۵۱۔ سورۃ الذاريات
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
ہم ان (ہواؤں) کو شہادت کے طور پر پیش کرتے ہیں جو (بادلوں کو) اڑائے پھرتی ہیں۔
پھر (بارش کا) بوجھ اٹھالیتی ہیں۔
پھر آہستگی کے ساتھ چلتی ہیں۔
اور آخر ہمارے حکم (یعنی بارش) کو (زمین میں) تقسیم کر دیتی ہیں۔
تم سے جو وعدہ کیا جاتا ہے وہ ضرور پورا ہو کر رہے[1] گا۔
[1] اِن آیات میں صحابہؓ کو یا اُن کی تبلیغی جدوجہد کو ہواؤں سے مشابہت دی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ صحابہؓ یا ان کی تبلیغی جدوجہد قرآن مجید کے پانی کو چاروں طرف اڑا کر لے جائے گی اور اُن کی تبلیغی جدوجہد روز بروز مضبوط ہوتی جائے گی یہاں تک کہ اُن کا اٹھایا ہوا تبلیغی بادل پانی سے بھر جائے گا اور پھر وہ لوگوں کے دل پر اسلام کا اس طرح سِکّہ جمالیں گے کہ اُن کی تبلیغی جدوجہد آسانی سے پھیلنی شروع ہو جائے گی اور کفر اپنے مقابلہ میں کمزور پڑ جائے گا۔ چنانچہ اس کا نتیجہ یہ ہو گا کہ وہ اسلام کو دنیا کے مختلف ملکوں میں پھیلادیں گے اور آخر اسلام غالب آجائے گا اور جس کامیابی کی خبر تم کو دی جارہی ہے وہ پوری ہو جائے گی۔
اور جزا سزا ضرور واقع ہو کر رہے گی۔
اس کے ثبوت میں ہم اس آسمان کو پیش کرتے ہیں جس میں ستاروں[2] کے راستے ہیں۔
[2] اس سے مراد یہ ہے کہ اوپر کے جَوّ میں ستاروں کے چلنے کے راستے ہیں۔
تم سب ایک اختلافی بات میں مبتلا ہو۔
جس کی وجہ سے وہی شخص حق سے پھیرا جاتا ہے جس کے حق سے پھیرائے جانے کا حکم صادر ہو جاتا ہے۔
اٹکل پچو باتیں کرنے والے ہلاک ہوگئے،
جو گمراہی کی گہرائیوں میں پڑے ہوئے حق کو بھلا رہے ہیں۔