۴۹۔ سورۃ الحجرات
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اے مومنو! اللہ اور اس کے رسول کے سامنے بڑھ بڑھ کر باتیں نہ کیا کرو، اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو، اللہ بہت سننے والا (اور) جاننے والا ہے۔
اے مومنو! نبی کی آواز سے اپنی آواز اونچی نہ کیا کرو۔ اور نہ بلند آواز سے اس کے سامنے اس طرح بولا کرو جس طرح تم آپس میں ایک دوسرے کے سامنے اونچا بولتے ہو۔ ایسا نہ ہو کہ تمہارے اعمال ضائع ہو جائیں۔ اور تم جانتے بھی نہ ہو۔
وہ لوگ جو اپنی آوازوں کو رسول کے سامنے دبا کر رکھتے ہیں، وہی ہیں جن کے دلوں کا اللہ نے تقویٰ کے لئے پوری طرح جائزہ لے لیا ہے، اور ان کے لئے مغفرت اور بڑا اجر مقدر ہے۔
وہ لوگ جو کمروں کی دیواروں کے پیچھے سے تجھے آوازیں دیتے ہیں، ان میں سے اکثر بیوقوف ہیں۔
اگر وہ اس وقت تک انتظار کرتے کہ تو ان کی طرف نکل کر باہر آجاتا تو یہ ان کے لئے اچھا ہوتا۔ اور اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔
اے مومنو! اگر تمہارے پاس کوئی فاسق کوئی اہم خبر لائے، تو اس کی تحقیق کر لیا کرو۔ ایسا نہ ہو کہ تم ناواقفی سے کسی قوم پر حملہ کر دو، اور پھر اپنے کینے پر شرمندہ ہو جاؤ۔
اور جان لو کہ اس وقت اللہ کا رسول تم میں موجود ہے، اگر اکثر امور میں وہ تمہاری بات مان لیا کرے تو تم تکلیف میں پڑ جاؤ لیکن اللہ نے تمہاری نگاہ میں ایمان کو پیارا بنایا ہے اور تمہارے دلوں میں اس کو خوبصورت کرکے دکھایا ہے اور تمہاری نگاہ میں کفر اور اطاعت سے نکل جانے اور نافرمانی کرنے کو ناپسندیدہ کرکے دکھایا ہے (جو لوگ اس آیت کے مصداق ہیں) وہی لوگ سیدھے راستہ پر ہیں۔
(یہ محض) اللہ کے فضل اور نعمت سے ہے اور اللہ خوب جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔
اور اگر مومنوں کے دو گروہ[1] آپس میں لڑ پڑیں تو ان دونوں[2] میں صلح کرادو۔ پھر اگر صلح ہو جانے کے بعد ان میں سے کوئی ایک دوسرے پر چڑھائی کرے، تو سب مل کر اس چڑھائی کرنے والے کے خلاف جنگ کرو یہاں تک کہ وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے پھر اگر وہ اللہ کے حکم کی طرف لوٹ آئے تو عدل[3] کے ساتھ ان (دونوں لڑنے والوں) میں صلح کرادو اور انصاف[4] کو مدنظر رکھو اللہ انصاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
[1] اِس آیت میں یو، این، او کا نقشہ کھینچا گیا ہے۔ افسوس لیگ آف نیشنز نے اس پر پورا عمل نہ کیا اور ناکام رہی۔
یو۔ این۔ او بھی بزدلی دکھا رہی ہے اور ناکامی کے آثار ہیں۔ جب تک پوری طرح اس آیت میں بتائی ہوئی شرائط پر یو۔ این۔ او عمل نہ کرے گی۔ کامیاب نہ ہوگی۔
[2] لفظ مومن سے دھوکا نہیں کھانا چاہیے۔ مومن کا لفظ اس لئے رکھا ہے کہ مسلمان قومیں مسلمانوں کے درمیان ہی فیصلہ کرا سکتی ہیں ورنہ اصولی طور پر یہ آیت ساری قوموں کے لئے اپنے اندر راہنمائی رکھتی ہیں۔
[3] یعنی صلح کرتے وقت اپنے فوائد سامنے نہ رکھا کرو۔ اصل مسئلہ کا فیصلہ کروایا کرو۔ اس بارہ میں صرف ایک مثال ملتی ہے اور وہ امریکہ کی ہے جس نے کوریا اور سویز کے جھگڑوں میں یہ نیک نمونہ دکھایا ہے۔
[4] اس سے مراد یہ ہے کہ ان لڑنے والی قوموں میں صلح کراتے وقت اپنا کوئی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش نہ کیا کرو۔
مومنوں[5] کا رشتہ آپس میں صرف بھائی بھائی کا ہے پس تم اپنے بھائیوں کے درمیان جو آپس میں لڑتے ہوں صلح کرا دیا کرو اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو تا کہ تم پر رحم کیا جائے۔
[5] یعنی اگر کبھی اختلاف ہو بھی جائے، تو ان کو یاد رکھنا چاہیے کہ ان کا آپس میں غالب تعلق اخوت اسلامی کا ہے چھوٹے چھوٹے جھگڑے اخوت اسلامی کو توڑنے کا باعث نہیں بننے چاہئیں۔
اے مومنو! کوئی قوم کسی قوم سے اسے حقیر سمجھ کو ہنسی مذاق نہ کیا کرے۔ ممکن ہے کہ وہ ان سے اچھی ہو اور نہ (کسی قوم کی) عورتیں دوسری (قوم کی) عورتیں کو حقیر سمجھ کر ان سے ہنسی ٹھٹھا کیا کریں۔ ممکن ہے کہ وہ (دوسری قوم یا حالات والی) عورتیں ان سے بہتر ہوں اور نہ تم ایک دوسرے پر طعن کیا کرو اور نہ ایک دوسرے کو برے ناموں سے یاد کیا کرو، کیونکہ ایمان کے بعد اطاعت سے نکل جانا ایک بہت ہی برے نام کا مستحق بنا دیتا ہے (یعنی فاسق کا) اور جو بھی توبہ نہ کرے وہ ظالم ہوگا۔