۵۰۔ سورۃ ق

تفسیر صغیر, حصہ 2

ان سے پہلے نوح کی قوم نے اور کنوئیں والوں نے اور ثمود نے،

اور عاد نے اور فرعون نے اور لوط کے بھائیوں نے،

اور جنگل [2]کے رہنے والوں نے اور قوم تُبَّع (یعنی یمن کے لوگوں نے) ہمارے رسولوں کو جھٹلا دیا تھا۔ آخر میرے عذاب کا وعدہ پورا ہو کر رہا۔

[2] لفظی معنے ’’َبَن والے‘‘ کے ہیں۔ لیکن مراد یمن سے فلسطین جاتے ہوئے وہ جنگل ہے جو مَدْیَن کے پاس واقعہ ہے۔

کیا ہم پہلی پیدائش سے تھک گئے ہیں؟ (نہیں)! لیکن حقیقت یہ ہے کہ وہ دوسری پیدائش کے بارے میں شبہ میں پڑے ہوئے ہیں۔

اور ہم نے انسان کو پیدا کیا ہے اور جو وسوسے اس کا نفس پیدا کرتا ہے اس سے خوب واقف ہیں اور ہم اس (انسان) سے اس کی رگ جان سے بھی زیادہ قریب ہیں۔

جب کہ دائیں[1] اور بائیں بیٹھے ہوئے دو گواہ اس کی تمام حرکات کو محفوظ کرتے جاتے ہیں۔

[1] انسان کے ساتھ ایسے فرشتے یا انسانی جسم کے حصے مقرر ہیں جو اس کے اعمال کو محفوظ رکھتے جاتے ہیں۔ اس جگہ انہی کا ذکر ہے۔

اور (انسان) کوئی بات نہیں کرے گا کہ اس کے پاس اس کا کوئی نگران یا محافظ نہ ہو۔

اور موت کی بیہوشی یقیناً آئے گی اور اس وقت ہم اس (یعنی غافل انسان) سے کہیں گے کہ یہ وہ حالت ہے جس سے تو بچنا چاہتا تھا۔

اور بگل میں پھونکا جائے گا، یہ عذاب کے وعدے کا دن ہے۔

اور ہر جان (اس حالت میں) آئے گی کہ اس کے ساتھ ایک ہانکنے والا بھی لگا ہوا ہوگا اور ایک گواہ بھی ہوگا۔

(اور ہم کہیں گے) تو اس (دن) سے غفلت میں پڑا ہوا تھا سو آخر[2] ہم نے تیرا پردہ اٹھا دیا۔ اور آج کے دن تیری نظر بڑی تیز ہے (اور[3] تو سب کچھ دیکھ رہا ہے)۔

[2] یعنی آج تو اپنے سب عیب و صواب کو اچھی طرح سمجھ رہا ہے اور وہ دنیوی حالت بھول گیا ہے جبکہ اپنے ہر قول و فعل کے اچھے ہونے پر اصرار کرتا تھا۔

[3] یعنی اس کے ساتھ لگا ہوا گواہ۔

اور[4] اس کا ساتھی کہے گا کہ ذرا اسے بھی دیکھیئے جو میرے پاس تیار ہے (یعنی اس کا اعمال نامہ)۔

[4] یعنی انسانی اعضا یا فرشتے کہیں گے کہ اس کے اعمال و اقوال کا سب ریکارڈ ہمارے پاس موجود ہے اس لئے یہ کسی رنگ کا انکار نہیں کر سکتا۔ ہمارے ریکارڈ کو دیکھ لیجئیے۔ ساری بات آپ پر ثابت ہو جائے گی۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی