۶۰۔ سورۃ الممتحنة
تفسیر صغیر
(مَیں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) باربار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں)۔
اے مومنو! میرے اور اپنے دشمنوں کو گہرا دوست نہ بنایا کرو۔ تم تو ان کی طرف محبت کے پیغام بھیجتے ہو، حالانکہ وہ اس حق کے منکر ہیں جو تمہاری طرف آیا ہے وہ تم کو بھی اور رسول کو بھی صرف اس لئے کہ تم سب اللہ پر جو تمہارا رب ہے، ایمان لائے ہو لڑنے کے لئے (گھروں[1] سے) نکالتے ہیں۔ اگر تم میرے رستہ میں کوشش کرنے، اور میری رضا جوئی کے لئے نکلو، تو تم میں سے بعض چوری چوری ان کی طرف محبت[2] کا پیغام بھیجتے ہیں اور میں خوب جانتا ہوں اس کو جو تم چھپاتے ہو اور جو ظاہر کرتے ہو۔ اور جو کوئی تم میں سے ایسا کام کرے وہ سمجھ لے کہ وہ سیدھے رستہ سے بھٹک گیا۔
[1] یعنی حملہ میں پہل کرتے ہیں جس کی وجہ سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہؓ کو بھی گھروں سے باہر نکلنا پڑتا ہے۔
[2] بعض مسلمانوں کی طرف اشارہ ہے جنہوں نے اس یقین سے کہ بہرحال فتح مسلمانوں کی ہوگی، اپنے مکّہ میں چھوڑے ہوئے رشتہ داروں کو بچانے کے لئے مکّہ پر حملہ آور مسلمان لشکر کی خبر پہلے سے کفار مکہ کو بھجوا دی تھی مگر خداتعالیٰ نے وحی سے اس کی خبر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو دے دی اور مخبر پکڑا گیا (صحیح بخاری کتاب المغازی باب غزوة الفتح وَ ما بعث بِہٖ حَاطِبُ بنُ اٴبِیْ بَلْتَعۃَ۔۔۔)
اگر وہ تم پر قابو پالیں تو تم جان لو گے کہ وہ تمہارے دشمن ہیں اور تمہاری تباہی کے لئے اپنے ہاتھ اور زبانیں چلا چلا کر کوشش کر رہے ہیں اور ان کی خواہش یہ رہتی ہے کہ تم کافر ہو جاؤ۔
تم کو نہ تو تمہارے رحمی رشتے اور نہ اولادیں قیامت کے دن نفع پہنچا سکتی ہیں۔ اس دن خدا ہی فیصلہ کرے گا اور اللہ تمہارے اعمال کو اچھی طرح دیکھ رہا ہے۔
ابراہیم اور اس کے ساتھیوں میں تمہارے لئے ایک اچھا نمونہ موجود ہے جبکہ انہوں نے اپنی قوم سے کہا کہ ہم تم سے اور اللہ کے سوا تمہارے معبودوں سے کلی طور پر بیزار ہیں۔ ہم تمہاری باتوں کا انکار کرتے ہیں اور ہمارے اور تمہارے درمیان عداوت اور بغض اس وقت تک کے لئے ظاہر ہو گیا ہے کہ تم خدا پر ایمان لاؤ۔ ہاں ہم ابراہیم کے وعدہ کو جو اس نے اپنے باپ سے کیا تھا مستثنی کرتے ہیں، وہ یہ تھا کہ میں تیرے لئے استغفار [1]کروں گا۔ لیکن اللہ کے مقابلہ میں تیری کسی قسم کی مدد پر میں قادر نہیں، (اور ابراہیم نے یہ بھی کہا کہ) اے ہمارے رب! ہم تجھ پر توکل کرتے ہیں اور تیری طرف جھکتے ہیں اور تیری طرف ہی ہم کو لوٹ کر جانا ہے۔
[1] قرآن کریم میں دوسری جگہ آتا ہے کہ منافقوں کے لئے بھی استغفار نہ کرو۔ یہ اس کے اُلٹ نہیں۔ کیونکہ اس آیت سے صرف یہ نکلتا ہے کہ ابراہیمؑ کے چچا جن کا یہاں ذکر ہے منافق نہ تھے۔ بلکہ مذہب کے بارہ میں فریب خوردہ تھے۔ پس چونکہ نیک نیتی سے شرک کرتے تھے ان کے لئے استغفار جائز تھا۔ لیکن سورۃ توبہ کی آیت۱۱۴ سے پتہ لگتا ہے کہ ایک وقت ایسا آیا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام کو پتہ لگ گیا کہ ان کا چچا دُبدھا میں نہیں بلکہ سچے مذہب کا واقعی دشمن ہے تب انہوں نے اس سے براءت ظاہر کردی۔
