۵۰۔ سورۃ ق
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور ہم ان سے پہلے بہت سی قومیں ہلاک کر چکے ہیں وہ ان سے زیادہ گرفت کا مادہ رکھتی تھیں لیکن (جب عذاب آیا تو) انہوں نے ملک کے ہر گوشے میں اپنے بچاؤ کے لئے سرنگیں بچھا [1]دیں مگر (ظاہر ہے کہ) خدا کے عذاب سے بچنے کی گنجائش کہاں ہو سکتی ہے۔
[1] یعنی ملک میں ایسے سامان پیدا کرنے شروع کیے کہ وہ اس عذاب سے بچ جائیں لیکن خدائی سزا سے بچنے کے لئے انسانی تدبیریں کہاں کام دے سکتی ہیں۔
اس میں ہر شخص کے لئے جس کا سوچنے والا دل موجود ہے یا جو سننے کے لئے کان دھرتا اور غور بھی کرتا ہے نصیحت ہے۔
اور ہم نے آسمانوں اور زمین کو اور جو کچھ ان کے درمیان ہے۔ ان سب کو چھ اوقات میں پیدا کیا اور ہم بالکل نہیں تھکے[2]۔
[2] بائیبل میں ہے کہ خداتعالیٰ نے دنیا پیدا کی اور تھک گیا اور ساتویں دن اُس نے آرام کیا۔ قرآنی تعلیم کتنی شاندار اور خداتعالیٰ کی شان کے مطابق ہے جبکہ بائیبل کی تعلیم خداتعالیٰ کی شان کو مدِّنظر رکھتے ہوئے گھناؤنی اور قابلِ ترک نظر آتی ہے۔
پس جو کچھ وہ کہتے ہیں اس پر صبر کر اور سورج نکلنے سے پہلے اور ڈوبنے سے پہلے اپنے رب کی تسبیح کیا کر۔
اور رات کے وقت بھی اس کی تسبیح کیا کر اور ہر عبادت کے آخر میں بھی (ایسا ہی کیا کر)۔
اور (اے نبی)! سن رکھ کہ ایک دن پکارنے والا قریب کی جگہ[1] سے پکارے گا۔
[1] مراد یہ ہے کہ مکہ والوں کو ہوشیار کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اَتباع میں سے بھی بعض لوگ کھڑے کرتا رہے گا چنانچہ حضرت ابوبکرؓ، عمرؓ، عثمان، ؓ، علیؓ اور عبداللہ بن زبیرؓ مکہ والوں میں سے کھڑے ہوتے رہے اور ان کو ہوشیار کرتے رہے۔
جس دن کہ سب لوگ ایک پورا ہو کر رہنے والے عذاب کی آواز سنیں گے۔ یہ دن زندہ ہو کر نکلنے کا دن ہوگا[2]۔
[2] چنانچہ حضرت ابوبکرؓ کے زمانہ میں بھی مدینہ کے قریب کی اقوام مرتد ہو گئی تھیں لیکن حضرت ابوبکرؓ انہیں پھر اسلام کی طرف لائے اسی طرح حضرت عمرؓ کے زمانہ میں قیصر و کسریٰ کی شوکت کی وجہ سے مسلمان قبائل لرز گئے تھے مگر حضرت عمرؓ نے وعظ اور نصیحت سے ان میں نئے سرے سے جوش پیدا کیا اور ان کو لے کر قیصر و کسریٰ کو شکست دی۔
ہم ہی زندہ کرتے ہیں اور مارتے بھی ہیں اور ہماری طرف ہی لوٹ کر آنا ہے۔
وہ دن کہ زمین ان کی شرارتوں کی وجہ سے پھٹ جائے گی (اسے یاد کر، اور) وہ اس سے جلدی[3] جلدی نکلیں گے۔ یہ مردوں کا زندہ کر دینا ہم پر آسان ہے۔
[3] یعنی عذاب آنے پر اپنا علاقہ چھوڑ کر اِدھر اُدھر بھاگیں گے، مگر راہِ نجات نہ ملے گی۔
ہم ان کی باتوں سے خوب واقف ہیں، اور تو ان پر ایک جابر (بادشاہ) کے طور پر مقرر نہیں کیا گیا۔ سو تو قرآن کے ساتھ صرف اس کو نصیحت کر جو میرے عذاب کی پیشگوئیوں سے ڈرتا ہے۔