۵۷۔ سورۃ الحديد

تفسیر صغیر, حصہ 2

جس دن تو مومن مردوں اور مومن عورتوں کو دیکھے گا کہ ان کا نور ان کے سامنے بھی اور ان کے دائیں طرف بھی بھاگتا جائے گا (اور خدا اور اس کے فرشتے کہیں گے) آج تمہیں قسم قسم کے باغوں کی خوش خبری دی جاتی ہے (ایسے باغ) جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی یہ (بشارت پانے والے) لوگ ان جنتوں میں رہتے چلے جائیں گے اور یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔

جس دن منافق مرد اور منافق عورتیں مومنوں سے کہیں گے کہ ذرا ہمارا بھی انتظار کرو ہم تمہارے نور سے روشنی حاصل کر لیں، اس وقت ان سے کہا جائے گا اپنے پیچھے[1] کی طرف لوٹ جاؤ اور وہاں جاکر نور تلاش کرو۔ پھر (اللہ کی طرف سے) ان کے اور مومنوں کے درمیان ایک دیوار حائل کر دی جائے گی، جس میں ایک دروازہ ہوگا اس کے اندر[2] رحمت کا نظارہ ہوگا اور اس کے باہر کی طرف سامنے عذاب نظر آرہا ہوگا۔

[1] یعنی اگلے جہان میں نُور دنیوی اعمال کے مطابق ملتا ہے اگر طاقت ہے تو دنیا میں واپس چلے جاؤ۔

[2] یعنی مومنوں نے جِدھر جانا ہے اُدھر رحمت ہوگی اور کفار کے پیچھے عذاب ہوگا جس سے وہ بھاگ کر آئیں گے مگر اسے پیچھے نہ چھوڑ سکیں گے۔

وہ (منافق) مومنوں سے پکار کر کہیں گے، کیا ہم تمہارے ساتھ نہ تھے؟ وہ (یعنی مومن) جواب دیں گے، ہاں ہاں۔ لیکن تم نے اپنی جانوں کو خود عذاب میں ڈالا۔ اور تم (ہماری تباہی کا) انتظار کرتے رہے اور شکوک و شبہات سے کام لیتے رہے اور تمہاری آرزوئیں تمہیں اس وقت تک دھوکہ دیتی رہیں کہ اللہ کا فیصلہ آگیا اوراللہ کے (تمام کاموں کے) متعلق شیطان تمہیں دھوکہ دیتا رہا۔

پس آج کے دن (اے منافقو)! نہ تم سے اور نہ کافروں سے کوئی فدیہ قبول کیا جائے گا۔ تم سب کا ٹھکانا دوزخ ہے۔ وہی تمہاری دائمی تعلق والی چیز ہے اور وہ برا ٹھکانا ہے۔

اب ہم مومنوں سے کہتے ہیں کہ کیا اب تک ان کے دل اللہ کے ذکر کے لئے اور اس کلام کے لئے جو حق (وحکمت) کے ساتھ اترا ہے جھکتے نہیں؟ اور (مومنوں کو) چاہیے کہ وہ ان لوگوں کی طرح نہ بنیں جن کو ان سے پہلے کتاب دی گئی تھی۔ لیکن (خدا کے فضل کے نزول کا) زمانہ ان کے لئے لمبا ہو گیا۔ جس کے نتیجہ میں ان کے دل سخت ہو گئے اور ان میں سے اکثر فاسق ہو گئے تھے۔

یاد رکھو کہ اللہ زمین کو اس کی موت کے بعد زندہ کرتا ہے۔ ہم نے تمہارے لئے اپنے نشانات کھول کھول کر بیان کر دئیے ہیں تا کہ تم عقل سے کام لو۔

یقیناً صدقہ دینے والے مرد اور صدقہ دینے والی عورتیں اور وہ لوگ جنہوں نے اللہ کے لئے اپنے مال میں سے ایک اچھا حصہ کاٹ کر الگ کر دیا ہے، ان کے مالوں کو ان کی خاطر بڑھایا جائے گا اور ان کو معزز بدلہ دیا جائے گا۔

اور جو اللہ پر اور اس کے رسولوں پر ایمان لائے وہی اپنے رب کے نزدیک صدیق اور شہداء کا درجہ پانے والے[1] ہیں ان کو ان کا پورا پورا اجر ملے گا اور اسی طرح ان کا نور ان کو ملے گا۔ اور وہ لوگ جنہوں نے کفر کیا۔ اور ہماری آیتوں کو جھٹلایا، وہ دوزخی ہونگے۔

