۵۴۔ سورۃ القمر
تفسیر صغیر, حصہ 2
اور زمین میں بھی ہم نے چشمے پھوڑ دئیے۔ پس (آسمان کا) پانی (زمین کے پانی کے ساتھ) ایک ایسی بات کے لئے اکٹھا ہو گیا، جس کا فیصلہ ہو چکا تھا۔
اور ہم نے اس (نوح) کو ایک تختوں اور کیلوں والی چیز (یعنی کشتی) پر اٹھالیا۔
وہ ہماری آنکھوں کے سامنے (ہماری نگرانی میں) چلتی تھی۔ یہ اس شخص کی جزا تھی جس کا انکار کیا گیا تھا۔
اور ہم نے اس واقعہ کو ایک نشان کے طور پر (پچھلی اقوام کے لئے) چھوڑا[1]۔ پس کیا کوئی نصیحت حاصل کرنے والا ہے؟
[1] قریباً دنیا کی سب اقوام کی تاریخ میں ایک ایسے سیلاب کا ذکر آتا ہے جو دنیا کے بڑے حصہ پر آیا۔ اور نوحؑ کے طوفان کے مشابہ تھا۔
اور دیکھو! میرا عذاب اور میرا ڈرانا کیسا (سخت اور درست) تھا۔
ہم نے قرآن کو عمل کے لئے آسان بنایا ہے۔ پس کیا کوئی نصیحت حاصل کرنے والا ہے؟
عاد ؔنے بھی (اپنے رسول کا) انکار کیا تھا، پھر دیکھو میرا عذاب اور میرا ڈرانا کیسا تھا؟ (یعنی عذاب کیسا سخت تھا اور ڈرانا کیسا سچا تھا)۔
ہم نے ان پر ایک ایسی ہوا بھیجی، جو تیز چلنے والی تھی اور ایک دیر تک رہنے والے منحوس[1] وقت میں چلائی گئی تھی۔
[1] منحوس سے یہ مرادنہیں کہ کوئی وقت منحوس ہوتا ہے اور کوئی مبارک۔ بلکہ مطلب یہ ہے کہ وہ وقت اس قوم کے لئے منحوس ہو گیا تھا۔
وہ لوگوں کو اس طرح اکھیڑ پھینکتی تھی۔ گویا وہ کھجور کے ایسے تنے ہیں جن کے اندر کا گودا کھایا ہوا تھا۔
پس دیکھو کہ میرا عذاب (کیسا سخت) اور میرا ڈرانا کیسا (سچا) تھا۔
اور ہم نے قرآن کو عمل کرنے کے لئے آسان بنایا ہے پس کیا کوئی نصیحت حاصل کرنے والا ہے؟
ثمود نے بھی نبیوں[2] کا انکار کیا تھا۔
[2] اس جگہ صرف صالح ؑ کا ذکر ہے مگر ان کے انکار کو نبیوں کا انکار کہا گیا ہے۔ کیونکہ بوجہ اس کے کہ سب نبیوں کی صداقت کے دلائل ایک سے ہوتے ہیں۔ ایک کا انکار سب نبیوں کا انکار سمجھا جاتا ہے۔