۵۴۔ سورۃ القمر

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

(عرب کی) تباہی کی گھڑی آگئی ہے اور چاند[1] پھٹ گیا ہے۔

[1] عربوں کے نزدیک چاند عرب حکومت کا نشان تھا۔ چنانچہ یہود بھی یہی یقین رکھتے تھے۔ حضرت صفیہؓ جو ایک یہودی سردار کی بیٹی تھیں اور بعد میں رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواج مطہرات میں داخل ہوئیں۔ انہوں نے ایک دفعہ خواب میں دیکھا کہ ان کی گود میں چاند آگرا ہے۔ ان کے والدنے اس خواب سے یہی استدلال کیا کہ تو بادشاہِ وقت سے شادی کرنا چاہتی ہے (اسد الغابۃ) پس چاند پھٹنے اور عرب کی تباہی آجانے کے ایک معنے یہ ہیں کہ سَاعَۃ یعنی عرب کی تباہی کی ساعت آگئی ہے اور چاند یعنی عرب کی حکومت کا عروج پاش پاش ہو گیا ہے۔ مفسرین نے غلطی سے اس کے یہ معنے کیے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک دفعہ یہ معجزہ دکھایا تھا کہ چاند کی طرف اشارہ کیا تو وہ حقیقتاً جسمانی طور پر پھٹ کر دو ٹکڑے ہو گیا (فتح البیان) حالانکہ یہ غلط ہے۔ اگر ایسا ہوتا تو عرب کے سب حصوں میں اور دنیا کے سب حصوں میں ایسا نظر آتا بلکہ نظام شمسی کے لئے مہلک ثابت ہوتا۔ کیونکہ وہ اسی صورت میں قائم رہ سکتا ہے جبکہ اس کے سب سیّارے اپنی اپنی جگہ پر ٹھیک رہیں۔ پھر کسی صحابیؓ نے بھی جو اس وقت اس مجلس میں ہو یا مکہ یا عرب کے کسی اور مقام پر ہو اس کی شہادت نہیں دی کہ چاند جسمانی طور پر پھٹ گیا تھا۔ علاوہ ازیں چاند کے جسمانی طور پر پھٹنے کا قیامت سے کوئی تعلق نہیں۔

اور اگر وہ کوئی نشان دیکھیں گے تو ضرور اعراض کر جائیں گے اور کہہ دیں گے کہ یہ محض ایک دھوکا ہے جو ہمیشہ[2] سے چلا آتا ہے۔

[2] مطلب یہ ہے کہ یہ فریب کی بات ہمیشہ ہی نبوت کے مدعی کہتے چلے آئے ہیں۔

اور انہوں نے جھٹلا دیا اور اپنی خواہشات کے پیچھے چل پڑے اور ہر کام کے لئے ایک وقت مقرر ہے۔

اور ان کے پاس ایسے حالات پہنچ چکے ہیں جن میں تنبیہ کا سامان موجود تھا۔

نیز ایسی حکمت کی باتیں بھی تھیں جو اثر کرنے والی تھیں۔ مگر (افسوس کہ) ڈرانے والے[3] نے ان کو کوئی فائدہ نہیں دیا۔

[3] قرآن مجیدنے ’’ڈرانے والوں‘‘ کہا ہے۔ حالانکہ صرف ایک ڈرانے والا ہی تھا۔ یہ جمع یا تو محبت کے لئے ہے یا اس لئے کہ آپ کی ذات میں سب رسول جمع ہیں۔

پس تو ان سے منہ پھیر لے اور اس وقت کا انتظار کر کہ ایک پکارنے والا ناپسندیدہ چیز (یعنی عذاب) کی طرف ان کو پکارے گا۔

ان کی آنکھیں جھکی ہوئی ہوں گی۔ وہ قبروں سے نکلیں گے اس طرح کہ گویا پراگندہ ٹڈیاں ہیں۔

پکارنے والے کی طرف بھاگے جا رہے ہوں گے اور کافر یہ بھی کہتے جائیں گے کہ یہ تو بڑی تکلیف کا دن ہے۔

ان سے پہلے نوح کی قوم نے جھٹلایا، اور ہمارے بندے کی تکذیب کی اور کہا کہ یہ مجنون ہے اور (ہمارے بتوں کی طرف سے) اس پر پھٹکار ڈالی گئی ہے۔

آخر اس نے اپنے رب سے دعا کی اور کہا، مجھے دشمن نے مغلوب کر لیا ہے، پس تو میرا بدلہ لے۔

جس پر ہم نے بادل کے دروازے ایک جوش سے بہنے والے پانی کے ذریعہ سے کھول دئیے۔

آج 10 میں سے 10 باقی