۴۹۔ سورۃ الحجرات

تفسیر صغیر, حصہ 2

اے ایمان والو! بہت سے گمانوں سے بچتے رہا کرو، کیونکہ بعض گمان گناہ بن جاتے ہیں، اور تجسس سے کام نہ لیا کرو۔ اور تم میں سے بعض، بعض کی غیبت نہ کیا کریں۔ کیا تم میں سے کوئی اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھانا پسند کرے گا (اگر تمہاری طرف یہ بات منسوب کی جائے تو) تم اس کو ناپسند[1] کرو گے اوراللہ کا تقویٰ اختیار کرو، اللہ بہت ہی توبہ قبول کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[1] پھر غیبت کیوں کرتے ہو جو ایسی ہی بری شے ہے۔

اے لوگو! ہم نے تم کو مرد اور عورت سے پیدا کیا ہے اور تم کو کئی گروہوں اور قبائل میں تقسیم [2]کر دیا ہے تا کہ تم ایک دوسرے کو پہچانو۔ اللہ کے نزدیک تم میں سے زیادہ معزز وہی ہے جو سب سے زیادہ متقی ہے۔ اللہ یقیناً بہت علم رکھنے والا (اور) بہت خبر رکھنے والا ہے۔

[2] یعنی قومیں اور نسلیں صرف امتیاز کے لئے ہیں جو ان کو تفاخر اور تکبر کا ذریعہ بناتا ہے وہ اسلام کے خلاف عمل کرتا ہے۔

اعراب[1] کہتے ہیں کہ ہم ایمان لے آئے تو ان سے کہدے کہ تم حقیقتاً ایمان نہیں لائے لیکن تم یہ کہا کرو کہ ہم نے ظاہری طور پر فرمانبرداری قبول کر لی ہے۔ کیونکہ (اے اعراب) ابھی ایمان تمہارے دلوں میں حقیقتاً داخل نہیں ہوا۔ اور اے مومنو! اگر تم اللہ اور اس کے رسول کی سچی اطاعت کرو گے، تو وہ تمہارے اعمال میں سے کوئی عمل بھی ضائع نہیں ہونے دے گا اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

[1] اعراب ایک اصطلاح ہے جس کے معنے یہ ہیں کہ جنگلوں میں رہنے والے ایسے عرب جو تعلیم ظاہری اور تمدن سے محروم تھے۔

مومن وہی ہوتے ہیں جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاتے ہیں۔ پھر شبہ میں مبتلا نہیں ہوتے اور اپنے مالوں اور اپنی جانوں کے ذریعہ سے اللہ کے راستہ میں جہاد کرتے ہیں۔ یہی لوگ سچے ہیں۔

تو کہہ دے، کیا تم اللہ کو اپنے دین سے واقف کرتے ہو اور اللہ تو اس کو بھی جانتا ہے جو آسمانوں میں ہے اور جو زمین میں ہے اور اللہ (اس کے سوا بھی) ہر ایک چیز جانتا ہے۔

یہ (اعراب) اپنے اسلام لانے کا تجھ پر احسان جتاتے ہیں تو کہہ اپنے اسلام لانے کا احسان مجھ پر نہ رکھو۔ حقیقت یہ ہے کہ اللہ تم کو ایمان کی طرف ہدایت دینے کا تم پر احسان رکھتا ہے اگر تم (اس دعویٰ میں) سچے ہو (کہ ایمان لائے ہو۔ تو اس حقیقت کو قبول کرو)۔

اللہ آسمانوں کا غیب بھی جانتا ہے اور زمین کا بھی۔ اور اللہ تمہارے اعمال کو خوب اچھی طرح دیکھ رہا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی