۵۹۔ سورۃ الحشر

تفسیر صغیر, حصہ 2

اگر ان (اہل کتاب) کو نکال دیا گیا۔ تو یہ (منافق) ان کے ساتھ کبھی نہیں نکلیں گے اور اگر ان (اہل کتاب) سے جنگ کی گئی تو یہ (منافق) ان کی کبھی مدد نہیں کریں گے۔ اور اگر مدد کی بھی تو (ایسے جھوٹے دل سے کریں گے کہ) جنگ ہوتے ہی پیٹھ پھیر کر بھاگ جائیں گے۔ اور (انہوں نے ان کی مدد تو کیا کرنی ہے خطرہ کے موقعہ پر) ان کی اپنی مدد کرنے والا کوئی نہیں ہوگا۔

(۔ اے مومنو)! تمہارا ڈر ان (منافقوں) کے دل میں اللہ سے بھی زیادہ ہے یہ بات اس لئے ہے کہ وہ ایک ایسا گروہ ہے جو سمجھ سے عاری ہے۔

وہ کبھی تم سے جنگ نہیں کریں گے سوائے اس کے کہ مضبوط فصیلوں والے گاؤں میں دیواروں کے پیچھے بیٹھے ہوں، ان کی لڑائی آپس میں بڑی سخت ہوتی ہے تو ان کو ایک قوم خیال کرتا ہے لیکن ان کے دل پھٹے ہوئے ہوتے ہیں۔ یہ اس لئے ہے کہ وہ ایسی قوم ہیں جو عقل نہیں رکھتی۔

ان کا حال ان (قوموں) کی طرح ہے جو ان سے پہلے قریب زمانہ میں گذر چکی ہیں انہوں نے اپنے کاموں کا انجام دیکھ لیا اور ان کو دردناک عذاب پہنچا۔

(۔ نیز) ان (منافقوں) کی حالت شیطان کے ساتھ ملتی ہے جبکہ وہ انسان سے تو یہ کہہ دیتا ہے کہ کفر کر۔ لیکن جب وہ کفر کر بیٹھتا ہے تو (شیطان) اس سے کہتا ہے میں تجھ سے بری ہوں میں اللہ سے ڈرتا ہوں جو سب جہانوں کا رب ہے۔

سو ان دونوں کا انجام یہ ہوتا ہے کہ وہ دونوں ہی جہنم میں جا پڑتے ہیں اور اسی میں رہتے چلے جائیں گے اور ظالموں کا بدلہ ایسا ہی ہوتا ہے۔

اے مومنو! اللہ کا تقویٰ اختیار کرو، اور چاہیے کہ ہر جان اس بات پر نظر رکھے کہ اس نے کل کے لئے آگے کیا بھیجا ہے اور تم سب اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ اللہ تمہارے اعمال سے خوب باخبر ہے۔

اور ان لوگوں کی طرح نہ بنو، جنہوں نے اللہ کو بھلا[1] دیا سو اللہ نے بھی ان کو اپنی جانوں کا فائدہ بھلا دیا یہ لوگ اطاعت سے باہر نکلنے والے ہیں۔

[1] یعنی خداتعالیٰ کو بھولنے کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ انسان ایسے کاموں میں مبتلا ہو جاتا ہے جو خود اس کی جان کے لئے بھی وبال بن جاتے ہیں۔

دوزخی اور جنتی برابر نہیں ہو سکتے۔ جنتی لوگ ہی کامیاب ہیں۔

اگر یہ قرآن ہم کسی پہاڑ[2] پر نازل کرتے تو تو اسے دیکھتا کہ وہ (ادب سے) جھک جاتا اور اللہ کے ڈر سے ٹکڑے ٹکڑے ہو جاتا۔ اور یہ باتیں جو ہم (تجھ سے) کہتے ہیں یہ سب انسانوں کے لئے ہیں تا کہ وہ سوچیں۔

[2] اس آیت میں جو پہاڑ کا لفظ آتا ہے، اس سے مراد درحقیقت ایسے لوگ ہیں جو اپنی قوم میں پہاڑ کی حیثیت رکھتے ہیں۔ پس پہاڑ سے مراد پتھروں کے پہاڑ نہیں۔ بلکہ فرماتا ہے کہ قرآن کریم کے اندر جو خشیۃ اللہ کی تعلیم ہے اگر یہ ایک بڑی سے بڑی وجاہت والے آدمی پر بھی نازل ہوتی تو وہ شخص بھی خداتعالیٰ کے سامنے ٹکڑے ہو کر گر جاتا۔

اللہ ہی ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ وہ غائب اور حاضر کو جانتا ہے وہی بے انتہا کرم کرنے والا (خدا) ہے (اور وہی) باربار رحم کرنے والا (خدا) ہے۔

(۔ حق یہ ہے کہ) اللہ وہ ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں، وہ بادشاہ ہے، (خود) پاک ہے (اور دوسروں کو پاک کرتا ہے، خود) ہر عیب سے سلامت ہے (اور دوسروں کو سلامت رکھتا ہے) سب کو امن دینے والا ہے، اور سب کا نگران ہے غالب ہے اور سب ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑتا ہے۔ بڑی شان والا ہے۔ جن چیزوں کو یہ لوگ اس کا شریک قرار دیتے ہیں ان سے اللہ پاک ہے۔

·

آج 10 میں سے 10 باقی