۵۳۔ سورۃ النجم
تفسیر صغیر, حصہ 5
اور یہ کہ وہی غنی بناتا ہے اور وہی غریب بناتا ہے۔
اور وہی شعریٰ (ستارے) کا مالک ہے۔
اور اسی نے سب سے پہلی عاد قوم کو ہلاک کیا تھا۔
اور ان کے بعد ثمود کو بھی (جو عاد ہی کی قوم کا ایک حصہ تھے) اور (عذاب نے) ان کا کچھ نہیں چھوڑا تھا۔
اور ان سے پہلے نوح کی قوم کو بھی۔ وہ بڑا ظلم کرتے تھے اور بڑے سرکش تھے۔
اور الٹائی ہوئی بستیوں کو بھی اس نے اوپر سے نیچے گرایا تھا۔
پھر ان کو اس چیز نے ڈھانک لیا تھا جو ایسے موقعوں پر ڈھانک[1] لیا کرتی ہے۔
[1] یعنی خداتعالیٰ کا عذاب۔
پس تو اپنے رب کی نعمتوں میں سے کس کس نعمت پر شک کرے گا۔
یہ ہمارا رسول بھی پہلے رسولوں کی طرز کا ایک رسول ہے۔
(اس قوم کے فیصلہ کی) ساعت قریب آگئی ہے۔
اللہ کے سوا کوئی (ہستی بھی) اس کو ٹلا نہیں سکتی[2]۔
[2] اس جگہ بریکٹ کو نہ پڑھیں تو ترجمہ صحیح نہیں رہتا۔ چونکہ مونث و مذکر کے فرق کے ظاہر کیے بغیر ترجمہ ٹھیک نہ ہوتا تھا۔ ہم نے اس نقص کی پروا نہیں کی۔
کیا تم اس بات پر تعجب کرتے ہو؟