۶۰۔ سورۃ الممتحنة
تفسیر صغیر, حصہ 2
اے نبی! جب تیرے پاس عورتیں مسلمان ہو کر آئیں اور بیعت کرنے کی خواہش کریں، اس شرط پر کہ وہ اللہ کا شریک کسی کو نہیں قرار دیں گی اور نہ ہی چوری کریں گی اور نہ ہی زنا کریں گی۔ اور نہ ہی اولاد کو قتل کریں گی اور نہ ہی کوئی جھوٹا بہتان کسی پر باندھیں گی۔ اور نیک باتوں میں تیری نافرمانی نہیں کریں گی۔ تو ان کی بیعت لے لیا کر، اور ان کے لئے استغفار کیا کر۔ اللہ بہت بخشنے والا (اور) بے حد رحم کرنے والا ہے۔
اے مومنو! کسی ایسی قوم سے دوستی نہ کرو، جس پر خدا ناراض[3] ہے۔ وہ لوگ اخروی زندگی سے ایسے مایوس ہو گئے ہیں جس طرح کافر قبروں میں پڑے ہوئے لوگوں سے مایوس ہو گئے ہیں۔
[3] مراد یہ ہے کہ جن لوگوں پر خداتعالیٰ ناراض نہیں ہوتا وہ اپنی دشمنی میں حد سے نہیں بڑھتے۔ لیکن جن پر خداتعالیٰ ناراض ہوتا ہے وہ اپنی دشمنی میں حد سے بڑھ جاتے ہیں اور اس وجہ سے ان سے تعلق رکھنا ناجائز ہو جاتا ہے۔