۵۹۔ سورۃ الحشر
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
آسمانوں اور زمین میں جو کچھ ہے اللہ کی تسبیح کر رہا ہے اور وہ (اللہ) غالب (اور) حکمت والا ہے۔
وہ (خدا) ہی ہے جس نے اہل کتاب کافروں کو پہلی [1]جنگ کے موقعہ پر ان کے گھروں سے نکالا اور تم خیال نہیں کرتے تھے کہ وہ نکلیں گے اور وہ خیال کرتے تھے کہ ان کے قلعے اللہ کے مقابلہ میں ان کو بچالیں گے اور اللہ ان کے پاس اُدھر[2] سے آیا جدھر سے ان کو گمان تک نہ تھا۔ اور ان کے دلوں میں اس نے رُعب ڈالا دیا۔ وہ اپنے گھروں کو (کچھ تو) اپنے ہاتھوں اور (کچھ) مومنوں کے ہاتھوں سے خراب کر رہے تھے۔ پس اے سمجھ بوجھ رکھنے والے لوگو! عبرت حاصل کرو۔
[1] اس سے مراد وہ جنگ ہے جو یہودی قبیلہ بنو نُضَیر سے مسلمانوں کی ہوئی (فتح البیان جلد۹ ص۲۶۳)
[2] قرآن کریم سے ثابت ہے کہ اللہ اور اس کے فرشتوں کے آنے سے بعض جگہ عذاب مراد ہوتا ہے۔ یہاں بھی وہی محاورہ استعمال کیا گیا ہے۔
اور اگر اللہ نے ان پر جلا وطنی[3] فرض نہ کر رکھی ہوتی تو ان کو اس دنیا میں بھی عذاب دیتا اور آخرت میں ان کے لئے دوزخ کا عذاب مقرر ہے۔
[3] بائبل میں ذکر ہے کہ یہود ایک موقعہ پر جلا وطن بھی کیے جائیں گے۔ (یسعیاہ باب۲۳ آیت۱۷۔ ۱۸)
یہ سب کچھ اس لئے ہوا کہ انہوں نے اللہ اور اس کے رسول سے اختلاف کیا اور جو اللہ سے اختلاف کرتا ہے وہ یاد رکھے کہ اللہ کا عذاب یقیناً سخت ہے۔
تم نے کوئی جڑ کھجور [1]کے درخت کی نہیں کاٹی یا اس کو اپنی جڑوں پر کھڑا نہیں چھوڑا۔ مگر یہ اللہ کے حکم سے تھا اور اس لئے تھا کہ نافرمانوں کو رسوا کیا جائے۔
[1] اس آیت میں بھی بنو نُضَیْر کی جنگ کا ذکر ہے۔ جن کی کھجوریں کاٹنے کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا تھا۔ (بخاری و مسلم بروایت حضرت عبداللہ بن عمرؓ)
اور جو کچھ اللہ نے ان (برگشتہ [2]لوگوں) کا مال اپنے رسول کو دیا (تم کو معلوم ہی ہے کہ) تم نے اپنے گھوڑے اور اونٹ اس مال کے حصول کے لئے نہیں دوڑائے تھے۔ لیکن اللہ اپنے رسولوں کو جس کا چاہتا ہے مالک بنا دیتا ہے اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔
[2] یہ واقعہ بھی بنو نُضَیْر کا ہے جنہوں نے پہلے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے غدّاری کی مگر جب جنگ ہوئی تو ڈر گئے اور اس شرط پر صُلح کی کہ مدینہ چھوڑ کر بھاگ جائیں گے (فتح البیان جلد۹ ص۲۶۴)
بستیوں[3] کے لوگوں کا جو مال اللہ نے اپنے رسول کو عطا فرمایا وہ اللہ کا (ہے) اور رسول کا (ہے) اور قرابت داروں کا (ہے) اور یتیموں کا (ہے) اور مسکینوں کا (ہے) اور مسافروں کا ہے۔ تا وہ مال تم میں سے مالداروں[4] کے اندر چکر نہ کھاتا پھرے اور رسول جو کچھ تم کو دے اس کو لے لو اور جس سے منع کرے اس سے رک جاؤ اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ اللہ کا عذاب یقیناً بہت سخت ہوتا ہے۔
[3] یعنی خیبر کا۔ جو چھوٹی چھوٹی بستیوں میں تقسیم تھا۔
