۵۷۔ سورۃ الحديد

تفسیر صغیر, حصہ 3

ایسے لوگ جو آپ بھی بخل سے کام لیتے ہیں اور دوسروں کو بھی بخل کی تعلیم دیتے ہیں اور جو شخص اس نصیحت سے منہ پھیر لے تو یاد رکھے کہ اللہ ہی حقیقی بے نیاز اور حقیقی تعریف کا مستحق ہے۔

ہم نے اپنے رسولوں کو کھلے نشانوں کے ساتھ بھیجا ہے اور ان کے ساتھ کتاب اور میزان بھی اتاری ہے تا کہ لوگ انصاف کیا کریں اور ہم نے لوہا بھی اتارا ہے جس میں سخت جنگ کا سامان ہے اور لوگوں کے لئے اور بھی کئی قسم کے نفعے ہیں اور یہ سب اس لئے پیدا کیا ہے کہ اللہ جان لے کہ اس کی اور اس کے رسولوں کی غیب کی حالت میں کون مدد کرتا ہے اور اللہ بڑی قوت والا (اور) غالب ہے۔

اور ہم نے نوح اور ابراہیم کو بھی رسول بنا کر بھیجا تھا۔ اور ان کی ذریت سے نبوت اور کتاب کو مخصوص کر دیا تھا۔ پس بعض ان میں سے ہدایت پانے والے تھے اور بہت لوگ ان میں سے فاسق تھے۔

پھر ہم نے ان کے (یعنی اولاد نوح و ابراہیم کے) بعد اپنے رسول ان کے نقش قدم پر چلا کر بھیجے اور عیسیٰ ابن مریم کو بھی ان کے نقش قدم پر چلایا اور اس کو انجیل بخشی۔ اور جو اس کے متبع ہوئے ہم نے ان کے دل میں رافت اور رحمت پیدا کی اور انہوں نے کنوارا رہنے کا طریق اختیار کیا، جسے انہوں نے خود اختیار کیا تھا۔ ہم نے یہ حکم ان پر فرض نہیں کیا تھا (گو) انہوں نے اللہ کی رضا حاصل کرنے کے لئے یہ طریق اختیار کیا تھا مگر اس کا پورا لحاظ نہ رکھا۔ پس ان میں سے جو مومن تھے ان کو ہم نے مناسب حال اجر بخشا اور ان میں سے بہت سے فاسق تھے۔

اے ایمان والو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو اور اس کے رسول پر ایمان لاؤ۔ تب تم کو اللہ اپنی رحمت سے دوہرا حصہ دے گا اور تمہارے لئے نور مقرر کر دے گا جس کی مدد سے تم چلو گے اور تمہارے گناہ معاف کرے گا اور اللہ بڑا بخشنے والا (اور) بے انتہا کرم کرنے والا ہے۔

اور یہ ہم اس لئے کہتے ہیں تا کہ اہل کتاب یہ نہ سمجھیں کہ مسلمانوں کو اللہ کے فضل سے کچھ ملا ہی نہیں۔ بلکہ یہ سمجھیں کہ فضل اللہ کے ہاتھ میں ہے۔ جس کو چاہتا ہے دیتا ہے اور اللہ بڑے فضلوں والا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی