۴۸۔ سورۃ الفتح

تفسیر صغیر, حصہ 3

اور وہ خدا ہی ہے جس نے ان کے ہاتھوں کو تم سے اور تمہارے ہاتھوں کو ان سے مکہ کی وادی میں روک دیا، بعد اس کے کہ تم (حالات کے مطابق) ان پر فتح پا چکے تھے اور اللہ تمہارے اعمال کو دیکھ رہا تھا (اور جانتا تھا کہ تم لڑنے سے نہیں ڈرتے)۔

وہ (تمہارے دشمن) ہی تھے جنہوں نے کفر کیا اور تم کو مسجدحرام (کی زیارت) سے روکا۔ اور اسی طرح قربانیوں کو جو (مکہ کے لئے) وقف ہو چکی تھیں (اس بات سے روک دیا کہ) وہ اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں۔ اور اگر (مکہ میں) کچھ مومن مرد ایسے نہ ہوتے اور کچھ مومن عورتیں ایسی نہ ہوتیں جن کو تم نہیں جانتے تھے اور یہ خطرہ نہ ہوتا کہ تم ان کو نادانستہ پاؤں کے نیچے روند جاؤ گے اور اس کے نتیجہ میں تم پر عیب لگایا جائے گا (تو ہم تم کو لڑنے دیتے مگر خدا نے روکے رکھا) تا کہ اللہ جس کو پسند کرتا ہے اس کو اپنی رحمت میں داخل کرے اگر (پوشیدہ مومن) کہیں ادھر ادھر ہوگئے ہوتے تو ان (مکہ کے رہنے والوں) میں سے جو کافر تھے ہم ان کو دردناک عذاب پہنچا دیتے۔

اس وقت کو یاد کرو جبکہ کافروں نے اپنے دلوں میں ایسی جنبہ داری کی روح پھونکی جو جاہلیت کی جنبہ داری کی روح تھی، اس پر اللہ نے اپنی طرف سے نازل ہونے والی سکینت اپنے رسول کے دل پر اور مومنوں کے دل پر اتار دی اور تقویٰ کے طریق پر ان کے قدم کو مضبوط کر دیا۔ اور وہی اس کے زیادہ مستحق تھے اور اس کے اہل تھے اور اللہ ہر ایک چیز کو جانتا ہے۔

اللہ نے اپنے رسول کو اس رؤیا[1] کا مضمون پوری طرح سچا کرکے دکھا دیا جس میں یہ بیان تھا کہ تم مسجد حرام میں اگر خدا نے چاہا تو امن کے ساتھ ضرور داخل ہوگے (اور) اپنے سر پوری طرح منڈوائے ہوئے یا چھوٹے بال کروائے ہوئے ہوگے کسی سے نہ ڈرتے ہو گے سو اللہ نے وہ کچھ جان لیا جو تم نہیں جانتے تھے اور اس نے اس کے ورے ایک فتح رکھ[2] دی ہے۔

[1] رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے رؤیا میں دیکھا تھا کہ ہم خانہ کعبہ کا طواف کر رہے ہیں۔ اس خواب کو پورا کرنے کے لئے آپ مکہ جانے کے لئے روانہ ہوئے۔ لیکن حدیبیہ کے مقام پر روک دئیے گئے۔ آخر کفار نے درخواست کی کہ اس سال طواف نہ کریں۔ مگر اگلے سال ہم آپ کا راستہ کھلا چھوڑ دیں گے۔ اس وقت طواف کر لیں۔ اس درخواست کو آپ نے منظور کر لیا اور معاہدہ میں شامل کر لیا اسی وعدہ کی طرف اس آیت میں اشارہ ہے۔

[2] یہ پھر خیبر کی فتح کا ذکر ہے۔

وہ خدا ہی ہے جس نے اپنے رسول کو ہدایت اور دین حق کے ساتھ بھیجا ہے تا کہ تمام دینوں پر اس کو غالب کردے اور اللہ ہی کافی گواہ ہے۔

محمد اللہ کے رسول ہیں اور جو لوگ ان کے ساتھ ہیں وہ کفار کے خلاف بڑا جوش رکھتے ہیں، لیکن آپس میں ایک دوسرے سے بہت ملاطفت کرنے والے ہیں جب تو انہیں دیکھے گا انہیں شرک سے پاک اور اللہ کا مطیع پائے گا۔ وہ اللہ کے فضل اور رضا کی جستجو میں رہتے ہیں، ان کی شناخت ان کے چہروں پر سجدوں کے نشان کے ذریعہ موجود ہے۔ یہ ان کی حالت تورات میں بیان ہوئی ہے اور انجیل[1] میں ان کی حالت یوں بیان ہے کہ وہ ایک کھیتی[2] کی طرح (ہوں گے) جس نے پہلے تو اپنی روئیدگی نکالی۔ پھر اس کو (آسمانی اور زمینی غذا کے ذریعہ سے) مضبوط کیا اور وہ روئیدگی اور مضبوط ہوگئی۔ پھر اپنی جڑ پر مضبوطی سے قائم ہو گئی یہاں تک کہ زمیندار کو پسند آنے لگ گئی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ کفار ان کو دیکھ دیکھ کر جلیں گے۔ اللہ نے مومنوں اور ایمان کے مطابق عمل کرنے والوں سے یہ وعدہ کیا ہے کہ ان کو مغفرت اور بڑا اجر ملے گا۔

[1] اس آیت میں انجیل والوں کے مقابل کے اسلامی حصہ کی مثال بیان کی گئی ہے جو مسیح محمدی کی جماعت ہے۔

[2] اس آیت میں اس پیشگوئی کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جو متی باب۱۳ آیت ۳ تا ۹ میں ان الفاظ میں بیان ہوئی ہے کہ ’’ایک بونے والا بیج بونے نکلا اور بوتے وقت کچھ دانے راہ کے کنارے گرے اور پرندوں نے آکر انہیں ُچگ لیا اور کچھ پتھریلی زمین پر گرے۔ جہاں ان کو بہت مٹی نہ ملی اور گہری مٹی نہ ملنے کے سبب سے جلد اُگ آئے اور جب سورج نکلا تو جل گئے اور جڑ نہ ہونے کے سبب سے سوکھ گئے اور کچھ جھاڑیوں میں گرے۔ اور جھاڑیوں نے بڑھ کر ان کو دبالیا۔ اور کچھ اچھی زمین میں گرے اور پھل لائے۔ کچھ سو گنا کچھ ساٹھ گنا۔ کچھ تیس گنا۔‘‘ قرآن مجید کی اس آیت میں بتایا گیا ہے کہ امت محمدیہ میں آنے والے مسیح کی قوم بھی ایسی ہی ہوگی۔ جیسے اچھی زمین میں بویا ہوا دانہ اور اللہ تعالیٰ اس میں ایسی برکت پیدا کرے گا کہ ایک ایک دانہ سے ساٹھ ساٹھ ستر ستر بلکہ سو سو گنا پیدا ہوگا۔ مگر یہ فوراً نہیں ہوگا بلکہ تدریج کے ساتھ ہوگا۔

آج 10 میں سے 10 باقی