۵۱۔ سورۃ الذاريات

تفسیر صغیر, حصہ 5

اور زمین کو ہم نے ایک بچھونے کی طرح بنایا ہے اور ہم بہت اچھا بچھونا بنانے والے ہیں۔

اور ہر ایک چیز کے ہم نے نر و مادہ بنائے ہیں تا کہ تم نصیحت حاصل کرو۔

پس (چاہیئے کہ) تم اللہ کی طرف دوڑو۔ میں[4] اس کی طرف سے تمہیں ببانگ بلند ہوشیار کرنے والا بن کر آیا ہوں۔

[4] یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم۔

اور تم اللہ کے ساتھ کسی اور کو معبود نہ بناؤ۔ میں اس کی طرف سے تمہاری طرف ایک کھلا کھلا ہوشیار کرنے والا ہوں۔

اسی[1] طرح ان سے پہلے جو رسول آتے رہے، ان کو لوگوں نے یہی کہا کہ وہ دلفریب باتیں بنانے والے یا مجنون ہیں۔

[1] ’’اسی طرح‘‘ کا یہ مطلب ہے کہ جس طرح حضرت موسٰیؑ اور حضرت صالح ؑ کا لوگوں نے انکار کیا، ان سے پہلے نبیوں کا بھی انکار کیا اور ان کو جھوٹا قرار دیتے رہے۔

کیا وہ اس (بات کے کہنے) کی ایک دوسرے کو وصیت [2]کر گئے تھے (ہرگز نہیں) بلکہ وہ سب کے سب سرکش لوگ ہیں (اسی لئے ایک ہی قسم کے گندے خیال ان کے دل میں پیدا ہوتے ہیں)۔

[2] یعنی سب مخالف انکار کی ایک ہی قسم کی دلیلیں دیتے تھے گویا کہ وہ ایک دوسرے کو سکھا گئے تھے کہ اس طرح نبیوں کا انکار کرنا۔

پس (اے نبی)! تو ان سے منہ پھیر لے اور تجھ کو (ان کے کاموں کی وجہ سے) کوئی ملامت نہیں کی جائے گی۔

اور یاد دلاتا رہ۔ کیونکہ یاد دلانا مومنوں کو نفع بخشا کرتا ہے۔

اور میں نے جنوں اور انسانوں کو صرف اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ہے۔

نہ میں ان سے کوئی رزق مانگتا ہوں اور نہ میں ان سے یہ چاہتا ہوں کہ وہ مجھے کھانا کھلائیں۔

اللہ ہی سب کو کھانا کھلانے والا (ہے اور) بڑی زبردست طاقت والا ہے۔

پس جنہوں نے ظلم کیا ہے ان کے لئے بھی ویسے ہی ڈول [3]ہیں جیسا کہ ان کے ساتھیوں کے لئے ڈول تھے پس چاہیئے کہ وہ عذاب طلب کرنے کی مجھ سے جلدی نہ کریں۔

[3] یعنی جزا و سزا۔ عربی میں جزا سزا یا حالات کے لئے ڈول کا لفظ استعمال ہوتا ہے (مفردات امام راغب)

·

آج 10 میں سے 10 باقی