۵۶۔ سورۃ الواقعة
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
جب وہ (بات) جس کے اٹل ہونے کا فیصلہ ہے عملاً ہو جائے گی[1]۔
[1] یعنی قیامت آجائے گی۔
اس کے واقع ہونے کو اپنے وقت سے ٹلانے والی کوئی (چیز) نہیں۔
وہ بعض کو نیچا کرنے والی اور بعض کو اونچا [2]کرنے والی ہے۔
[2] یعنی مسلمانوں اور کافروں کے درمیان فیصلہ کرنے والی گھڑی ضرور آئے گی۔ کافر کتنی ہی تدبیریں کریں۔ اس کو اپنے وقت سے ٹلا نہیں سکتے اور جب وہ آئے گی تو بعض کو نیچا کر دے گی اور بعض کو اونچا کر دے گی۔ یعنی کافر آج غالب ہیں اس دن مغلوب ہو جائیں گے اور مسلمان آج مغلوب ہیں اُس دن غالب ہو جائیں گے۔
جس دن ملک کو ہلا دیا جائے گا۔
اور پہاڑوں کو ریزہ ریزہ کر دیا جائے گا۔
سو وہ ایسے ہو جائیں گے جیسے ہوا میں چاروں طرف اڑنے والے باریک ذرے۔
اور تم تین گروہوں میں تقسیم ہو جاؤ گے۔
ایک تو داہنے ہاتھ والے ہونگے اور تجھ کو کیا معلوم کہ داہنے ہاتھ والے کیسے ہونگے؟
اور ایک بائیں ہاتھ والے، اور تجھے کیا معلوم کہ بائیں ہاتھ والے کیسے ہونگے؟
اور ایک گروہ (ایمان اور عمل میں) آگے نکل جانے والوں کا ہوگا، سو وہ تو بہرحال دوسروں سے آگے ہی رہیں گے۔
اور وہ لوگ (خدا کے) مقرب ہوں گے۔