۵۸۔ سورۃ المجادلة

تفسیر صغیر, حصہ 2

اے ایمان دارو! جب تم رسول سے الگ مشورہ کرنا چاہو تو اپنے مشورہ سے پہلے کچھ صدقہ دیا کرو۔ یہ تمہارے لئے اچھا ہوگا اور دل کو پاک کرنے کا موجب ہوگا (مگر یہ حکم انہی کے لئے ہے جن کو توفیق ہو) اگر تم (کوئی چیز بھی صدقہ کے لئے) نہ پاؤ تو (ڈرو نہیں) اللہ بہت بخشنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے۔

کیا تم مشورہ کرنے سے پہلے صدقہ دینے سے ڈر گئے؟[2] سو چونکہ تم نے ایسا نہیں کیا اور اللہ نے تم پر فضل فرما دیا ہے پس تم نمازیں قائم کرو، اور زکٰوتیں دو اور اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو۔ اور جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اسے خوب جانتا ہے۔

[2] یہ ڈر صدقہ دینے سے نہ تھا بلکہ صدقہ کا لفظ جو غیر محدود تھا۔ اس کے متعلق مسلمانوں کو یہ ڈر ہو سکتا تھا کہ اتنا صدقہ دیا ہے کہ نہیں جتنا خداتعالیٰ کے حکم سے مراد تھا۔ پس اس کا جواب دیا ہے کہ جب تم صدقہ دینے پر تیار ہو صرف یہ وہم ہے کہ اتنا صدقہ ہوا کہ نہیں جس کا حکم تھا تو اس کے معنے یہ ہیں کہ تم نے صرف وہ صدقہ نہیں دیا جس کی تم کو طاقت نہ تھی اور طاقت سے بڑھ کر صدقہ پہلے ہی معاف کیا گیا ہے کیونکہ پہلی آیت میں بتایا گیا ہے کہ اگر تم نہ پاؤ تو معاف ہے اور نہ پانے سے مراد یہی ہے کہ حسب خواہش نہ پاؤ۔ پس دونوں آیتوں میں کوئی اختلاف نہیں۔ یہ آیت ان پانچ آیات میں سے ہے جن کی نسبت شاہ ولی اللہ صاحب فرماتے ہیں کہ مجھ سے حل نہیں ہوئیں (الفوز الکبیر) اللہ تعالیٰ کا احسان ہے کہ مجھ پر یہ آیت بھی حل ہوگئی ہے جیسا کہ نوٹ سے ہر ایک پر ظاہر ہو جائے گا۔

کیا تو نے ان لوگوں کو طرف بھی دیکھا جنہوں نے ایسی قوم سے دوستی کی جن پر خدا نے غضب نازل کیا تھا۔ ایسے لوگ نہ تم میں سے ہیں نہ ان میں سے اور وہ جھوٹی بات پر جان بوجھ کر قسمیں کھاتے ہیں۔

اللہ نے ان کے لئے سخت عذاب تیار کر رکھا ہے۔ ان کے اعمال نہایت برے ہیں۔

انہوں نے اپنی قسموں کو ڈھال[1] بنایا ہوا ہے اور وہ اللہ کے رستہ سے (ان قسموں کے ذریعہ سے) روکتے ہیں۔ پس ان کو رسوا کن عذاب ملے گا۔

[1] یعنی قسم کھاتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ اب ہماری بات پر ایمان لے آنا چاہیے حالانکہ اللہ تعالیٰ نے قسم اور گواہی الگ الگ امور کے لئے مقرر کی ہوئی ہے۔

نہ ان کے مال اور نہ ان کی اولاد اللہ کے مقابلہ میں کوئی نفع دے سکیں گے۔ یہ لوگ دوزخی ہیں، وہ اس میں رہتے چلے جائیں گے۔

جس دن اللہ ان سب کو جمع کرکے اٹھائے گا تو اس کے سامنے بھی اسی طرح قسمیں کھائیں گے جس طرح تمہارے سامنے قسمیں کھاتے ہیں اور خیال کریں گے کہ وہ بڑے پختہ (اور معقول) اصول پر ہیں۔ سنو! یہ لوگ (باوجود اپنی قسموں کے) جھوٹے ہیں۔

شیطان ان پر غالب آگیا ہے اور اس نے اللہ کا ذکر ان کو بھلا دیا ہے۔ یہ لوگ شیطان کا گروہ ہیں اور سن رکھو کہ شیطان کا گروہ آخر گھاٹا پانے والا ہے۔

یقیناً جو لوگ اللہ اور اس کے رسول کی مخالفت کرتے ہیں۔ وہ سخت ذلیل لوگوں میں شمار ہونگے۔

اللہ نے فیصلہ کر چھوڑا ہے کہ میں اور میرے رسول غالب آئیں گے۔ اللہ یقیناً طاقتور (اور) غالب ہے۔

تو ایسی قوم نہ پائے گا، جو اللہ اور یوم آخر پر بھی ایمان لاتی ہو اور اللہ اور اس کے رسول کی شدید مخالفت کرنے والے سے بھی محبت رکھتی ہو خواہ ایسے لوگ ان کے باپ ہوں یا بیٹے ہوں یا بھائی ہوں یا ان کے خاندان میں سے ہوں۔ یہی (مومن) ہیں جن کے دلوں میں اللہ نے ایمان نقش کر دیا ہے اور اپنی طرف سے کلام بھیج کر ان کی مدد کی ہے اور وہ ان کو ایسی جنتوں میں داخل کرے گا جن کے نیچے نہریں بہتی ہوں گی وہ ان میں رہتے چلے جائیں گے اللہ ان سے راضی ہو گیا اور وہ اللہ سے راضی ہو گئے۔ وہ اللہ کا گروہ ہیں (اور) سن رکھو کہ اللہ کا گروہ ہی کامیاب ہوا کرتا ہے۔

آج 10 میں سے 10 باقی