[1] بعض لوگ کہتے ہیں کہ اللہ اور اس کے رسولوں پر ایمان لانے کے نتیجہ میں انسان صرف صدیق اور شہداء کے مرتبہ پر پہنچ سکتا ہے نہ کہ نبوت کے مقام تک، ان کے سمجھانے کے لئے ہم سورۃ النساء کی یہ آیت پیش کرتے ہیں کہ وَ مَنْ یُّطِعِ اللّٰہَ وَالرَّسُوْلَ فَاُولٰٓئِکَ مَعَ الَّذِیْنَ اَنْعَمَ اللّٰہُ عَلَیْھِمْ مِّنَ النَّبِیّٖنَ وَالصِّدِّیْقِیْنَ وَالشُّھَدَآءِ وَ الصَّالِحِیْنَ وَ حَسُنَ اُولٰٓئِکَ رَفِیْقًا (النساء: ۷۰) ان دونوں آیات پر غور کرکے ہر شخص معلوم کر سکتا ہے کہ سورۃ الحدید میں تو یہ کہا گیا ہے کہ جو لوگ اللہ اور اس کے رسولوں پر ایمان لائے وہی صدیق اور شہداء کا درجہ پانے والے ہیں لیکن سورۃ نساء میں اَلرَّسُوْل کا لفظ استعمال کیا گیا ہے جس سے مراد صرف محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں اور کہا گیا ہے کہ جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کریں گے وہ نبیوں اور صدیقوں اور شہیدوں اور صالحین کا درجہ پائیں گے۔ پس معلوم ہوا کہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے نبیوں کی اطاعت کے نتیجہ میں انسان صرف صدیق اور شہداء کے مقام تک پہنچ سکتا تھا۔ لیکن اللہ تعالیٰ اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اطاعت کی وجہ سے انسان نبیوں، صدیقوں، شہیدوں اور صلحاء کا مرتبہ پا سکتا ہے۔

اے لوگو! جان لو کہ دنیا کی زندگی محض ایک کھیل ہے اور دل بہلاوا ہے اور زینت حاصل کرنے اور آپس میں فخر کرنے اور ایک دوسرے پر مال اور اولاد میں بڑائی جتانے کا ذریعہ ہے۔ اس کی حالت بادل سے پیدا ہونے والی کھیتی کی سی ہے جس کا اگنا زمیندار کو بہت پسند آتا ہے اور وہ خوب لہلہاتی ہے مگر آخر تو اس کو زرد حالت میں دیکھتا ہے پھر (اس کے بعد) وہ گلا ہوا چورا ہو جاتی ہے اور آخرت میں (ایسے دنیاداروں کے لئے) سخت عذاب مقرر ہے اور بعض کے لئے اللہ کی طرف سے مغفرت اور رضاء الٰہی مقرر ہے اور ورلی زندگی صرف ایک دھوکے کا فائدہ ہے۔

(اے لوگو)! تم اپنے رب کی طرف سے آنے والی مغفرت اور ایسی جنت کی طرف تیزی سے بڑھو جس کی قیمت تمام آسمان اور زمین کی قیمت کے برابر ہے اور جو اللہ اور اس کے رسول پر ایمان لانے والوں کے لئے تجویز کی گئی ہے۔ یہ اللہ کا فضل ہے وہ جس کو پسند کرتا ہے دیتا ہے اور اللہ بڑے فضل والا ہے۔

زمین میں کوئی مصیبت نہیں آتی اور نہ تمہاری جانوں پر کوئی مصیبت آتی ہے۔ لیکن اس کے ظہور سے بھی پہلے ہم نے اسے مقرر [1]کر دیا ہوتا ہے یہ بات اللہ کے لئے بالکل آسان ہے۔

[1] یہ مطلب نہیں کہ ہر بُرا اچھا بدلہ مقدر ہے اور قسمت میں لکھا ہوا ہے بلکہ یہ مراد ہے کہ ہر کام کا انجام ہم نے مقرر کیا ہوا ہے اس لئے جیسا کام کوئی کرتا ہے، اس کا مقرر بدلہ اسے مل جاتا ہے۔ پس بدلہ کا پیدا کرنے والا انسان خود ہے نہ کہ خدا۔ خداتعالیٰ تو محض اصول کا پیدا کرنے والا ہے۔

تا کہ اپنی کوتاہی پر تم کو کوئی افسوس نہ ہو اور نہ اس پر تم خوش ہو جو اللہ تم کو دے اور اللہ ہر شیخی خورے اکڑ باز کو پسند نہیں کرتا۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی