نظر میں خوبصورت کرکے دکھایا گیا تھا (اور تم دل میں بہت خوش تھے) اور تم (مومنوں کے متعلق اور خدا کے متعلق) برے گمان کرتے تھے (حالانکہ مومن نہیں) بلکہ تم خود ہلاک ہونے والے لوگوں میں شامل ہوگئے تھے۔
اور جو شخص اللہ اور اس کے رسول پر ایمان نہیں لاتا (وہ یاد رکھے کہ) ہم نے کافروں کے لئے بھڑکنے والا عذاب مقدر کر چھوڑا ہے۔
اور آسمانوں اور زمین کی بادشاہت اللہ ہی کے قبضہ میں ہے جس کو چاہتا ہے معاف کر دیتا ہے اور جس کو چاہتا ہے عذاب دیتا ہے اور اللہ بہت معاف کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
جب تم غنیمت [1]کے اموال کو جمع کرنے کے لئے چلو گے تو پیچھے چھوڑے گئے لوگ کہیں گے کہ ہم کو اجازت دو کہ ہم بھی تمہارے پیچھے چلیں، وہ چاہیں گے کہ اللہ کے فیصلہ کو بدل ڈالیں تو کہہ دے تم ہرگز ہمارے پیچھے نہیں آسکتے۔ یہی تمہارے متعلق فیصلہ ہے جو اللہ اس سے پہلے دے چکا ہے۔ اس پر وہ کہیں گے۔ اصل میں تم ہم پر حسد کرتے ہو۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ سمجھ سے بالکل کورے ہیں۔
[1] تبوک سے لائے ہوئے اموال یا جنگ خیبر میں حاصل شدہ اموال کی طرف اشارہ ہے۔
اعراب میں سے جو لوگ پیچھے چھوڑے گئے ہیں تو ان سے کہدے کہ ضرور تم ایک ایسی قوم سے جنگ کرنے کے لئے بلائے[2] جاؤ گے جو فنون جنگ میں بڑی ماہر[3] ہے تم ان سے اس وقت تک جنگ کرو گے کہ وہ مسلمان[4] ہو جائیں۔ پس اگر تم (اس وقت خدا کی آواز) مانو گے تو اللہ تم کو بڑا اچھا اجر دے گا اور اگر تم (حکم سے) روگردانی کرو گے جس طرح اس سے پہلے (روگردانی) کی تھی تو اللہ تم کو دردناک عذاب دے گا۔
[2] اس آیت میں کسریٰ اور قیصر کے ساتھ کی جنگوں کا ذکر ہے۔ منافقوں سے کہا گیا ہے کہ اگر ان کے ساتھ جنگوں میں ہمت دکھاؤ گے تو قصور معاف ہو جائے گا، ورنہ خداتعالیٰ کا عذاب تمہیں ملے گا۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے زمانہ میں کچھ عرب رؤساء کے لڑکے آپ کے پاس آئے اور کہا ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے باپ دادوں کے اعمال ہمارے راستہ میں حائل نہ ہوں۔ آپ ہمارے خاندانوں کو جانتے ہیں کوئی ایسی تدبیر بتائیں کہ یہ پچھلا داغ مٹ جائے۔ اس وقت حضرت عمر رضی اللہ عنہ کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور بول نہ سکے۔ ہاتھ سے شام کی طرف اشارہ کیا اور اشارۃً بتایا کہ اگر وہاں چلے جاؤ تو شاید کفارہ ہو جائے۔ چنانچہ وہ رئیس زادے اسی وقت گھوڑوں پر بیٹھ کر شام چلے گئے اور اسلامی لشکر میں شامل ہو گئے اور تاریخ کہتی ہے کہ ان میں سے کوئی زندہ لوٹ کر نہیں آیا۔ حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے معلوم ہوتا ہے اسی آیت سے استدلال کیا تھا۔
[3] اس میں اشارہ ہے کہ وہ جنگیں بہت عرصہ تک لمبی چلی جائیں گی۔
[4] یہ حکم نہیں کہ مسلمان ہونے تک ان سے لڑو بلکہ مستقبل کا صیغہ ہے اور واقعہ بتایا ہے کہ وہ دشمن جب تک مسلمان نہ ہوں گے تم سے لڑتے جائیں گے۔ چنانچہ روم اور فارس نے ایسا ہی کیا۔
نہ تو کسی اندھے پر سختی ہے اور نہ لنگڑے پر سختی ہے اور نہ مریض پر سختی ہے (کہ وہ باوجود معذوری کے لڑائی میں شامل ہوں) اور جو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے وہ اسے ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جس کے نیچے نہریں بہتی ہیں اور جو (کوئی حکم سے) روگردانی کرے گا اللہ اسے دردناک عذاب دے گا۔
اللہ مومنوں سے اس وقت بالکل خوش ہو گیا جب کہ وہ درخت[1] کے نیچے تیری بیعت کر رہے تھے اور اس نے اس (ایمان) کو جو ان کے دلوں میں تھا خوب جان لیا سو اس کے نتیجہ میں اس نے ان کے دلوں پر سکینت نازل کی اور ان کو ایک قریب میں آنے والی فتح بخشی[2]۔
[1] بیعت حدیبیہ کا ذکر ہے جبکہ صحابہؓ موت کی قسم کھا کر آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی بیعت کر رہے تھے۔
[2] یعنی خیبر۔
اور بہت سے غنیمت کے مال بھی بخشے جن کو وہ قبضہ میں لا رہے تھے اور اللہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔
اللہ نے تم سے بہت سی غنیمتوں کا وعدہ کیا ہے جو تم اپنے قبضہ میں لاؤ گے اور یہ موجودہ[3] مال غنیمت تم کو ان وعدوں میں سے جلدی سے عطا کر دیا ہے اور لوگوں کے ہاتھوں کو تم سے روک [4]دیا ہے تا کہ یہ (واقعات) مومنوں کے لئے ایک نشان بن جائیں اور وہ (اللہ) تم کو اس کے ذریعہ سے سیدھا راستہ دکھائے۔
[3] یعنی خیبر کے اموال۔
[4] یعنی حدیبیہ کے موقعہ پر۔
اور (اس کے علاوہ) ایک اور بھی[5] (فتح) ہے جو تم کو اب تک حاصل نہیں ہوئی۔ اللہ نے اس کا فیصلہ کر چھوڑا ہے اور اللہ اپنے ارادہ کو پورا کرنے پر پورا قادر ہے۔
[5] اس آیت میں بتایا ہے کہ خیبر کی فتوحات کے بعد اور فتوحات بھی ہوں گی۔
اور اگر کفار (صلح حدیبیہ کے وقت) تم سے لڑتے، تو وہ اسی وقت پیٹھ پھیر کر بھاگ جاتے اور نہ کوئی پناہ دینے والا پاتے، نہ مددگار (پاتے)۔
اللہ کی اس سنت کو یاد رکھو، جو ہمیشہ سے چلی آئی ہے اور تو کبھی بھی اللہ کے مقررہ طریقے میں کوئی تبدیلی نہیں پائے گا۔