۵۳۔ سورۃ النجم

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

مَیں ثریا[1] ستارہ کو جب وہ معنوی طور پر نیچے آجائے گا اس امر کی شہادت کے لئے پیش کرتا ہوں۔

[1] یہ اس پیشگوئی کی طرف اشارہ ہے جو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ان الفاظ میں فرمائی ہے کہ لَوْ کَانَ الْاِیْمَانُ مُعَلَّـقًا بِالثُّرَیَّا لَنَالَہٗ رَجُلٌ مِّنْ فَارِسَ یعنی اگر ایمان اُڑ کر ثریّا پر بھی چلا جائے گا تو بھی اسے ایک فارسی شخص وہاں سے واپس لے آئے گا۔

کہ تمہارا ساتھی نہ رستہ بھولا ہے نہ گمراہ[2] ہوا ہے۔

[2] یعنی جب وہ شخص ظاہر ہوگا تو ہر ایک پر کھل جائے گا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم کامل تھی۔ نہ وہ راستہ بھولے تھے نہ گمراہ تھے اور نہ خواہشات نفسانی کے تابع تھے۔

اور وہ اپنی خواہش نفسانی سے کلام نہیں کرتا۔

بلکہ وہ (یعنی اس کا پیش کردہ کلام قرآن مجید) صرف خدا کی طرف سے نازل ہونے والی وحی ہے۔

اس کو (یہ کلام) بڑی قوتوں والے (خدا) نے سکھایا ہے۔

جس کی قوتیں باربار ظاہر ہونے والی ہیں اور جو اس وقت اپنی طاقتوں کے اظہار کے لئے اپنے عرش پر مضبوطی سے قائم ہو گیا ہے۔

اور ہر بالغ نظر والے کو آسمان کے کناروں پر اس کے ظہور کی علامتیں نظر آرہی ہیں۔

اور[3] وہ[4] (یعنی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بندوں کے اس اضطراب کو دیکھ کر اور ان پر رحم کرکے خدا سے ملنے کے لئے) اس کے قریب[5] ہوئے اور وہ (خدا) بھی (محمد رسول اللہ صلعم کی ملاقات کے شوق میں) اوپر سے نیچے آگیا[6]۔

[3] یعنی اس حالت کو دیکھ کر اور دنیا پر رحم کھا کر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے ملنے کے لئے روحانی طور پر اوپر چڑھنا شروع کیا جس پر خداتعالیٰ کی محبت میں جوش آیا اور اللہ تعالیٰ بھی نیچے اترنے لگا تاکہ محمدیت کے نقطہ سے مل جائے اور دونوں آپس میں اس طرح متحد ہو گئے جس طرح دو کمانوں کو جوڑ کر تیر چلایا جائے یعنی اس طرح کہ جس پر ایک کمان کا تیر پڑے دوسری کا بھی پڑے۔ دو کمان اس لئے کہا کہ دو کمان کا چِلّہ سخت ہوتا ہے اور تیر زور سے پڑتا ہے۔

[4] اس آیت سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ معراج روحانی دو دفعہ ہوا تھا نہ کہ ایک بار جیسے مسلمانوں کا خیال ہے اس آیت سے دھوکا کھا کر مفسرین نے اسراء کی آیات کو معراج کی آیات قرار دیا ہے حالانکہ اسراء بالکل اور شے تھی اور صرف دنیا پر تھی اور معراج میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی روح آسمان پر گئی تھی اور اسی کے متعلق فرمایا ہے کہ یہ دو دفعہ ہوا تھا۔ ایک دفعہ دَنٰی کی صورت میں اور ایک دفعہ تَدَلّٰی کی صورت میں۔

[5] یہ مثال بھی انتشارِ ضمائر کی ہے یعنی اس سے پہلے اللہ تعالیٰ کی طرف ضمیریں جاتی تھیں مگر اب یہاں سے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف جانے لگی ہیں۔

[6] دَنٰی کے معنے عرش کے قریب ہونے کے ہوتے ہیں اور تَدَلّٰی کے معنے یہ ہوتے ہیں کہ کسی شخص کے قریب ہونے کی خواہش میں دوسرا فریق اپنی طرف سے بھی اس کے قریب ہونے کی کوشش کرے۔

اور وہ دونوں دو کمانوں کے متحدہ و ترکی شکل میں تبدیل ہو گئے۔ اور ہوتے ہوتے اس سے بھی زیادہ قرب کی صورت اختیار کر لی۔

پس اس نے اپنے بندے کی طرف وہی وحی نازل کی جس کا وہ فیصلہ کر چکا تھا۔

(محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے) دل نے جو کچھ دیکھا تھا وہی بیان کیا۔

آج 10 میں سے 10 باقی