۵۶۔ سورۃ الواقعة
تفسیر صغیر, حصہ 2
نعمت والی جنتوں میں (رہیں گے)
پہلے ایمان[1] لانے والوں میں ان کی تعداد زیادہ ہوگی۔
[1] بعض نے اس کے یہ معنے کیے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر جو لوگ ابتدا میں ایمان لائے تھے ان میں سے سابقون لوگ بہت ہونگے مگر آپ کے بعد جو مسلمان ہونگے ان میں سے ایسے لوگ تھوڑے ہونگے۔ مگر بانیئسلسلہ احمدیہ نے بتایا ہے کہ اس کے یہ معنے نہیں بلکہ یہ ہیں کہ ہر زمانہ میں جب کوئی سچائی کا پیغام آتا ہے تو جو شروع میں مانتے ہیں ان میں سے اکثر بڑا درجہ پانے والے ہوتے ہیں۔ اور جو ترقی کے وقت مانتے ہیں۔ ان میں بڑا درجہ پانے والے تھوڑے ہوتے ہیں۔ اور یہی معنے انصاف پر مبنی ہیں۔
اور بعد میں ایمان لانے والوں میں سے ان کی تعداد تھوڑی ہوگی۔
وہ جڑاؤ چھپرکھٹوں پر
تکیہ لگا کر آمنے سامنے بیٹھے ہونگے۔
ان کے پاس خدمت کے لئے کثرت سے نوجوان خادم آئیں گے جو کہ ہمیشہ اپنی نیکی پر قائم رکھے جائیں گے۔
(وہ) گلاس اور آفتابے اور چشموں سے بھرے ہوئے پیالے لے کر (آئیں گے)۔
(ان پیالوں اور آبخوروں کو پی کر) نہ تو جنتیوں کو خمار ہوگا اور نہ وہ لغو کلام کریں گے۔
(اور اسی طرح نوجوان خادم) ان (جنتیوں) کے پاس ایسے پھلوں کے طشت لے کر آئیں گے، جن کو وہ پسند کریں گے۔
اور پرندوں میں سے ان پرندوں کے گوشت جن کو وہ (جنتی) پسند کریں گے۔
اور کالی پتلیوں والی اور بڑی بڑی آنکھوں والی عورتیں ہوں گی۔
جو محفوظ[1] موتیوں کی طرح ہونگی (جو اپنے قیمتی ہونے کی وجہ سے چھپا کر رکھے جاتے ہیں)
[1] یعنی نیک اور پاک باز۔