۵۳۔ سورۃ النجم

تفسیر صغیر, حصہ 2

کیا تم اس سے اس (نظارہ) کے بارہ میں جھگڑتے ہو جو اس (یعنی محمد رسول اللہ) نے (آسمان پر) دیکھا تھا۔

حالانکہ اس نے یہ (نظارہ) ایک دفعہ نہیں دیکھا بلکہ دو دفعہ دیکھا ہے (یعنی ایک اس وقت جب آپ خدا کے قریب ہونے کی کوشش کر رہے تھے اور دوسرے اس وقت جب خدا نے آپ کی طرف نزول فرمایا)۔

(یعنی) ایک ایسی بیری[3] کے پاس جو انتہائی مقام پر ہے۔

[3] بیری کی نسبت سمجھا جاتا ہے کہ اس میں تریاقیت کی خاصیت ہے اسی لئے مُردوں کے جسم کو بیری کے پتے اُبال کر نہلاتے ہیں تاکہ وہ سڑیں نہیں۔ اس جگہ بھی سِدْرَۃ کے لفظ سے اسی طرف اشارہ ہے اور بتایا ہے کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر خداتعالیٰ سِدرہ کے ذریعہ نازل ہوا، یعنی آپ کو ایسی تعلیم دی جو سڑنے والی نہ تھی۔ بلکہ دوسروں کو سڑنے سے محفوظ رکھنے والی تھی۔ جیسے فرمایا ہے فِیْھَا کُتُبٌ قَیِّمَۃٌ یعنی تمام پہلی کتب قرآن کے ذریعہ سے محفوظ کر دی گئی ہیں۔ کیونکہ ان کا خلاصہ قرآن مجید میں آگیا ہے اور قرآن کریم کبھی نہیں مٹے گا۔ پس اس کے ساتھ اور اس کے ذریعہ سے وہ بھی زندہ رہیں گے۔

اسی کے پاس جنت الماویٰ ہے۔

اور یہ نظارہ دیکھا بھی اس وقت تھا جب بیری کو اس چیز نے ڈھانک لیا تھا جو ایسے وقت میں ڈھانکا کرتی ہے (یعنی تجلی الٰہی نے)۔

نہ تو اس کی آنکھ اس وقت کج[1] ہوئی نہ آگے نکل گئی۔

[1] یعنی معراج کے دیکھنے میں غلطی کا کوئی امکان نہ تھا وہ ایک بلند شان کشف تھا صرف عام رؤیا یا عام کشف نہ تھا۔

اس وقت اس نے اپنے رب کی بڑی نشانیوں میں سے ایک بڑی نشانی دیکھی۔

تم بھی ذرا لات اور عزیٰ کا حال سناؤ (کیا ان کی بھی یہی شان ہے؟)۔

اور تیسرے منات کا بھی جو ان کے علاوہ ہے۔

کیا تمہارے لئے تو بیٹے ہیں اور خدا کے لئے لڑکیاں؟

یہ تو نہایت ہی ناقص تقسیم ہے۔

یہ تو کچھ نام ہیں جو تم نے اور تمہارے باپ دادا نے رکھ لئے ہیں (ورنہ ان میں حقیقت کچھ بھی نہیں) اللہ نے ان (بتوں) کے لئے کوئی دلیل نہیں اتاری۔ وہ صرف ایک وہم کی اور خواہش نفسانی کی پیروی کر رہے ہیں۔ اور ان کے پاس ان کے رب کی طرف سے ہدایت آچکی ہے (مگر پھر بھی نہیں سمجھتے)

·

آج 10 میں سے 10 باقی