۵۲۔ سورۃ الطور
تفسیر صغیر, حصہ 2
(یعنی ان لوگوں پر) جو گند اچھال اچھال کر کھیل رہے تھے۔
جس دن ان سب کو جہنم کی آگ کی طرف دھکے دے کر لے جایا جائے گا۔
(اور کہا جائے گا) یہی وہ آگ ہے جس کا تم انکار کیا کرتے تھے۔
کیا یہ صرف ملمع سازی کی بات تھی یا درحقیقت تم اب بھی دیکھ نہیں رہے۔
(اگر یہ محض ایک خیال ہے تو بے دھڑک) اس میں داخل ہو جاؤ اور (خواہ) صبر کرو، یا نہ صبر کرو تمہارے لئے برابر ہے (جو ہونا ہے وہ ہو کر رہے گا) تم کو صرف تمہارے اعمال ہی کی جزا دی جارہی ہے۔
متقی جنتوں میں اور نعمتوں میں ہوں گے۔
(اور) جو کچھ ان کا رب ان کو دے گا اس پر خوش ہوں گے اور ان کا رب ان کو دوزخ کے عذاب سے بچا لے گا۔
(اور کہے گا کہ) کھاؤ اور پیئو (جو تمہیں دیا جاتا ہے) وہ تمہارے اعمال کی وجہ سے تمہارے لئے برکت والا ہوگا۔
وہ اس دن صف بہ صف بچھے ہوئے چھپر کھٹوں پر تکیہ لگائے ہوئے بیٹھے ہونگے اور ہم ان کو بڑی بڑی سیاہ آنکھوں والی عورتیں جوڑے کے طور پر عطا کریں گے۔
اور جو لوگ ایمان لے آئے ہیں اور ان کی اولاد بھی ایمان کے معاملہ میں ان کے پیچھے چلی ہے ہم ان کے ساتھ اعلیٰ جنتوں میں ان کی اولاد کو بھی جمع کر دیں گے اور ان (باپ دادوں) کے عملوں میں بھی کوئی کمی نہیں کریں گے۔ ہر ایک شخص اپنے اعمال کے بدلہ میں گِرَوْ[1] ہے۔
[1] یعنی اپنے اعمال کی جزا سزا سے اِدھر اُدھر نہیں ہو سکتا۔
اور ہم ان کو ان کی خواہش کے مطابق قسم قسم کے پھل اور قسم قسم کا گوشت مہیا کریں گے۔
وہ اس میں ایسے پیالوں[2] کے متعلق جھگڑیں گے جن کا نتیجہ نہ لغو بکنا ہوگا، اور نہ گناہ (کرنا ہوگا)۔
[2] یعنی بعد از موت جس چیز کا نام شراب آتا ہے، وہ شراب محبتِ الٰہی ہے۔ اس سے دماغ خراب نہیں ہوتا اور نہ انسان بے ہودہ بکواس کرتا ہے اور نہ گالی گلوچ دیتا ہے۔