۵۱۔ سورۃ الذاريات
تفسیر صغیر, حصہ 4
اور ہم نے اس بستی میں اپنے فرمانبرداروں کا صرف ایک گھر پایا۔
اور ہم نے اس (بستی) میں ایک ایسا نشان چھوڑا جو ہمیشہ ان لوگوں کے کام آئے گا جو کہ دردناک عذاب سے ڈرنے والے ہوں گے۔
اور موسیٰ کے واقعہ میں بھی (بہت سی نشانیاں تھیں) جب ہم نے اس کو فرعون کی طرف ایک کھلی کھلی دلیل دے کر بھیجا۔
اور وہ (فرعون) اپنے بت خانہ[1] کی طرف پیٹھ پھیر کر لوٹ گیا اور کہنے لگا کہ (موسیٰ) بڑی ملمع سازی کی باتیں کرنے والا اور مجنون ہے۔
[1] قرآن کریم میں رُکْن کا لفظ ہے۔ جس کے معنے طاقت پانے کی جگہ کے ہیں اور لفظی معنے اس آیت کے یہ بنتے ہیں کہ فرعون اپنی طاقت پانے کی جگہ کی طرف لوٹ گیا۔ مگر چونکہ فرعون کے عقیدہ کے مطابق اس کو سب طاقت بیل کے مندر سے ملتی تھی۔ اس لئے ہم نے ترجمہ میں بُت خانہ لکھ دیا ہے کیونکہ بیل کا مندر لکھتے تو کچھ معنے نہ بنتے۔
اس پر ہم نے اس کو اور اس کے لشکروں کو (اپنے قہر سے) پکڑ لیا اور ان سب کو سمندر میں پھینک دیا اور (آج تک) اس پر ملامت ہو رہی ہے۔
اور عاد کے واقعہ میں بھی (ہم نے بہت سے نشان چھوڑے ہیں۔ اس وقت) جبکہ ہم نے ان پر ایک سخت آندھی چلائی تھی۔
وہ جس چیز پر چلتی تھی اس کو (تباہ کر دیتی تھی اور اسے) گلی ہوئی ہڈیوں کی طرح کر دیتی تھی۔
اور ثمود میں بھی (ہم نے نشان چھوڑا) جب ان سے کہا گیا کہ ایک عرصہ تک فائدہ اٹھاؤ[1]۔
[1] اس کا یہ مطلب ہے کہ تھوڑی مدت کے بعد تم پر عذاب آجائے گا۔ جس کے بعد تم دنیا کے اسباب سے فائدہ اٹھانے کے قابل نہیں رہو گے۔
اور انہوں نے اپنے رب کے حکم کی نافرمانی کی اور ان کو ایک عذاب نے آپکڑا اور وہ دیکھتے کے دیکھتے رہے۔
اور نہ تو بچنے کے لئے کھڑے [2]ہو سکے اور نہ وہ کسی کی مدد حاصل کر سکے۔
[2] یعنی اتنی توفیق نہ ملی کہ کھڑے ہو کر بچنے کا کوئی انتظام کرتے۔
اور ان سے پہلے نوح کی قوم کو بھی (ہم ہلاک کر چکے تھے) وہ اطاعت سے نکلنے والی قوم تھی۔
اور آسمانوں کو بھی ہم نے کئی صفات[3] سے بنایا ہے اور ہم بڑی وسیع طاقت رکھتے ہیں۔
[3] قرآن کریم میں بِاَیْدٍ کا لفظ ہے یعنی کئی ہاتھوں سے بنایا۔ لیکن یَدٌ جس کی جمع اَیْدٍ ہے اس کے لغت میں طاقت اور قدرت کے معنے لکھے ہیں۔ اور خداتعالیٰ کی قدرت اور طاقت کے لئے مذہبی اصطلاح میں صفت کا لفظ بولا جاتا ہے پس ہم نے ترجمہ یہ کیا ہے کہ ’’آسمان کو ہم نے کئی صفات کے ذریعہ بنایا ہے‘‘ یعنی ان کے بنانے میں قدرت کا ہاتھ بھی تھا اور پاکیزگی اور تقدیس کا ہاتھ بھی۔ پس کئی صفات آسمان سے ظاہر ہوتی ہیں۔