۵۰۔ سورۃ ق
تفسیر صغیر, حصہ 3
پھر ہم ان دونوں (یعنی ہانکنے والے اور گواہ) سے کہیں گے، ہر انکار کرنے والے حق کے دشمن کو تم دونوں دوزخ میں ڈال دو۔
نیکی سے روکنے والے، حد سے بڑھنے والے اور شبہات کرنے والے کو (بھی)
جو اللہ کے ساتھ دوسرے معبود بناتا تھا۔ سو تم آج اس کو سخت عذاب میں ڈال دو۔
(اور) اس[1] کا ساتھی کہے گا۔ اے ہمارے رب! میں نے اس سے سرکشی نہیں کروائی بلکہ وہ خود ہی ایک پرلے درجہ کی گمراہی میں مبتلا تھا۔
[1] یعنی انسان اب تو یہ کہتا ہے کہ خدا نے مجھے گمراہ کیا۔ لیکن قیامت کے دن اس کے نگران فرشتے یا اس کے جسم کے نگران حصے کہیں گے کہ ہم اس کی گمراہی کے موجب نہیں۔ یہ آپ گمراہ ہوا تھا اور اپنی گمراہی کا آپ ذمّہ دار ہے۔
(اس پر خدا) فرمائے گا، میرے پاس جھگڑو نہیں، اور یاد رکھو کہ میں تمہاری طرف پہلے ہی عذاب کی خبر بھیج چکا ہوں۔
اور میرے حضور میں کوئی بات بدل کر نہیں پیش کی جا سکتی[2] اور نہ میں اپنے بندوں پر کسی قسم کا ظلم کرنے والا ہوں[3]۔
[2] یعنی جو گواہ مَیں نے انسانوں پر فرشتوں میں سے یا اس کے اعضا میں سے مقرر کیے ہیں وہ جرات ہی نہیں کر سکتے کہ میرے سامنے بات کو بدل کر پیش کریں کیونکہ وہ صرف گواہ نہیں بلکہ ان کے پاس ریکارڈ بھی ہوگا اور ریکارڈ کو کوئی غلط قرار نہیں دے سکتا۔
[3] یعنی مَیں نے گواہی کا ایسا انتظام کر دیا ہے جس کا انکار نہیں کیا جا سکتا اور میری سزا کو ظالمانہ سزا نہیں قرار دیا جا سکتا۔
اس دن ہم جہنم سے کہیں گے، کیا تو بھر گئی؟ اور وہ کہے گی، کہ کیا کچھ اور بھی ہے؟
اور اس دن جنت متقیوں کے ایسی قریب[4] کر دی جائے گی کہ وہ اسے محسوس کرنے لگیں گے۔
[4] یعنی مومن اس دن جنت کو خوب دیکھ سکیں گے تا کہ دل مطمئن ہوں یا یہ مراد ہے کہ آخری زمانہ میں دین کی اتنی تفسیر ہوگی کہ ہر مومن اپنے دل میں جنت کو قریب پائے گا۔
اور کہا جائے گا کہ تم میں سے ہر جھکنے والے اور شریعت کی حفاظت کرنے والے سے اسی انعام کا وعدہ کیا گیا تھا۔
(یعنی اس سے) جو رحمن (خدا) سے پوشیدگی میں ڈرتا تھا اور جھکنے والے دل کے ساتھ اس کے پاس آیا تھا۔
(ہم کہیں گے کہ) تم سب سلامتی کے ساتھ جنت میں داخل ہو جاؤ، یہ وہ برکت والا دن ہے جو کبھی ختم نہیں ہوگا۔
وہ جو کچھ اس میں چاہیں گے سب ان کو ملے گا اور ہمارے پاس اس سے بھی زیادہ ان کو دینے کے لئے موجود ہے۔