اے ہمارے رب! ہمیں کافروں کے لئے ٹھوکر کا موجب نہ بنا، اور ہمارا قصور معاف کر۔ اے ہمارے رب! تو بہت غالب (اور) حکمت والا ہے۔
ان لوگوں میں تمہارے لئے ایک بڑا اچھا نمونہ ہے یعنی ہر اس شخص کے لئے جو اللہ اور یوم آخر کو دیکھنے کی امید رکھتا ہے اور جو کوئی پیٹھ پھیر لے وہ یاد رکھے کہ اللہ بالکل بے نیاز ہے (اور) بڑی تعریفوں کا مستحق ہے۔
قریب ہے کہ اللہ تمہارے اور ان لوگوں کے درمیان جو کافروں میں سے تمہارے دشمن ہیں محبت پیدا کر دے اور اللہ اس پر قادر ہے اور اللہ بڑا بخشنے والا (اور) بے انتہا رحم کرنے والا ہے۔
اللہ تم کو ان لوگوں سے نیکی کرنے اور عدل کا معاملہ کرنے سے نہیں روکتا جو تم سے دینی اختلاف کی وجہ سے نہیں لڑے اور جنہوں نے تم کو تمہارے گھروں سے نہیں نکالا۔ اللہ انصاف کرنے والوں کو پسند کرتا ہے۔
اللہ تم کو صرف ان لوگوں سے (دوستی کرنے سے) روکتا ہے جنہوں نے تم سے دینی اختلاف کی وجہ سے جنگ کی اور جنہوں نے تم کو گھروں سے نکالا یا تمہارے نکالنے پر تمہارے دوسرے دشمنوں کی مدد کی اور جو لوگ بھی ایسے لوگوں سے دوستی کریں وہ ظالم ہیں۔
اے مومنو! جب تمہارے پاس مومن عورتیں ہجرت کرکے آئیں، تو ان کو اچھی طرح آزما لیا کرو۔ اللہ ان کے ایمان کو خوب جانتا ہے لیکن اگر تم بھی جان لو کہ وہ مومن عورتیں ہیں تو ان کو کافروں کی طرف مت لوٹاؤ۔ نہ وہ ان (کافروں) کے لئے جائز ہیں اور نہ وہ (کافر) ان (عورتوں) کے لئے جائز ہیں اور چاہیے کہ کفار نے جو ان (عورتوں کے نکاح) پر خرچ کیا ہو وہ ان کو واپس کر دو۔ اور (جب تم ان عورتوں کو کفار سے فارغ کروالو تو) ان کے معاوضے (یعنی مہر) ادا کرنے کی صورت میں اگر تم ان سے شادی کر لو تو تم پر کوئی اعتراض نہیں۔ اور کافر عورتوں کے ننگ و ناموس کو قبضہ میں نہ رکھو اور جو کچھ تم نے ان پر خرچ کیا ہے (اگر وہ بھاگ کر کفار کی طرف چلی جائیں تو) کفار سے مانگو[1]۔ اور (اگر کفار کی بیویاں مسلمان ہو کر مسلمانوں سے آملیں تو) جو کچھ انہوں نے (اپنے نکاحوں پر) خرچ کیا ہے مسلمانوں سے مانگیں[2]۔ یہ تمہیں اللہ کا ارشاد ہے۔ وہ تمہارے درمیان فیصلہ کرتا ہے اور اللہ جاننے والا (اور) حکمت والا ہے۔
[1] یعنی حکومتی لیول پر کفار سے اس خرچ کا مطالبہ کرو۔
[2] یعنی کفار بھی ایسی عورتوں کا خرچ حکومتی لیول پر مسلمانوں سے طلب کریں گویا دونوں آیتوں میں اس قسم کے حقوق کو حکومتی حقوق تسلیم کر لیا ہے۔
اور اگر تمہاری بیویوں میں سے کوئی بھاگ کر کافروں کے پاس چلی جائے اور اس کے بعد تمہارے ہاتھ میں بھی کوئی کافر عورت (جنگی قیدی کے طور پر) آئے تو تم ان لوگوں کو جن کی بیویاں بھاگ کر کافروں سے جا ملی ہیں ان کے اصل خرچ کے برابر جو انہوں نے اپنے نکاحوں پر کیا تھا ادا کر دو[2] اور اللہ کا تقویٰ اختیار کرو۔ جس پر تم ایمان لاتے ہو۔
[2] یعنی جو مسلمان اپنی بیویوں کے فرار یا جنگی قیدی بن جانے کی وجہ سے نقصان اٹھائیں حکومت اس کا بدلہ کافر جنگی قیدی کی صورت میں ادا نہ کرے بلکہ اپنی طرف سے مالی نقصان کا معاوضہ ادا کرے تا عورت کی جو عزت اسلام قائم کرنا چاہتا ہے اس کو ٹھیس نہ لگے۔