[4] یعنی وہ مال رسول کو اس لئے دیا ہے کہ غرباء میں تقسیم ہو۔ نہ اس لئے کہ مالداروں کے پاس جائے اور ان کے مال کو بڑھائے۔ اس حکم سے ظاہر ہے کہ خیبر کی زمینیں اور باغات گو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے خاندان کو ملے مگر اصل غرض یہ تھی کہ مستحق مسلمانوں میں تقسیم ہوں۔ اور شیعوں کا اس سے رد کیا گیا ہے۔ جو باغِ فدک کا جھگڑا آج تک اٹھاتے ہیں۔ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس خیبر کے باغات عارضی طور پر تھے کہ تا آپ کا خاندان اس سے گذارہ کرے نہ کہ دائمی وراثت کے طور پر۔ پس حضرت ابوبکرؓ کا فیصلہ درست تھا اور شیعوں کا اعتراض غلط ہے۔
یہ (مال علاوہ اوپر کے لوگوں کے) مہاجر غریبوں کا حق ہے جن کو ان کے گھروں اور مالوں سے (بے دخل کرکے) نکال دیا گیا تھا۔ وہ اللہ کا فضل اور اس کی رضا چاہتے ہیں اور (ہمیشہ) اللہ (کے دین) کی اور اس کے رسول کی مدد کرتے رہتے ہیں۔ وہی لوگ (ایمان میں) سچے ہیں۔
اور (اسی طرح وہ مال ان لوگوں کے لئے بھی ہے) جو مدینہ میں پہلے سے رہتے تھے اور (مہاجرین کے آنے سے پہلے) ایمان قبول کر چکے تھے اور ان سے محبت کرتے تھے جو ان کی طرف ہجرت کرکے آئے اور اپنے دلوں میں اس (مال) کی کوئی خواہش نہیں رکھتے تھے جو ان کو دیا گیا تھا اور وہ باوجود اس کے کہ خود غریب تھے مہاجرین کو اپنے نفسوں پر ترجیح دیتے تھے، اور جن لوگوں کو اپنے نفس کے بخل سے محفوظ رکھا جائے ایسے تمام لوگ بامراد ہونے والے ہیں۔
اور جو لوگ[1] ان کے زمانہ کے بعد آئے وہ کہتے ہیں۔ کہ اے ہمارے رب! ہم کو اور ہمارے ان بھائیوں کو بخش دے جو ہم سے پہلے ایمان لاچکے ہیں اور ہمارے دلوں میں مومنوں کا کینہ نہ پیدا ہونے دے۔ اے ہمارے رب تو بہت مہربان (اور) بے انتہا کرم کرنے والا ہے۔
[1] یہ آیت بھی ان لوگوں کا جو صحابہؓ کو بُرا کہتے ہیں ردّ کرتی ہے، کیونکہ یہ آیت بتاتی ہے کہ مومن کی علامت یہ ہے کہ وہ اپنے سے پہلے ایمان لانے والوں کا نام عزت سے لے اور ان کے لئے دعائیں کرے۔ لیکن بعض لوگ حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ اور دوسرے صحابہؓ کو گالیاں دیتے ہیں بلکہ ان پر لعنتیں ڈالتے ہیں حالانکہ قرآن مجید سکھاتا ہے کہ مومنوں کو اپنے پہلے بھائیوں کے لئے دعائیں کرنی چاہئیں اور خداتعالیٰ سے دعا کرنی چاہیے کہ مومنوں کے دلوں میں پہلے گذرے ہوئے لوگوں کی نسبت کسی قسم کا بغض اور کینہ پیدا نہ ہو۔ اور پھر آگے اسی آیت میں فرماتا ہے کہ اے ہمارے رب! تو بڑا مہربان اور رحم کرنے والا ہے۔ یعنی جس کو یہ حالت نصیب ہو اسے سمجھ لینا چاہیے کہ خداتعالیٰ اس پر بڑا مہربان اور رحم کرنے والا ہے۔ لیکن جسے صحابہؓ کے متعلق یہ حالت نصیب نہ ہو، اسے سمجھ لینا چاہیے کہ وہ خداتعالیٰ کی رحمت اور رأفت سے محروم ہے اور اس کے غضب کے نیچے ہے۔
کیا تو نے ان منافقوں کو نہیں دیکھا، جو اہل کتاب میں سے اپنے کافر بھائیوں کو کہتے ہیں کہ اگر تم کو (مدینہ سے) نکالا گیا۔ تو ہم تمہارے ساتھ ہی نکل جائیں گے۔ اور تمہارے خلاف کبھی کسی کی بات نہیں مانیں گے، اور اگر تم سے جنگ کی گئی تو ہم تمہاری مدد کریں گے اور اللہ گواہی دیتا ہے کہ وہ جھوٹے ہیں۔