۵۸۔ سورۃ المجادلة
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اللہ نے اس عورت کی دعا سن لی، جو اپنے خاوند کے متعلق تجھ سے بحث کرتی تھی اور اللہ سے فریاد کرتی تھی، اور اللہ تم دونوں کی بحث سن رہا تھا۔ اللہ یقیناً بہت سننے والا (اور) دیکھنے والا ہے۔
(سو یاد رکھو کہ) تم میں سے جو لوگ اپنی بیویوں کو ماں کہہ بیٹھیں تو اس کہنے سے وہ [1]ان کی مائیں نہیں ہو جاتیں، ان کی مائیں وہی ہیں جنہوں نے ان کو جنا ہے اور (جو کچھ وہ غلطی سے کہہ بیٹھتے ہیں ان کی نسبت یہی کہا جا سکتا ہے کہ) وہ ایک ناپسندیدہ اور جھوٹ بات کہتے ہیں اور اللہ یقیناً بہت معاف کرنے والا (اور) بہت بخشنے والا ہے۔
[1] سورۂ احزاب میں کہا گیا تھا کہ نبی کی بیویاں مومنوں کی مائیں ہیں۔ اب یہ کہا گیا ہے کہ کوئی اپنی بیوی کو ماں کہہ بیٹھے تو وہ ماں نہیں ہو جاتی۔ اس میں اختلاف نہیں۔ کیونکہ کسی انسان کے کہنے سے کوئی عورت ماں نہیں ہو سکتی۔ لیکن اگر خداتعالیٰ کسی عورت کو ماں قرار دے تو چونکہ حقوق کا قائم کرنے والا وہی ہے اس کے حکم کے ماتحت ایک عورت ماں بن سکتی ہے پھر یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہ منفی حکم ہے کسی کے حقوق کو اس میں تلف نہیں کیا گیا۔ نہ کسی جان پر کوئی زائد حق ڈالے گئے ہیں۔
اور وہ لوگ جو اپنی بیویوں کو ماں کہہ دیتے ہیں پھر اس کے بعد (باوجود خداتعالیٰ کے منع کرنے کے) جو کچھ انہوں نے کہا تھا اس کی طرف لوٹ کے آتے ہیں ان کے لئے ضروری ہے کہ قبل اس کے کہ وہ دونوں (یعنی میاں بیوی) ایک دوسرے کو چھوئیں ایک غلام آزاد کریں، یہ وہ (بات) ہے جس کی تمہیں نصیحت کی جاتی ہے اور اللہ تمہارے اعمال سے خوب آگاہ ہے۔
اور جو شخص (غلام) نہ پائے وہ متواتر دو مہینے کے روزے رکھے پیشتر اس کے کہ وہ دونوں ایک دوسرے کو چھوئیں اور جس میں یہ طاقت بھی نہ ہو تو ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلائے۔ یہ (حکم) اس لئے (دیا گیا) ہے تا (کہ) تم اللہ اور اس کے رسول کی بات کو مانا کرو۔ اور یہ اللہ کی حدیں ہیں اور کافروں کے لئے دردناک عذاب (مقرر) ہے۔
جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کے حکم کے خلاف جاتے ہیں وہ ذلیل کیے جائیں گے۔ جس طرح ان سے پہلے لوگ ذلیل کیے گئے۔ اور ہم اپنے واضح احکام اتار چکے ہیں۔ اور جو لوگ (ان واضح احکام کا) انکار کریں گے ان کو رسوا کرنے والا عذاب پہنچے گا۔
جس دن اللہ ان سب کو جمع کرکے اٹھائے گا اور ان کے ان اعمال کی خبر دے گا جو اللہ نے تو گن رکھے ہیں مگر وہ ان کو بھول گئے ہیں اور اللہ ہر ایک چیز پر نگران ہے۔
