۵۰۔ سورۃ ق

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

قادر خدا اس سورۃ کو اتارنے والا ہے۔ ہم اس بزرگی والے قرآن کو (اس سورۃ کی سچائی کی) شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں۔

مگر یہ لوگ تعجب کرتے ہیں کہ ان کے پاس انہی میں سے ڈرانے (اور ہوشیار کرنے) والا ایک شخص آیا ہے اور کافر کہتے ہیں، یہ عجیب سی چیز لگتی ہے۔

کیا جب ہم مر جائیں گے اور مٹی ہو جائیں گے (تو پھر دوبارہ زندہ ہو جائیں گے) یہ لوٹنا تو (عقل سے) دور ہے۔

ہم کو خوب معلوم ہے وہ بھی جو زمین ان میں سے کم کرتی ہے (اور وہ بھی[1] جو زیادہ کرتی ہے) اور ہمارے پاس ایسی کتاب ہے جو ہر چیز کو محفوظ رکھتی ہے۔

[1] پہلے لکھا جا چکا ہے کہ متقابل الفاظ میں سے ایک بیان کیا جائے تو عربی قاعدہ کے مطابق دوسرا بھی حسب ضرورت محذوف سمجھ لیا جاتا ہے اس قاعدہ کے مطابق ’’کم کرتی ہے‘‘ کے مقابل میں ہم نے ’’زیادہ کرتی ہے‘‘ کے الفاظ محذوف نکالے ہیں۔ اس آیت میں کم کرنے کا مطلب یہ ہے کہ مرنے کے بعد مٹی ان کو کھا جاتی ہے اور زیادہ کرنے سے یہ مراد ہے کہ مٹی جو غذا نکالتی ہے اس کو کھا کھا کر انسانی جسم بڑھتا ہے۔

بات یہ ہے کہ ان لوگوں نے حق کا انکار کر دیا جب وہ ان کے پاس آیا اس لئے وہ ایک ایسے خیال میں پڑے ہوئے ہیں جو کہ ملا جلا ہے (یعنی سچ اور جھوٹ ان کے خیالات میں مل گئے ہیں)

کیا انہوں نے اپنے اوپر آسمان کو نہیں دیکھا کہ ہم نے اس کو کیسا بنایا ہے اور اسے زینت دی ہے اور اس میں کوئی شگاف نہیں ہے۔

اور زمین کو ہم نے بچھایا ہے اور اس میں پہاڑ بنائے ہیں نیز ہم نے اس میں ہر قسم کے خوبصورت جوڑے بنائے ہیں۔

ہماری طرف ہر جھکنے والے بندے کے لئے اس بات میں بصیرت اور نصیحت ہے۔

اور ہم نے بادل سے برکت والا پانی اتارا ہے۔ پھر اس کے ذریعہ سے ہم باغ اگاتے ہیں اور کاٹی جانے والی کھیتی کے دانے بھی۔

اور لمبے لمبے کھجوروں کے درخت بھی (اگاتے ہیں) جن میں پھلوں کے خوشے لگتے ہیں جو خوب ایک دوسرے پر چڑھے ہوئے [1]ہوتے ہیں۔

[1] یعنی بہت کثرت سے اور گھنے ہوتے ہیں۔

(ہم نے) بندوں کو رزق دینے کے لئے (ایسا کیا ہے) اور ہم اس (پانی) کے ذریعہ سے مردہ ملک کو زندہ کرتے ہیں۔ اسی طرح مرنے کے بعد نکلنا بھی ہوگا۔

آج 10 میں سے 10 باقی