۵۷۔ سورۃ الحديد

تفسیر صغیر

(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔

آسمانوں میں اور زمین میں جو کچھ ہے وہ خدا کی تسبیح کر رہا ہے، اور وہ غالب (اور) حکمت والا ہے۔

آسمانوں اور زمین کی بادشاہت اسی کی ہے، وہ زندہ کرتا ہے، اور مارتا بھی ہے اور وہ ہر چیز پر قادر ہے۔

وہ اول بھی ہے اور آخر بھی۔ اور ظاہر بھی ہے اور باطن بھی۔ اور وہ ہر چیز کو جانتا ہے۔

اسی نے آسمانوں اور زمین کو چھ وقتوں میں پیدا کیا ہے، پھر عرش پر مضبوطی سے قائم ہو گیا۔ وہ اسے بھی جانتا ہے جو زمین میں داخل ہوتا ہے۔ اور اسے بھی جو اس سے نکلتا ہے اور اسے بھی جو آسمان [1]سے اترتا ہے اور اسے بھی جو اس کی طرف چڑھتا ہے اور تم جہاں بھی جاؤ وہ تمہارے ساتھ رہتا ہے اور اللہ تمہارے اعمال سے خوب واقف ہے۔

[1] دیکھئے سورۃ سبا آیت۳ نوٹ۳۔

(اور) آسمانوں کی بادشاہت بھی اسی کی ہے اور زمین کی بھی (اسی کی) اور اسی کی طرف تمام امور (فیصلہ کے لئے) لوٹائے جائیں گے۔

وہ رات کو دن میں داخل کرتا ہے اور دن کو رات میں داخل کرتا ہے۔ اور وہ دلوں کی باتوں کو خوب جانتا ہے۔

اے لوگو! اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ، اور جن (جائیدادوں) کا (پہلی قوموں کے بعد) تم کو مالک بنایا ہے ان میں سے خرچ کرو۔ اور تم میں سے جو مومن ہیں اور خدا کی راہ میں خرچ کرتے رہتے ہیں ان کو بہت بڑا اجر ملے گا۔

اور تمہیں کیا ہو گیا ہے کہ تم اللہ (اور رسول) پر ایمان نہیں لاتے اور (اللہ کا) رسول تم کو صرف اس لئے بلاتا ہے کہ تم اپنے رب پر ایمان لاؤ (اور) اگر تم مومن ہو تو خدا تم سے ایک وعدہ [1]لے چکا ہے۔

[1] یعنی فطرت صحیحہ میں خداتعالیٰ پر ایمان لانا اور اس کی طرف جانا مخفی رکھا گیا ہے۔

وہ (اللہ) ہی ہے جو اپنے بندے پر کھلے کھلے نشان نازل کرتا ہے جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ وہ ان نشانات کے ذریعہ سے تم کو اندھیروں میں سے نکال کر نور کی طرف لے جاتا ہے اور اللہ یقیناً بہت شفقت سے کام لینے والا (اور) باربار کرم کرنے والا ہے۔

اور تمہیں کیا ہو گیا ہے کہ تم اللہ کے راستہ میں خرچ نہیں کرتے حالانکہ آسمان اور زمین کی میراث[2] اللہ ہی کی ہے اے مومنو! فتح سے پہلے جس نے خدا کی راہ میں خرچ کیا اور اس کی راہ میں جنگ کی وہ اس کے برابر نہیں ہو سکتا جس نے فتح کے بعد خرچ کیا اور فتح کے بعد جنگ کی۔ فتح سے پہلے خرچ کرنے والے اور جنگ کرنے والے درجہ میں بہت زیادہ ہیں اور اللہ نے دونوں قسم کے لوگوں سے نیکی کا وعدہ کیا ہے۔ اور اللہ تمہارے اعمال سے خوب اچھی طرح واقف ہے۔

[2] یعنی اس مادی دنیا میں سے جو کچھ انسان کے ہاتھ میں ہے۔ آخر انسان اُسے چھوڑ کر مر جائے گا اور وہ خدا ہی کے قبضہ میں آئے گی۔

کیا کوئی ہے جو اللہ کو (اپنے مال کا) اچھا ٹکڑہ کاٹ کر دے تا کہ وہ اسے اس کے لئے بڑھائے۔ اور اس کے لئے ایک معزز بدلہ مقرر ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی