۵۱۔ سورۃ الذاريات
تفسیر صغیر, حصہ 2
وہ پوچھتے ہیں کہ جزا سزا کا وقت کب آئے گا؟
(تو کہدے) اس وقت (آئے گا) جب انہیں آگ کے عذاب میں مبتلا کیا جائے گا۔
(اور کہا جائے گا کہ) اپنا عذاب چکھو یہ وہی (عذاب ہے) جس کو تم جلدی سے مانگا کرتے تھے۔
متقی باغوں اور چشموں میں رہیں گے۔
(اور) ان کا رب انہیں جو کچھ دے گا وہ لیتے جائیں گے۔ وہ اس وقت سے پہلے پوری طرح احکام بجا لانے والے تھے۔
راتوں کو کم ہی سوتے تھے۔
اور صبح کے وقت بھی وہ استغفار کیا کرتے تھے۔
اور ان کے مالوں میں مانگنے والوں کا بھی حق تھا اور جو مانگ[1] نہیں سکتے تھے ان کا بھی (حق تھا)۔
[1] یعنی جانور وغیرہ جو بول نہیں سکتے یا ایسے شریف لوگ جو مانگنے میں ذلت سمجھتے ہیں۔
اور زمین میں یقین کرنے والوں کے لئے بہت سے نشان ہیں۔
اور تمہاری اپنی جانوں میں بھی، کیا تم دیکھتے نہیں؟
اور آسمان میں تمہارا رزق بھی ہے اور جو کچھ (اس کے علاوہ) وعدہ کیا جاتا ہے، وہ بھی (ہے)
سو آسمانوں اور زمین کے رب کی قسم (کہ جب یہ باتیں پوری ہوں گی تو پتہ لگ جائے گا کہ) یہ (قرآن) اسی طرح ایک حقیقت ہے جس طرح تمہارا باتیں کرنا۔