۵۲۔ سورۃ الطور

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

میں طور[1] کو شہادت کے طور پر پیش کرتا ہوں۔

[1] طُور پر موسٰیؑ کی کتاب نازل ہوئی تھی جو آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت پر شاہد ہے۔

اور (اس) لکھی[2] ہوئی کتاب کو بھی۔

[2] اس لکھی ہوئی کتاب سے مراد خود قرآن کریم ہے جس سے صداقت محمد صلی اللہ علیہ وسلم روز روشن کی طرح ثابت ہے۔

(جو) کھلے ہوئے[3] کاغذوں پر (لکھی گئی ہے)۔

[3] کھلے ہوئے کاغذوں سے مراد یہ ہے کہ وہ مسلمانوں کے عمل کے مطابق جزدانوں میں رکھنے کے لئے نہیں۔ بلکہ سچا مسلمان اسے اس لئے گھر میں رکھتا ہے کہ ہر وقت پڑھتا رہے اور وہ ہر وقت کھلی رہے۔

اور خانہ کعبہ[4] کو جو ہمیشہ آباد رہے گا۔

[4] یعنی ابراہیم علیہ السلام کے بعد محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حج فرض کیا ہے اور اب مسلمان ہمیشہ حج کرتے رہیں گے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی صداقت ثابت ہوتی رہے گی۔

اور اس چھت کو جو ہمیشہ بلند[5] رہے گی۔

[5] ہمیشہ بلند رہنے والی چھت سے بھی خانہ کعبہ مراد ہے اور مطلب یہ ہے کہ اس کی عزت خداتعالیٰ ہمیشہ قائم رکھے گا۔

اور جوش مارنے والے سمندر[6] کو۔

[6] قرآن کریم سمندر کو علوم روحانیہ کا نشان قرار دیتا ہے۔ پس جوش مارنے والے سمندر سے مراد علوم قرآنی ہیں۔ جو ہمیشہ ظاہر ہوتے رہیں گے اور اسلام کی صداقت ثابت کرتے رہیں گے۔

تیرے رب کی طرف سے عذاب ضرور نازل ہو کر رہے گا۔

اسے کوئی دور کرنے والا نہیں۔

جس دن بادل[7] لہریں مارنے لگے گا۔

[7] قرآن کریم میں سَمَآء کا لفظ ہے مگر لغت میں سَمَآء آسمان کے علاوہ بادل کو بھی کہتے ہیں اور وہی معنے اس جگہ لگتے ہیں اور مطلب یہ ہے کہ قرآن مجید کے ذریعہ سے رحمت کے بادل دنیا پر چھا جائیں گے۔

اور پہاڑ[1] اپنی پوری رفتار کے ساتھ چلیں گے۔

[1] پہاڑ سے مراد بڑے انسان یا بڑے نظام ہوتے ہیں اور مراد یہ ہے کہ جب قرآنی علوم پھیلیں گے تو حکومت عرب اور قیصر و کسریٰ کا نظام تتر بتر ہو جائے گا اور دنیا کے پردہ سے غائب ہو جائے گا۔

پس اس دن جھٹلانے والوں پر عذاب نازل ہوگا۔

آج 10 میں سے 10 باقی