کیا تجھے معلوم نہیں کہ آسمانوں اور زمین میں جو کچھ بھی ہے، اللہ اس کو جانتا ہے۔ دنیا میں کوئی تین آدمی علیحدہ مشورہ کرنے والے نہیں ہوتے جبکہ وہ ان کا چوتھا نہ ہو، اور نہ پانچ مشورہ کرنے والے ہوتے ہیں جبکہ وہ ان کا چھٹا نہ ہو اور نہ اس تعداد سے کم ہوتے ہیں نہ زیادہ کہ وہ (ہر صورت میں) ان کے ساتھ ہوتا ہے خواہ وہ کہیں بھی (مشورہ کر رہے) ہوں۔ پھر وہ ان کے اعمال کی قیامت کے دن ان کو خبر دے گا، اللہ ہر ایک چیز کو جاننے والا ہے۔
کیا تو نے ان (لوگوں) کو نہیں دیکھا جن کو خفیہ سازشوں سے منع کیا گیا پھر بھی وہ اس ممنوع چیز کی طرف لوٹتے ہی رہتے ہیں اور گناہ اور زیادتی اور رسول کی نافرمانی کی باتوں کے متعلق مشورہ کرتے ہیں اور جب وہ تیرے پاس آتے ہیں تو تجھے ایسے لفظوں میں دعا دیتے ہیں جن (لفظوں) میں خدا [1]نے دعا نہیں دی اور اپنے دلوں میں کہتے ہیں کہ کیوں اللہ ہمارے (منافقانہ) قول کی وجہ سے ہمیں عذاب نہیں دیتا۔ جہنم ان لوگوں کے لئے کافی ہے۔ وہ اس میں داخل ہونگے اور وہ بہت برا ٹھکانا ہے۔
[1] یعنی دعا میں مبالغہ سے کام لیتے ہیں۔ تاکہ ان کی نسبت اچھی رائے قائم ہو۔ حقیقتاً اس دعا کے قائل نہیں ہوتے پس یہ کہتے ہیں کہ ہمارے اتنے بڑے جھوٹ پر اگر یہ شخص سچا ہے تو سزا کیوں نہیں ملتی۔
اے مومنو! جب کبھی خفیہ مشورہ [2]کرو تو گناہ کی بات اور زیادتی کی بات پر خفیہ مشورے نہ کیا کرو اور نہ رسول کی نافرمانی کی باتوں پر۔ بلکہ نیکی کی باتوں پر اور تقویٰ کی باتوں پر مشورہ کیا کرو، اور اللہ کا تقویٰ اختیار کیا کرو، جس کی طرف تم سب کو (زندہ کرکے) لوٹایا جائے گا۔
[2] یہاں خُفیہ مشورہ سے مراد وہ مشورہ ہے جو نیکی کے متعلق ہو۔ اور آیت۱۱ میں جس مشورہ سے منع کیا گیا ہے وہ ایسا مشورہ ہے جو بَدِی کے متعلق ہو اور وہ جائز نہیں جیسا کہ اسی آیت میں اس کا ذکر کیا گیا ہے۔ پس دونوں آیتوں میں کوئی اختلاف نہیں۔
خفیہ مشورہ کرنے کا طریق[1] شیطان کی طرف سے آیا ہے اور اس کی غرض یہ ہے کہ مومنوں کو فکر میں ڈالے اور وہ ان کو اللہ کے حکم کے بغیر کچھ بھی نقصان نہیں پہنچا سکتا اور چاہیے کہ مومن صرف اللہ پر توکل کریں۔
[1] یعنی ایسے مشوروں کا جو کہ بدکاموں کے متعلق ہوں۔
اے مومنو! جب تم سے یہ کہا جائے کہ مجالس میں کھل کر بیٹھ جاؤ، تو کھل کر بیٹھ جایا کرو۔ اللہ بھی تمہارے لئے کشادگی کے سامان پیدا کرے گا۔ اور جب تمہیں کہا جائے کہ اٹھ جاؤ تو اٹھ جایا کرو۔ اللہ ان کو جو کہ مومن ہیں اور علم حقیقی رکھنے والے ہیں درجات میں بڑھا دے گا اور اللہ تمہارے اعمال سے خوب خبردار ہے۔